All posts by Khabrain News

ہربھجن سنگھ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ممبئی : (ویب ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی ہلکی علامات ظاہر ہوئیں ہیں.
جس پر انہوں نے ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا ہے، سابق کرکٹ نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے اور ان افراد سے درخواست کی ہے جن سے ان کی ان دنوں ملاقات ہوئی۔
گزشتہ سال دسمبر میں بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، ہربھجن نے اس بات کی تصدیق ٹوئٹر پر کی تھی ، انہوں نے لکھا کہ ہر اچھی چیز کا ایک اختتام ہوتا ہے، اور آج میں اس کھیل کو خیرباد کہہ رہا ہوں جس نے مجھے زندگی میں سب کچھ دیا۔
ہربھجن سنگھ انیل کمبلے، کپل دیو اور آشوین کے بعد ملک کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔ 40 سالہ ہربھجن نے ہندوستان کے لیے 103 ٹیسٹ، 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی کھیل کر اپنے کیریئر کا اختتام کیا۔

سانحہ مری: صوبوں سمیت کسی نے این ڈی ایم اے قانون پر عمل نہیں کیا، اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سانحہ مری کے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی سے متعلق کیس میں این ڈی ایم اے قانون پرمکمل عملدرآمد کا حکم دے دیا،عدالت نے قرار دیا کہ وہ فیصلے میں لکھے گی کہ آئندہ کوئی ایسا سانحہ ہوا تو یہ سب ذمہ دار ہوں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سانحہ مری کے خلاف دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نےسماعت کی،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ این ڈی ایم اے کے قانون پر عمل نہیں ہو رہا۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی شروع ہوچکی ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ صرف افسران کو عہدوں سے ہٹانا کافی نہیں ،ایکشن بھی ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس نے درخواست گزارکے وکیل کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ انکوائری سے مطمئن ہیں؟تمام سول انتظامیہ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور کیا چاہتے ہیں؟
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت سزا تو نہیں دے سکتی،بنیادی ذمہ داری تو وزیراعلی پنجاب کی تھی اور قانون کے مطابق تو سارا کام ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا تھا۔ یہ بات طے ہے کہ پالیسی میکنگ باڈی کی کبھی میٹنگ نہیں ہوئی۔اگر آئندہ کچھ ہوا تو قانون کے مطابق وہ سب ذمہ دار ہوں گے۔
عدالت نے استفسارکیا کہ آئندہ ایسے سانحے سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں ؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ این ڈی ایم اے مکمل فعال ہے۔ وزیر اعظم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس بلانے کو تیار ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ قانون پر صوبوں سمیت کسی نے عملدرآمد نہیں کیا۔ فیصلے میں آبزرو کریں گے کہ کچھ ہوا تو ذمہ دار ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیشن ہو گا۔
فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے سانحہ مری پر تحقیقات کے لیے دائر درخواست نمٹا دی اور حکم دیا کہ جو قانون ہے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

سودی مالیاتی نظام سے متعلق اسٹیٹ بینک کی رپورٹ وفاقی شرعی عدالت میں پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سودی مالیاتی نظام سے متعلق کیس میں اسٹیٹ بینک کی طرف سے اسلامی بینکاری نظام کےلیے اقدامات کی مفصل رپورٹ وفاقی شرعی عدالت میں پیش کردی گئی۔
چیف جسٹس نورمسکانزئی نے ریمارکس دیئے کہ جب تک قانون سازی نہیں ہوگی تب تک کوئی نظام نہیں چل سکتا۔
دوران سماعت سٹیٹ بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیئے کہ اسٹیٹ بینک بلا سود لین دین کا نظام قائم کرنے میں سنجیدہ ہے، اسلامی بینکنگ سسٹم راتوں رات قائم نہیں ہوسکتا۔
یہ ایک ارتقائی عمل ہے، یہ کام آسان نہیں قانونی دشواریاں بھی درپیش ہیں۔ یہ سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ اسلامی بینکنگ نظام پالیسی معاملہ ہے یا عدالت کے حکم کے تابع ہوگا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت اور مالیاتی ادارے اتفاق رائے پیدا کریں تو یہ کام آسان ہو سکتا ہے۔ حکومت اور حکومتی ادارے اس ضمن میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔
جسٹس ڈاکٹرسید محمد انورکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، پارلیمنٹ نے قانون بنا دیا ہے کہ قوانین اسلامی شریعت کے مطابق ڈھالے جائیں گے۔ اب تو مالیاتی نظام میں آئی ایم ایف کا بھی کردار ہے۔۔جب حکومت خود اسلامی بنکاری نظام کی طرف جارہی ہے تو پھر رکاوٹ کیوں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کوطلب کرتے ہوئے سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی۔

