All posts by Khabrain News

افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا زیادہ ضروری ہے: اعلامیہ ایپکس کمیٹی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف شریک ہوئے۔
ایپکس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت ، میڈیکل، آئی ٹی، فنانس اور اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں مدد کریں۔
ایپکس کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی ضرورت کے وقت افغانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، عالمی برادری اور امدادی ادارے افغانستان کو امداد فراہم کریں تاکہ افغانستان کو قیمتی جانوں کے نقصان اور معاشی بحران سے بچایا جا سکے۔
اعلامیہ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

بنوں: دہشتگردوں کا جانی خیل فوجی چوکی پر حملہ، فائرنگ سے 1 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کی جانب سے فوجی چوکی پر حملہ کیا گیا اور فائرنگ سے ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے جانی خیل کے مقام پر فوج کی چوکی پر حملہ کیا ، دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے سپاہی سرفراز علی وطن پر قربان ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 26 سالہ سپاہی سرفراز علی کا تعلق وہاڑی سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 13 اور 14 جنوری کی رات فوجی چوکی پر حملہ کیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔

آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے مزید 5 مقدمات دائر

ینگون: (ویب ڈیسک) میانمار کی ملٹری کورٹ نے فوجی بغاوت کے بعد معزول کی گئیں حکمراں آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے مزید 5 مقدمات چلائے جائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نوبل انعام یافتہ 76 سالہ آنگ سان سوچی پر ایک درجن سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں مجموعی طور پر 100 سال سے زیادہ قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے نئے مقدمات تیار ہیں اور ہر مقدمے کی کم از کم سزا 15 برس ہے۔
ایک مقدمے میں انہیں اب تک مجموعی طور پر 6 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم وہ اپنے لگنے والے تمام الزامات سے انکار کرتی آئی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق آنگ سان سوچی کے خلاف مندرجہ ذیل مقدمات پہلے ہی درج کیے جاچکے ہیں میں عوام کو مشتعل کرنے کا الزام ہے۔ جب ان کی پارٹی نے فروری میں بین الاقوامی اداروں کو ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ فوجی حکومت کو تسلیم نہ کریں۔
علاوہ ازیں ان پر ستمبر 2020 میں پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران کورونا وائرس کے ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام بھی ہے۔
نئے پانچ مقدمات میں ایک بغیر لائسنس والی واکی ٹاکیز اور سگنل جیمرز کا ایک سیٹ رکھنا بھی ہے اور خفیہ معلومات کو حاصل، جمع، ریکارڈ، یا شائع کرنا یا ان تک پہنچانا جو دشمن کے لیے مفید ہو۔

کویت کی آئل ریفائنری میں آتشزدگی سے 2 ایشیائی ملازم جاں بحق

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی میں جمعے کے روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو ایشیائی ملازم جاں بحق ہوگئے۔
کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی (کے این پی سی) کی جانب سے جمعے کے روز واقعے سے متعلق بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ منال ال احمدی آئل ریفائنری پلانٹ پر ہونے والی آتشزدگی میں دو ایشیائی ملازمین جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے جن میں سے تین کو تشویشناک حالت میں ال عدن اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو ملازمین کو کمپنی کے اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کر کے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں ملازمین جائے وقوعہ پر اپنی معمول کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
کے این پی سی نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے بعد ایکسپورٹ آپریشن کو بند کردیا گیا ہے۔ آخری موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل جاری تھا۔
اس سے قبل مشینوں کی مرمت کے دوران بھی ریفائنری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 ملازم جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یہ ریفائنری یومیہ 25 ہزار بیرل تیل ریفائن کرتی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ کی طلب پوری کی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کا آغاز کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔
نئے سوشل میڈیا قوانین کے نفاذ کے بعد حکومت کو بڑی کامیابی مل گئی ، سنیک ویڈیو اور بیگو نے پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹریشن کرا لی ہے۔ پی ٹی اے نے سنیک ویڈیو اور بیگو کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیئے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق دونوں سوشل میڈیا کمپنیوں کو پی ٹی اے میں تقریب کے دوران سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، اتھارٹی کے ممبران اور اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔

یوٹیوب پر’بے بی شارک‘ دیکھنے والوں کی تعداد 10 ارب سے تجاویز

سیول: (ویب ڈیسک) خصوصاً بچوں کے ذہن میں سماجانے والی منفرد دُھن کا گانا ’بے بی شارک‘ نے تاریخ رقم کردی اور اب تک 10 ارب سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی صف اول کی ویڈیو بن چکی ہے۔
یوٹیوب پر ’بے بی شارک‘ کی ویڈیو اب تک 10 ارب سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔
جنوبی کوریا کی کمپنی ’پینگ فونگ‘ نے 2016 ویڈیو ریلیز کی تھی اور نومبر 2020 میں سے زیادہ دیکھے جانے والی ویڈیو کا تاج اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل لاطینی پاپ گانے ’ڈیسپاچیٹو‘ کو یہ اعزاز حاصل تھا اور یوٹیوب پر اسے 7 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا چکا ہے لیکن ’بے بی شارک‘ اور ’ڈیسپاچیوٹو‘ کے مابین 2 ارب ویوز کا فرق ہے۔
حیرت انگیز طور پر یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی تیزی ویڈیو بھی بچوں کا گانا ہے ’جانی جانی ایس پاپا‘ ہے اور اسے 6 ارب سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

