All posts by Khabrain News

جھنگ میں انتخابی میدان جنگ کے میدان میں تبدیل

جھنگ : (ویب ڈیسک) جھنگ میں انتخابی میدان جنگ کے میدان میں تبدیل ہوگیا۔
پنجاب کے ضمنی الیکشنز کے دوران لڑائی ، خون خرابے اور تشدد کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں ۔پی پی 125 جھنگ میں پولنگ اسٹیشن پر دو گروپوں میں تصادم ہوا۔
اٹھارہ ہزاری میں مخالف امیدواروں کے حمایتیوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈے برسادیے۔ ڈنڈوں کے وار سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ مخالفین نےلاتوں اور مکوں کا بھی استمعال کیا گیا۔
صوبے کے 14 اضلاع کے ضمنی انتخابات میں 175 امیدوار آمنے سامنے ہیں۔ 20 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 ہے جن کیلئے 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے لیے راولپنڈی کے حلقے پی پی 7، خوشاب میں پی پی 83، پی پی 90 بھکر 2، پی پی 97 فیصل آباد 1، پی پی 125 جھنگ، پی پی 127 جھنگ 4 ، پی پی 140 شیخوپورہ کی نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
اس کے علاوہ لاہور کے حلقوں پی پی 158، پی پی 167، پی پی 168 اور پی پی 170 پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 202 ساہیوال، پی پی 217 ملتان، پی پی 224 لودھراں ون اور پی پی 228 لودھراں 5، پی پی 237 بہاولنگر، پی پی 272 مظفر گڑھ 5، پی پی 273 مظفر گڑھ 6، پی پی 282 لیہ اور پی پی 288 ڈیرہ غازی خان میں بھی ضمنی انتخاب کا میدان سج گیا ہے۔

ٹرن آوٹ ظاہر کرتا ہے حقیقی آزادی کیلئے لوگ باہر آئے ہیں، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ کل حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ آخری دن ہو گا۔ ٹرن آؤٹ ظاہر کرتا ہے حقیقی آزادی کے لیے لوگ باہر آئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ انتہائی اچھے ماحول میں جاری ہے تاہم چھوٹی موٹی شکایات ہیں لیکن بظاہر ماحول خوشگوار ہے اور موسم بھی ابھی تک ساتھ دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا ووٹ ہے فوراً پولنگ پر پہنچیں اور فرض ادا کریں۔ پنجاب میں عام انتخابات جیسا ماحول ہے اور پنجاب اسمبلی سے استعفے بھی آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کل حمزہ شہباز کا بطور وزیر اعلیٰ آخری دن ہو گا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ٹرن آوٹ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ حقیقی آزادی کے لیے باہر آئے ہیں اور تحریک انصاف امن و امان کے ساتھ ووٹنگ چاہتی ہے۔ قوم نے ووٹ سے انقلاب کا راستہ اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمشید چیمہ سمیت دیگر رہنماؤں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔ جتنے گرفتار کریں، جتنا زور لگانا چاہیں لگائیں لیکن کامیابی پی ٹی آئی کی ہو گی۔

یورپ میں شدید گرمی، درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈتک جا پہنچا

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ سمیت یورپی ممالک شدیدگرمی کی لپیٹ میں آگئے۔ یورپ کے بعض ممالک میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
برطانیہ، فرانس، پرتگال اور اسپین سمیت یورپی ممالک طویل ترین اور شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہیں۔ یورپ میں شہریوں کو آگ اگلتے سورج ،جنگلات میں آتشزدگی، خشک سالی اور شدید پیاس کا سامنا ہے۔
یورپ کے بعض ممالک میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ برطانیہ میں پیر اور منگل کو درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب فرانس، پرتگال اور اسپین کے جنگلات میں شدید گرمی کے باعث آگ بھڑک اٹھی، پرتگال میں جنگلات کا 75ہزار ایکڑ اور فرانس میں 22 ہزار ایکڑ حصہ آگ کی لپیٹ میں آگیا۔
اسپین کو اس وقت شدید گرمی کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ یہ لہر 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت کے ساتھ کئی دن بلکہ ایک ہفتے تک بھی جاری رہ سکتی ہے۔ شدید گرمی کی ایسی پہلی طویل لہر گزشتہ ماہ جون میں آئی تھی۔

ضمنی انتخابات کے دوران خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کا حق رائے دہی کا بھرپوراستعمال

