All posts by Khabrain News

ایکواڈور کی جیل میں خونی تصادم سے 12 قیدی ہلاک، 10 زخمی

کیٹو: (ویب ڈیسک) ایکواڈور کی جیل میں خونی تصادم سے 12 قیدی ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ حکام کےمطابق ایل توری جیل میں ایک تنظیم اندرونی حصے کا کنٹرول حاصل کرنا چاہتی تھی جبکہ کچھ قیدیوں نے اس پر بغاوت کردی۔ تصادم کے بعد 90 افراد کو جیل سے بحفاظت دوسری جگہ منتقل کردیا گیا۔ گزشتہ برس بھی منشیات اسمگلنگ پر لڑائی میں 316 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

رمضان المبارک شروع ہوتے ہی سبزیوں کے نرخ آسمان پر، شہریوں کے ہوش اڑ گئے

پشاور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک شروع ہوتے ہی سبزیوں کی خریداری عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی، ٹماٹر، بھنڈی، سبز مرچ ، لیموں، مٹرکے نرخ آسمان تک پہنچ گئے، قیمتیں سن کرشہریوں کے ہوش اڑنے لگے۔ رمضان المبارک میں روزمرہ استعمال کی سبزی خریدنا غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گیا، سبزی منڈی میں لہسن 300، بھنڈی 200، پہلے درجے کے ٹماٹر 200 جبکہ دوسرے درجے کے 160، لیموں 300 اور مٹر 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات سمیت گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔ سبزی فروشوں کے مطابق دیگر صوبوں سے سبزیاں منگوانے پر اخراجات میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے رمضان کے دوران بھی مزید قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔

بہاولپور: قتل اور زیادتی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

بہاولپور: (ویب ڈیسک) بہاولپورکےعلاقےچک نورنگ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک جب کہ ان کے کچھ ساتھی فرار ہو گئے۔ ضلع پولیس ترجمان کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے بستی جمرانی کے علاقے سے موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی، اطلاع ملنے پر تھانہ نوشہرہ جدید پولیس نے علاقہ ناکہ بندی کر دی۔ ڈاکوؤں نے چک نورنگ کے قریب پولیس ناکے پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 5 ڈاکو محمد صدیق عرف ڈوڈو ، محمد سعید عرف شیدو ، بشیر احمد ،کریم بخش اور محمد رفیق ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں سے چھینی گئی موٹر سائیکل، 2 کلاشنکوف، 3 پستول اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو قتل، ڈکیٹی اور زیادتی سمیت متعدد وارداتوں میں اشتہاری تھے اور کچھ روز قبل لودھراں کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو زخمی کرکے سرکاری اسلحہ چھین کر فرار ہونے میں بھی ملوث تھے۔

عروج آفتاب گریمی ایوارڈ جیتنے والی پہلی پاکستانی نژاد گلوکارہ بن گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب نے دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈز میں اپنے گانے ’محبت‘ کے لیے بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کا ایوارڈ جیت لیا۔ گریمی ایوارڈز کی بیسٹ گلوبل پرفارمنس کیٹگری میں عروج کا گیت ’محبت‘ چنا گیا۔ عروج آفتاب نے انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں لکھا کہ ’اور پہلی پاکستانی خاتون گریمی فاتح ہیں… عروج آفتاب!‘ عروج کی اس کامیابی پر معروف شخصیات سمیت مداح گلوکارہ کو بڑی تعداد میں مبارکباد دے رہے ہیں۔ عروج آفتاب کی غزل کو سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اپنی پسندیدہ گانوں میں شمار کیا تھا۔ اس موقع پر گلوکارہ عروج آفتاب نے کہا کہ گریمی ایوارڈجیتنے کا سن کرخوشی کاٹھکانہ نہیں۔

یوکرین کے قصبے بوچا میں اجتماعی قبر سے 57 افراد کی لاشیں برآمد

یوکرین: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر خارکیف میں روسی فوج کے حملے میں 7 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے قصبے بوچا میں اجتماعی قبر سے 57 افراد کی لاشیں ملی ہیں، یوکرینی فوج نےحال ہی میں روسی فوج سے یہاں کا قبضہ چھڑایا ہے۔ یوکرین کی جانب سے اجتماعی قبر سے ملنے والی لاشوں کے بعد عالمی عدالت سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ بوچا میں شہریوں کا قتل ہولناک اور قطعی طور پر ناقابل قبول ہے جبکہ فرانسیسی صدر نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روسی حکام کو ان جرائم کا جواب دینا ہوگا۔

