All posts by Khabrain News

روس کے یوکرین پر میزائل حملے تیز، امریکا کا مزید اقدامات کا عندیہ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف سے پیچھے ہٹنے کے بعد روس نے یوکرین پر میزائل حملے تیز کر دیئے، امریکا نے روس کے خلاف مزید اقدامات کا عندیہ دے دیا، روس نے جنگی جرائم کے الزامات کو مسترد کردیا۔
روس نے یوکرین جنگ میں حکمت عملی تبدیل کر لی، دارالحکومت کیف کے شمال میں یوکرینی فورسز کی پوزیشنز پر گراڈ میزائل سے حملے کئے جن میں انفنٹری اورآرٹلری کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب روسی فورسز کے کیف سمیت زیادہ تر علاقوں سے پیچھے ہٹنے کے بعد تباہی کےمناظرسامنے آئے ہیں۔ سینکڑوں شہریوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد یوکرینی صدر نے روس کے خلاف نسل کشی کا الزام لگا دیا جبکہ ماسکونے ان الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
روس کی جانب سے یوکرین کےشہر میکالوف میں بھی متعد د میزائل حملے کیے گئے ہیں، بحیرہ اسود کےقریب یوکرینی ساحلی شہر اوڈیسہ میں فوجی اڈے پر حملے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
نیٹو چیف اسٹولٹن برگ نےمتنبہ کیا ہے کہ روس کی دارالحکومت کیف سے پسپائی حقیقی نہیں، یوکرین پر حملے جاری رہیں گے۔
دوسری جانب ترجمان روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد روس کے خلائی اور فضائی یونٹ نے اب تک یوکرین کے 125 طیارے، 88 ہیلی کاپٹر اور 383 ڈرون مار گرائے ہیں، ادھر روس اور یوکرین میں امن کے لیے مذاکرات جاری ہیں تاہم اب تک کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

لاس ویگاس میں گریمی ایوارڈزکی رنگا رنگ تقریب، گلوکاروں نے سحر طاری کر دیا

لاس ویگاس: (ویب ڈیسک) امریکی شہر لاس ویگاس میں گریمی ایوارڈزکی رنگا رنگ تقریب ہوئی جس میں گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سامعین پر سحر طاری کر دیا۔
تقریب میں بی ٹی ایس، لیڈی گاگا اور بلی ایلش سمیت دیگر فاتحین نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ جون بیٹیسٹی نے البم آف دی ائیر جبکہ آر اینڈ بی ڈو سلک سونک نےسانگ اورر یکارڈآف دی ائیر سمیت دو سرفہرست اعزاز اپنے نام کیے۔
انیس سالہ گلوکار اولیویا روڈریگو نے بیسٹ نیو آرٹسٹ کا سہرا اپنے سر سجایا۔ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکی وجہ سے جنوری میں ایونٹ کو لاس اینجلس سے لاس ویگاس منتقل کرنا پڑا۔