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے بیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ تمام حلقوں میں خواتین اور بزرگوں نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
ووٹ کاسٹ کرنا میرا قومی فرض ، پنجاب کے بیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران چند نہ بھولنے والے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ مختلف پولنگ سٹیشنز پر لوگوں کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرنے پہنچی جہاں نوجوانوں نے حق رائے دہی استعمال کیا وہیں بزرگ شہری بھی پیچھے نہ رہے۔
کوئی بزرگ وہیل چیئر پر ووٹ ڈالنے پہنچا تو کسی کو پولنگ سٹیشن
پہنچنے کیلئے سہارا تلاش کرنا پڑا۔ مگر جذبہ ہو تو ایسا ہو قومی فرض کی ادائیگی ضروری ہے ، اسی سوچ کے ساتھ چلنے کی صلاحیت نہ ہونے کے باوجود بزرگ ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے۔

پنجاب حکومت کا پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ پنجاب عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماوں جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیاہے۔
پی پی 158 میں جھگڑے سے متعلق بیان میں وزیر داخلہ عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ لاہورمیں جھگڑے کا فوری نوٹس لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس نے تشدد کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے کارکن کا سر پھاڑدیا۔ انہوں نے کہا کہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پی پی 158 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار احسن شرافت پر امن رہے، کسی کو امن عامہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ حلقہ پی پی 158 میں ووٹ کاسٹ کرنے کے دوران لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی وجہ تنازع دھرم پورہ پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے روکنا بتایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا تھا کہ انہیں پولنگ سٹیشن کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے۔

پی پی 158 پر ہنگامہ، متعدد زخمی،گرفتاریوں کا حکم، الیکشن کمیشن کا نوٹس

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضمنی انتخاب کے دوران پی پی 158 کی نشست پر ہنگامہ آرائی میں مختلف سیاسی کارکنان زخمی ہو گئے۔ وزیر داخلہ نے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 158 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 35 کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔
رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے پولنگ اسٹیشن پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔
الیکشن کمیشن نے پی پی 158 میں کارکنوں کے جھگڑے کا نوٹس لے لیا جبکہ وزیر داخلہ پنجاب نے جمشید اقبال چیمہ اور سعید مہیس کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔
وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے کہا کہ پی پی 158 میں جھگڑے کا فوری نوٹس لے لیا گیا ہے اور کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ جمشید چیمہ اور سعید مہیس نے تشدد کر کے لیگی کارکن کا سر پھاڑ دیا جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار احسن شرافت پر امن رہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

گال: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ میں بابر اعظم نے بلے بازی کرتے ہوئے بہترین طریقے سے 10 ہزار رنز مکمل کیے۔ بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 10 ہزار رنز کرنے کے لیے تقریبا 228 اننگی کھیلیں جبکہ اس سے قبل جاوید میانداد نے یہی سنگ میل عبور کرنے کے لیے 240 سے زائد اننگز کا سہارا لیا تھا۔ بابر اعظم نے جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

ضمنی انتخاب، اسلحہ کی نمائش پر 6 ماہ قید بھگتنا ہو گی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ضمنی الیکشن کے دوران اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پنجاب میں ضمنی انتخاب کےدوران اسلحہ کی نمائش پرچھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ محکمہ داخلہ نے خبردار کرتے ہوئے حکم نامہ جاری کردیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اسلحہ کی نمائش پراٹھارہ جولائی تک پابندی عائد ہے۔فائرنگ کرنے پر 4 اگست تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوری ہیلپ لائن پر دیں۔

پنجاب کنٹرول روم میں 6 شکایات موصول ،3 کو حل کر لیا گیا، ترجمان الیکشن کمیشن

لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کنٹرول روم میں 6 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 3 شکایات کو فوری حل کر لیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دیگر شکایات پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز اور کارکنان کے درمیان لڑائی جھگڑے سے متعلق ہیں، حکام معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ضمنی الیکشن کے دوران امن و امان کا جائزہ لینے کیلئے چیف الیکشن کمشنر نے مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد کا دورہ کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ پولنگ میں مداخلت کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے، ووٹ کاسٹ کرنے سے جمہوریت مضبوط، ملک مزید مستحکم ہو گا۔

کسی نے غنڈہ گردی، بدمعاشی کی تو سختی سے نمٹیں گے، عطا تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کسی نے غنڈہ گردی یا بدمعاشی کرنے کی حماقت کی تو سختی سے نمٹیں گے۔
پنجاب کے وزیر داخلہ عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران اینڈ کمپنی عوام کے فیصلے کو تسلیم کرے اور عوام کے فیصلے کو بدلنے کے لیے غیر قانونی ہتھکنڈوں سے باز رہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے جبکہ سیاسی مخالفین بھی ووٹ کو عزت دیں اور دھاندلی سے دور رہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے او کسی نے غنڈہ گردی یا بدمعاشی کرنے کی حماقت کی تو سختی سے نمٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شرانگیزی، فساد اور غنڈہ گردی نہیں ہونے دیں گے اور کے علاوہ انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیں گے۔