حالیہ ہفتے 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، وفاقی ادارہ شماریات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حالیہ ہفتے میں 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد کی معمولی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی 19.82 فیصد برقرار ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران پیاز 14.65 فیصد، ماچس 1.14 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی 1.30 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ چکن 3.40 فیصد، انڈے2.99 اور ٹماٹر 1.26 فیصد، آلو 1.65 فیصد، چینی 0.17 فیصد اور آٹا 0.61 فیصد سستا ہوا۔
وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 13 جنوری 2022ء کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.43 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہگائی کی شرح 19.82 رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 20.89 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 19.04 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 17.93 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 17.72 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 20.10 فیصد رہی ہے۔
اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں سردیوں کے موسم میں آگ جلانے کی لکڑی، ماچس، چینی، گڑ، امٹن، بیف، دالوں اور پیاز سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں آلو، ٹماٹر، چینی، لہسن، ایل پی جی، انڈے، چکن اور آٹا شامل ہیں۔ البتہ 26 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

این سی او سی کی ہدایت پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کریں گے، مراد علی شاہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کووڈ کیسز بڑھنے کے باوجود صورتحال قابو میں ہے، صوبے میں لاک ڈاؤن لگانے کا منصوبہ نہیں بنارہے بلکہ این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کریں گے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں آصف رحمان سیمولیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووڈ کیسز تیزی سے پھیلنا شروع ہو گئے ہیں، یکم جنوری 2022ء کو ہمارے پاس 300 کیسز تھے اور 22 جنوری 2022ء کو 2289 کیسز سامنےآئے جس کا مطلب ہے کہ 12 دن کے اندر تقریباً 2000 کیسز میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اومی کرون ویریئنٹ نے بھی تیزی سے انفیکشن ظاہر کرنا شروع کر دیا ہے اور ہمارے پاس 331 کیس ہیں جن میں سے 3 کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگرچہ کوویڈ کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال قابو میں ہے، ہماری صحت کی سہولیات دباؤ میں نہیں ہیں، اس لیے ہم لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا منصوبہ نہیں بنا رہے، سندھ حکومت لاک ڈاؤن یا اسکولوں کو بند کرنے کے سلسلے میں این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔
دریں اثنا سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوگیا، کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2289 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2081 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، 172 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 28.8 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ماہرین صحت نے کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے شہریوں کو ویکسی نیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کا مشورہ دیا ہے۔

کراچی سے القاعدہ اور جنداللہ کا انتہائی مطلوب شدت پسند گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد سید کاشف علی شاہ عرف شاہین کو لائنز ایریا سے گرفتار کرلیا۔
ملزم کا تعلق القاعدہ اور جنداللہ سے ہے ، جس کی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا ، اس کا نام ریڈ بک کے نویں ایڈیشن میں بھی موجود ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گرفتار دہشت گرد سال 2004 میں کور کمانڈر کراچی پر حملے میں ملوث ملزمان کا ساتھی ہے ۔ وہ حملے کے بعد مختلف شہروں میں روپوش رہنے کے بعد کافی عرصے سے راولپنڈی میں روپوش تھا اور کراچی پہنچنے پر اسے گرفتار کرلیا گیا ۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ ، ایمونیشن اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں ، شبہ ہے کہ ملزم کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی آیا تھا اور سلیپر سیلز کو بھی فعال کرسکتا تھا ۔ملزم سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں

ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا الیکشن آخری ہوگا: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پھر پارلیمنٹ میں شکست ہوئی، ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا الیکشن آخری ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چودھری نے لکھا کہ انشااللہ 2023 کے انتخابات میں یہ چہرے پارلیمان سے مکمل باہر ہوں گے۔ ن لیگ کا اور زرداری گروپ کا 2023 کا انتخاب آخری ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے ٹویٹ میں شاکر شجاع آبادی کا شعر بھی لکھا۔
فواد چودھری کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری اعلان ہوا ہے سچ بولو، جھوٹ کا صرف ایک چہرہ عمران خان ہے ، عوام بے روزگاری اور مہنگائی کرنے والے چہرے پہچان چکے ہیں اور ‎عام انتخابات کا سال پی ٹی آئی کا آخری انتخاب ثابت ہوگا۔