موجودہ آئینی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت کل 12 بجے تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ملک میں موجودہ آئینی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت کل 12 بجے تک ملتوی کر دی۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مقدمہ کو آج ہی مکمل کریں۔ جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آج ہی سن کر فیصلہ دینا ممکن نہیں۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ملک میں موجودہ آئینی صورتحال پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ وکیل بابر اعوان نے موقف اپنایا کہ صدارتی ریفرنس کو موجودہ از خود نوٹس کے ساتھ سنا جائے، جو کچھ بھی ہوا ہے سب ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، سارا مسئلہ جلدی الیکشن کا تھا، عمران خان کی اجازت سے عرض کر رہا ہوں کہ الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے سامنے سیاسی باتیں نہ کریں، آج مناسب حکم جاری کریں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے فل کورٹ بنچ بنانے کی استدعا کی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو اپنے کیس کی کیا پریشانی ہے ؟ عدالت کو تعین کرنے دیں کہ کونسا سوال کتنا اہم ہے، فل کورٹ کی گزشتہ سال 63 سماعتیں ہوئیں، گزشتہ سال بھی فل کورٹ کی وجہ سے 10 ہزار مقدمات کا اضافہ ہوا، آپ بتانا پسند کریں گے کہ کونسے آئینی سوالات پر فل کورٹ کی ضرورت ہے ؟ اگر آپ کو کسی پر عدم اعتماد ہے تو بتا دیں، ہم اٹھ جاتے ہیں۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اپنایا کہ آرٹیکل 95 وزیراعظم پر کسی چارج یا الزام کی بات نہیں کرتا، عدم اعتماد کے ووٹ کیلئے کوئی وجہ ہونا ضروری نہیں، اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر بھی وزیراعظم والا طریقہ کار لاگو ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو کچھ قومی اسمبلی میں ہوا اس کی آئینی حیثیت کا جائزہ لینا ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا کیس اجلاس بروقت بلانے کا نہیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ اسپیکر نے اجلاس تاخیر سے بلانے کی وجوہات بھی جاری کی تھیں، وجوہات درست تھیں یا نہیں، اس پر آپ مؤقف دے سکتے ہیں، کیا آرڈر آف دی ڈے تب جاری ہوتے ہیں جب اسمبلی اجلاس چل رہا ہو ؟ کیا اسپیکر کو اسمبلی اجلاس بلانا ہوتا ہے ؟ کیا 10 مارچ آرڈر آف دی ڈے جاری کرنے کا نہیں ؟ کیا 10 مارچ آرڈرز سرکولیٹ کرنے کا دن تھا ؟۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا ووٹنگ سے پہلےعدم اعتماد پر بحث ہوتی ہے۔ جس پر فاروق نائیک نے کہا کہ عدم اعتماد پر بحث کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔ جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ کیا بحث کی تاریخ مختص نہ کرنے پر اعتراض کیا ؟ جس پر فاروق نائیک نے کہا ہم تو صرف بٹن دبا سکتے ہیں، اجلاس شروع ہوا تو فواد چودھری نے آرٹیکل 5 کے تحت خط کے حوالے سے سوال کیا، فواد چودھری کے پوائنٹ آف آرڈر پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ جاری کر دی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت اسپیکر دیتا ہے یا ایوان ؟ جسٹس منیب اختر نے پوچھا کہ اسپیکر کا اختیار ہے وہ تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ دے ؟ اسپیکر تحریک پیش کرنے کی اجازت نہ دے تو پھر کیا ہوتا ہے ؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کس طرح غیر آئینی ہے یہ بتائیں، اسپیکر کی ارکان اسمبلی کو غدار قرار دینے کی رولنگ غیر قانونی کیسے ہوئی ؟۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو عدم اعتماد مسترد کرنے کا اختیار نہیں، عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن اس کی حیثیت پر فیصلہ نہیں ہوسکتا، عدم اعتماد کے قانونی ہونے کا فیصلہ ووٹنگ کیلئے مقرر ہونے سے پہلے ہوسکتا ہے۔ جسٹس منیب نے استفسار کیا رولنگ قواعد کیخلاف تھی تو بھی کیا اسے آئینی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا ؟ اس پر وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد 3 منٹ سے بھی کم وقت میں مسترد کر دی گئی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا رولنگ آئینی بے ضابطگی ہے یا قواعد کی؟ فاروق نائیک نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر رولنگ آئین کیخلاف ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اسپیکر کس اسٹیج پر تحریک عدم اعتماد کی قانونی حیثیت کا تعین کرسکتا ہے ؟ فاروق نائیک نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد منظور یا مسترد کرنے کا اختیار ایوان کا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی عدالتی فیصلہ بتائیں جس میں عدالت نے آرٹیکل 69 کی تشریح کی ہو، وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ پارلیمانی کارروائی غیر آئینی، بدنیتی پر مبنی ہو تو چیلنج ہوسکتی اور کالعدم بھی، چیف جسٹس نے کہا کہ نکتے پر عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیں، فاروق نائیک نے کہا کہ کل تک کا وقت دیں تو پارلیمانی کارروائی کے تحفظ کے نکتے پر مطمئن کروں گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ وقت مانگ رہے ہیں، ہم تو آپ سے زیادہ کام کر رہے ہیں۔

