All posts by Khabrain News

منی لانڈرنگ کیس:شہباز، حمزہ کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا مسترد

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی اسپیشل سنٹرل عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت فوری طور پر منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت منسوخی کیلئے ایف آئی اے کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ ایف آئی اے پراسکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں، شہباز شریف عبوری ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وکیل ایف آئی اے نے استدعا کی کہ عدالت ضمانت میں توسیع کا حکم واپس لے۔ عدالت نے ایف آئی اے پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ اگر عبوری ضمانت میں توسیع غلط ہے تو ایف آئی اے ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دوسری پارٹی کو سنیں بغیر کیسے آرڈر پاس کر سکتے ہیں۔ جج سپیشل کورٹ سینٹرل نے ایف آئی اے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی فوری ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے شہباز شریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔

اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ ضرور بے ضمیر ہے: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ ضرور بے ضمیر ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب یہ قوم بھکاری نہیں ہے، اشرافیہ کا ایک بڑا حصہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے بھیک مانگنے سے بھی گریز نہیں کرتا مگر یہ قوم غیرت مند ہے، اسی لئے غیرت مند لیڈر کے ساتھ کھڑی ہے۔

عثمان بزدار نے قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے کے قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کمی کی ہدایت پر سمری کی منظوری دے دی جس پر اطلاق جلد ہو گا۔ عثمان بزدار کے دور میں 158 سال بعد جیل اصلاحات کی گئیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ قیدیوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور جیلوں میں ضروری سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ریکارڈ دورے کیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جیل کینٹین پر قیدیوں کو معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائیں اور قیدیوں کو اہل خانہ سے رابطے کے لیے ہر جیل میں فون کی تعداد بڑھائی گئی۔

فواد چودھری کی عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر قانون فواد چودھری نے عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کر دی ۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے وزارت قانون و انصاف کا چارج سنبھالتے ہی بڑا ایکشن لے لیا۔ فواد چودھری نے عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات کر دیں ۔
کمیشن عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔کمیشن عالمی سازش کی تحقیقات کر کے اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔
وفاقی وزیر قانون نے اسلام آباد، کراچی، لاہور میں درجنوں لیگل افسران کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔وزارت قانون و انصاف کے تمام افسران کو اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے آج ہی اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بیرونی سازش کا حصہ بننے والی جماعتوں پر غداری کے مقدمات شروع کرنے چاہیے، اب فواد چودھری وزیر قانون ہیں۔ اگر وہ ہدایت کریں تو ان جماعتوں کو ڈی نوٹیفائی کردوں گا۔

وزیر اعظم کی آج عوام سے ٹیلی فون پر گفتگو ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی آج عوام سے براہ راست ٹیلی فون پر گفتگو ملتوی کر دی گئی۔
نجی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج سہہ پہر 3 بجے عوام سے ٹیلی فون پر براہ راست گفتگو کرنا تھی جو اعلان کے کچھ دیر بعد ہی ملتوی کر دی گئی۔ عوام سے گفتگو ملتوی کرنے کی وجہ سامنے نہیں آئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے ٹیلی فون لائنز بھی اسی وقت کھولی جانی تھی اور یہ سلسلہ ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر ایک ساتھ نشر ہونا تھا تاہم اب وزیر اعظم عوام سے ٹیلی فونک گفتگو نہیں کریں گے۔

‘سی پیک پاکستان کیلئے ٹرننگ پوائنٹ، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ہوگا، بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا تشویش کا باعث ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جامع سلامتی کے موضوع پر 2 روزہ سکیورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئے دور میں امن کیساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، دنیا جیو پالیٹکس سے جیو اکنامک کی جانب بڑھ رہی ہے، ہم روایتی شراکت داری سے بھی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، پاکستان ترقی اور امن کا شراکت دار ہے، بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے، بھارت اپنے مذموم مقاصد کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے، پاکستان میں بھارتی میزائل کا گرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں، سی پیک پاکستان کیلئے بڑا ٹرننگ پوائنٹ ہوگا، خطے میں انسداد غربت اور تعلیم کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں، روس یوکرین تنازع کا باعث سفارتکاری کی ناکامی ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیئے، تجارت اور رابطوں کے ذریعے افغانستان میں ترقی اور امن لانا چاہتے ہیں۔