سعودی عرب نے ہر قسم کا ویزا رکھنے والوں کو عمرے کی اجازت دے دی

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ ہر قسم کے انٹری ویزے رکھنے والے افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی۔ سعودی وزارت حج عمرہ نے عمرہ اپائنٹمنٹ کی بکنگ کے لیے تین مراحل طے کیے ہیں، پہلا مملکت میں داخلے کا ویزاحاصل کرنا، دوسرا رجسٹریشن کے وقت اس کی میعاد کو یقینی بنانا اور تیسرا ایپلیکیشن پر اپائنٹمنٹ بک کرنا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے(Eatmarna )ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ بُک کرنا ہوگی۔ وزارت نے کہا کہ عمرہ اپائنٹمنٹ بکنگ کے زیادہ سے زیادہ6 گھنٹے کے اندر سعودی عرب میں داخل نہ ہونے کی صورت میں عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ وزارت نے مزید کہا کہ اگر درخواست دہندہ کورونا سے متاثر نکلا یا کسی متاثرہ شخص سے رابطے میں رہا تو پھر بھی عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان امریکا، برطانیہ اور شینگن کے درست ویزا رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا آن آرائیول پروگرام کو بحال کرنے کے ایک ہفتے بعد آیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب نے امریکا، برطانیہ اور شینگن کا ویزا رکھنے والوں کے لیےویزہ آن آرائیول کی سہولت فراہم کردی تھی۔ خیال رہے کہ شینگن ایریا 26 یورپی ممالک پر مشتمل ایک ایسا علاقہ ہے جس نے باضابطہ طور پر اپنی باہمی سرحدوں پر تمام پاسپورٹ اور دیگر تمام قسم کے سرحدی کنٹرول کو ختم کر دیا ہے۔

ملک کے تمام بینک آج عوامی لین دین کیلئے بند رہیں گے

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں زکٰوة کٹوتی کی وجہ سے آج تمام بینک عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حکومت نے رواں ہجری سال زکٰوۃ کا نصاب 88927 روپے مقرر کیا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق سیونگ، نفع نقصان اور دیگر منافع دینے والے کھاتوں سے آج زکوٰۃ کٹوتی ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق نصاب سے کم رقم والے کھاتوں سے زکٰوۃ کی کٹوتی نہیں ہوگی تاہم بینک آج عوامی لین دین کے لیے بند رہیں گے۔

کراچی میں جھکی ہوئی بلڈنگ ساتھ والی عمارت پر جاگری، 2 خواتین جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے پی آئی بی میں جھکی ہوئی بلڈنگ ساتھ والی عمارت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ پی آئی بی کالونی میں جھکی ہوئی 3 منزلہ عمارت ساتھ والی عمارت پر گرنے سے بچے سمیت تین افراد زخمی بھی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ دونوں عمارتیں خالی کرا کر ملبہ اٹھانے کا عمل جاری ہے۔

عمران خان نگران وزیراعظم کی تقرری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے، صدر

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کے خلاف گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا۔ قرارداد مسترد ہونے کے بعد عمران خان نے قوم سے خطاب میں صدر پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا جس کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی۔ بعد ازاں کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد عمران خان نیازی اب وزیراعظم نہیں رہے۔ تاہم اب صدر پاکستان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عمران احمد خان نیازی، نگران وزیراعظم کی تقرری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ صدر پاکستان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 224A- (4) کے تحت نگران وزیراعظم کے آنے تک، عمران خان وزیراعظم کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا بھی ایک بیان میں یہی کہنا تھا کہ عمران خان نگران وزیراعظم کے آنے تک آئین کے آرٹیکل 224A- (4) کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

وزیراعظم کے اسمبلی توڑنے کے فیصلے پر وسیم اکرم کی ٹوئٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے گزشتہ روز اسمبلی توڑنے کے فیصلے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھی تبصرہ کیا ہے۔ عمران خان کے خلاف گزشتہ روز تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا۔ قرارداد مسترد ہونے کے بعد عمران خان نے قوم سے خطاب میں صدر پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا جس کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی۔ بعد ازاں اسمبلی توڑنے کے فیصلے پر عمران خان کے ساتھی کرکٹر وسیم اکرم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں ‘گیم چینجر قرار’ دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 58 (1) کے تحت قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد عمران خان نیازی اب وزیراعظم نہیں رہے۔