سری لنکا:مظاہرے روکنے کے لیے فیس بک، واٹس ایپ، ٹوئٹربلاک

سری لنکا: (ویب ڈیسک) سری لنکا نے ملک میں معاشی بحران کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا کے متعدد پلیٹ فارمز بلاک کردیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سری لنکا میں احتجاجی مظاہروں پر قابو پانے کے لیے فیس بک، یو ٹیوب ، ٹوئٹر ، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
دفاعی حکام کے حکم پر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں شدید معاشی بحران کے باعث ملک بھر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
ملک میں اشیائے ضرورت کی قلت، قیمتوں میں اضافے اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔
احتجاج کے دوران سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے حکومت مخالف ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل مظاہرین کے صدارتی محل پردھاوا بولنے کے بعد صدرراجا پکسا نے ملک بھرمیں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی جس کے بعد آج صبح سے ملک میں کر فیو بھی لگا دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نگران وزیر اعظم کے لیے مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نگران وزیر اعظم کے تقرر کے لیے مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں نگران وزیر اعظم کے لیےہم نے دو نام بھجوا دئیے ہیں۔ شہباز شریف مشاورت کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو نہ بنیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ سابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سات روز میں نگران وزیر اعظم کے لیے نام نہ دئیے تو اس کا بھی طریقہ کار ہے۔ عوام نئے انتخابات کیلئے تیار ہیں، کسی کو انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کا آج کافی لمبا نوحہ سنا، سپریم کورٹ بینچ پر حملے ہو رہے ہیں، عدالت پر اثرانداز ہونے کی کوشش ناکام بنائیں گے۔اسپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ خط کی تفصیلات پوری طرح عوام کے سامنے نہیں رکھیں ، خط دکھانے کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا تھا۔ اپوزیشن کو خط دیکھنے کی دعوت دی تھی یہ نہیں آئے۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو آئین کا نام لیتے ہوئے شرم آنی چاہیے ،کیا ہارس ٹریڈنگ آئین کا حصہ ہے۔ ہم کوئی غداری کے سرٹیفکیٹ نہیں بانٹ رہے، اپوزیشن احتجاج کی دھمکی دے رہی ہے، عمران خان نے کال دی تو ان کا گھروں میں رہنا مشکل ہو جائے گا۔

ایم کیو ایم کا ایک بار پھر مبینہ عالمی سازش پر کمیشن بنانے کا مطالبہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم نے ایک بار پھر مبینہ عالمی سازش پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے سیاسی شکست سے بچنے کیلئے خودکشی کر لی۔ آپ نے حکومت کے ساتھ جمہوریت کو ختم کرنے کا انتظام کر دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان بیانیہ بنا چکے ہیں کہ انکے خلاف عالمی سازش ہورہی ہے،سازش ہورہی ہے تو ایک کمیشن بنائیں اور سچ ثابت کریں۔پہلے بھی کہہ چکا ہوں تحقیقات کرائیں، سازش ثابت ہوئی تو میں اور قوم آپ کے ساتھ ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان جھوٹ سڑکوں پر لیکر آئیں گے تو ہم اپنا سچ لیکر آئیں گے۔الیکشن میں ہم سے 14 سیٹیں جیتیں وہ عمران خان نے ہم سے چھینی تھیں ۔ہم نے عمرا ن خان سے حکومت چھین لی ہے۔

میلبرن اسٹارز بابر اعظم سے معاہدے کی خواہشمند

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش کی فرنچائز میلبرن اسٹارز نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کے ساتھ معاہدے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بگ بیش کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کرتے ہوئے پوچھا گیا کہ وہ کس پاکستانی کو اس لیگ کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
بگ بیش نے آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ کا بیان بھی شیئر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستانی کرکٹرز بھی بگ بیش کا حصہ بنیں تو مقابلہ اور دلچسپ ہو گا۔
بگ بیش کے ٹویٹ ہو ری ٹویٹ کرتے ہوئے فرنچائز میلبرن اسٹار نے بابر اعظم سے معاہدے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
پاکستانی فاسٹ بالر حارث رؤف پہلے ہی میلبرن اسٹارز کا حصہ ہیں۔ میلبرن اسٹارز کے ٹوئٹر ہینڈل نے حارث رؤف کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اسٹارز فیملی میں بہت اچھے لگیں گے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی ریکنگ میں نمبر ون بیٹسمین ہیں۔ وہ ون ڈے میں بھی پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