عدم اعتماد کے بعد عمران خان وزیراعظم نہیں رہ سکتے: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر آئین کی اپنی مرضی سے تشریح نہیں کر سکتے، عدم اعتماد کے بعد عمران خان وزیراعظم نہیں رہ سکتے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عدم اعتماد کے ووٹ کے بعد عمران خان سابق وزیراعظم کہلائیں گے، وفاقی وزیر کی ایسٹبلشمنٹ کو مداخلت کی دعوت ان کی مایوسی اور ناکامی کی نشاندہی کرتی ہے، اپوزیشن پر غداری کے کیس کس بنیاد پر لگائے جائے گے ؟ جس خط کی بنیاد پر غداری کے کیسز لگائے جائیں گے اس خط کو 17 دن جیب میں چھپا کے رکھنے کا ذمہ دار کون ہے ؟ جس اہلکار نے آپ کو دھمکیاں دیں آپ نے ان کو دعوت دے کر میزبانی کی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کے بعد آپ کو یاد آیا کہ آپ کے خلاف سازش ہو رہی ہے ؟ عدم اعتماد ایک آئینی عمل ہے، عمران خان آئین سے ماورا نہیں ہیں، عمران خان ہر چیز میں خود کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ موازنہ کر رہے ہیں، پہلے خود کو شہید ذوالفقار بھٹو کی طرح خودار لیڈر ثابت کرنا چاہ رہے تھے، اب کہتے ہیں ان کی جان کو خطرہ ہے، شہید بھٹو نے ملک جوہری طاقت دی، آزاد خارجہ پالیسی دی، مسلم دنیا کو کٹھا کیا۔

وزیراعظم کو لکھے گئے خط کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کو لکھے گئے خط کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست سابق اٹارنی جنرل انور منصور اور ایڈووکیٹ اظہر صدیق کے توسط سے دائر کی گئی۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ، داخلہ، قانون اور دفاع کو فریق بنایا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے، پی ٹی آئی، پی ایم ایل ن، پیپلزپارٹی، جمیعت علمائے اسلام ف اورایم کیو ایم بھی فریق ہیں۔
درخواست گزار نے تحریک عدم اعتماد کی کارروائی روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میمو گیٹ طرز پر تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے، سپریم کورٹ کے تین ججز پر مشتمل ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔

‘پنجاب میں نون لیگ، پیپلزپارٹی، ترین گروپ کیساتھ ملکر حکومت بنائیں گے’

لاہور: (ویب ڈیسک) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب میں نون لیگ، پیپلزپارٹی، ترین گروپ، آزاد ارکان کے ساتھ ملکر حکومت بنائیں گے، آج مسئلہ وزارت اعلیٰ کا حصول نہیں، کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے۔
رہنما مسلم لیگ نون و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 4 سال میں عوام کیساتھ دھوکا اور فراڈ کیا گیا، آج لوگوں کے گھروں میں بھوک ہے، انشا اللہ پنجاب میں مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی۔

فواد چودھری نے وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سنبھال لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سنبھال لیا۔
کابینہ ڈویژن نے فواد چودھری کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے فواد چودھری کو وزیر قانون کا اضافی قلمدان سونپا گیا۔
اس سے قبل یہ وزارت ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فروغ نسیم کے پاس تھی جنہوں نے تحریک عدم اعتماد میں حزب اختلاف کا ساتھ دینے کے پارٹی فیصلے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
فروغ نسیم کے استعفیٰ دینے کے بعد فواد چودھری کو اضافی قلمدان دیا گیا۔