موجودہ صورتحال کا حل نئے انتخابات ہیں، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اسدعمر کا کہنا ہے کہ 20منحرف ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر آفس میں جمع کروائیں گے، آرٹیکل 63اے کی تشریح کی پٹشن عدالت میں زیرسماعت ہے۔
سابق وفاقی نے پریس کانفرنس سے بات کرتےہوئے کہا کہ عمران خان نے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے، باہر سے ملکی سیاست میں مداخلت ہورہی ہے ، پاکستان میں جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لئے ووٹ میں امانت میں خیانت نہ ہو، اس لیے ہمیں آئین کے درس دئیے جارہے ہیں، پتہ نہیں کون سی شق کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس عمر نے کہا کہ کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ پیسے خرچ کرکے ایم این ایز خریدے جائیں؟ ایک ایم این اے نے کہا کہ 23 کروڑ روپے سے میری زندگی اچھی گزر جائے گی، عوام کو فیصلہ کرنے دینا چاہیے، نئے انتخابات ہی موجودہ صورتحال کا حل ہے۔
ہمارا بیانیہ قوم نے مان لیا ہے، ہمارے لیے کہا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی غیر مقبول ہوئی ہے، نئے انتخابات سے ڈر کیوں رہے ہیں؟ عوام جس جماعت کو بھی ووٹ دے اسے تسلیم کرنا چاہیے۔
آج کی آئینی حقیقت یہ ہے کہ اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے، اور ایاز صادق کو اسپیکر کی کرسی کا احترام کرنا چاہیے۔

پہلی حکومت ہے جس نے دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے خودکا خاتمہ کر دیا، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ پہلی حکومت ہے جس نے دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے خوداپنے ہاتھ سے اپناخاتمہ کر دیا۔
شہباز گل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وفاداری کا اصول راشد منہاس شہید طے کر گئے تھے۔ اگر زندگی دشمن کی قید و غلامی میں ہو گی تو اپنے ہاتھوں آپ زندگی ختم کر کے غلامی سے انکار کر دو۔
گزشتہ روز کی صورتحال پر شہباز گل نے مزید لکھا کہ پہلی حکومت ہے جس نے دشمن کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے خوداپنے ہاتھ سے اپنا خاتما کر دیا، غلامی کسی صورت قبول نہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے رولنگ روک دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آئین کی رو کے منافی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ تحریک اعتماد عالمی سازش کے تحت لائی جا رہی ہے اسے مسترد کرتے ہیں، وفاقی وزیر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات بالکل درست ہیں۔

سری لنکا میں معاشی بحران شدت اختیار کرگیا،کابینہ کے 26 ارکان مستعفی

سری لنکا : (ویب ڈیسک) سری لنکا کی کابینہ کے وزراء نے حکومت کی طرف سے دہائیوں کے بدترین معاشی بحران سے نمٹنے کے خلاف احتجاج کے بعد اجتماعی طور پر استعفیٰ دے دیا ہے۔
26 کابینہ کے ارکان نے معاشی بحران اور حکومت کے خلاف احتجاج کے باعث استعفیٰ دیا، راجا پاکسے خاندان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے بہت سے ناراض مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بے معنی ہے۔ سری لنکا 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد سے بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔
جزوی طور پر غیر ملکی کرنسی کی کمی کی وجہ سے ہے، جو ایندھن کی درآمدات کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ آدھے دن یا اس سے زیادہ دیر تک بجلی کی معطلی اور خوراک، ادویات اور ایندھن کی قلت کے باعث عوامی غصہ ایک نئی بلندی پر پہنچ گیا ہے۔
کولمبو میں اپوزیشن کے ارکان نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، یاد رہے سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ ہے، آرمی کو کسی بھی شخص کو گرفتارکرنے اور قید کرنے کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔
مظاہرین کے صدارتی محل پردھاوا بولنے کے بعد صدرراجا پکسا نے ملک بھرمیں رات کا کرفیو نافذ کیا ہے۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق ایمرجنسی کا اعلان امن عامہ کے تحفظ اور ملک میں لازمی خدمات کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
سری لنکا میں ان دنوں کھانے پینے کی اشیا، عام اشیائے ضرورت اور ایندھن اور گیس کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے اور یہ جنوبی ایشیائی ملک اپنی تاریخ کے بدترین مالیاتی بحران سے دوچار ہے۔
ایک روز قبل ہزاروں مشتعل افراد نے کولمبو کے مضافات میں ملکی صدر کی نجی رہائش گاہ کے باہر پرتشدد مظاہرے بھی کیے تھے۔