نیب نے گزشتہ 4 سال میں 539 ارب وصول کئے، کارکردگی رپورٹ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احتساب کے قومی ادارے نیب نے کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ 4 سال کے دوران 539 ارب روپے وصول کئے گئے۔
چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، ترجمان کے مطابق نیب معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے کثیر الجہت حکمت عملی کے ذریعے کوشاں ہیں، نیب کی کاوشوں کے قابل ذکر نتائج برآمد ہونے لگے ہیں، نیب کا قیام بدعنوانی کے خاتمے اور کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی دولت برآمد کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا۔ جسٹس جاوید اقبال نے بطور چیئرمین نیب اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد حکمت عملی وضع کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم نے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے، گیلپ سروے میں 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اپنا اعتماد ظاہر کیا۔ نیب نے گزشتہ 4 سال میں 539 ارب وصول کیے , آغاز سے اب تک5 لاکھ 10 ہزار729 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4 لاکھ 98 ہزار 256 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ نیب نے 16 ہزار 307 شکایات کی تحقیقات کی منظوری دی جن میں سے 15 ہزار 475 شکایت کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ نیب نے10 ہزار 365 انکوائریوں کی منظوری دی جن میں سے 9 ہزار 299 انکوائریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے 4707 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی جن میں سے 4377 انوسٹی گیشنز مکمل ہو چکی ہیں۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 822 ارب روپے بر آمد کئےجبکہ 3 ہزار 772ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جن میں سے 2 ہزار 508 ریفرنسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔ اس وقت ایک ہزار 264 ریفرنس جن کی مالیت ایک ہزاور 335 ارب ہے مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

پاک افغان بارڈر پر 2680 کلومیٹر طویل باڑ مکمل کر لی: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر 2680 کلومیٹر طویل باڑ مکمل کر لی، 20 کلو میٹر رہ گئی جسے جلد مکمل کر لیں گے۔
سینٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد میں دہشتگردی کے واقعے میں ایک کانسٹیبل شہید ہوا، ٹی ٹی پی کے دو دہشتگرد مارے گئے جو انہوں نے قبول کیا ہے۔ لاہور دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، ملکی امن و امان خطرے میں ڈالنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شوق سےمارچ کرے، مشورہ ہے مولانا بلاول کیساتھ مل کرمارچ کریں۔
دریں اثنا شیخ رشید نے دارالخلافہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 ایوان میں پیش کیا جبکہ پاکستان نرسنگ کونسل ایمرجنسی مینجمنٹ آرڈینس بل وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے پیش کیا۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری

پشاور : (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق دوسرے مرحلے میں چودہ سے سولہ فروری تک امیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائیں گے، ان کی حتمی فہرست تئیس فروری کو جاری کی جائے گی۔ پولنگ 27 مارچ کو ہو گی، کاغذات نامزدگی سات سے گیارہ فروری تک امیدواروں کو جاری کئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو انتخابی نشانات اٹھائیس فروری کو الاٹ کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے۔

‘سابق چیف جج رانا شمیم نے توہین عدالت سےعدلیہ کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی’

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے توہین عدالت کر کے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی۔
قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدلیہ آزادنہیں ہوگی توجمہوریت کا تحفظ نہیں ہوسکتا، تنقید برائے تنقید سے ملک میں مایوسی پھیلتی ہے، سال 2018 میں جب حکومت سنبھالی تومعیشت کی حالت بری تھی، اب معاشی صورتحال بہترہورہی ہےجس کےاثرات نظرآرہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 100جتن کرلےہمیں ذرابھی گھبراہٹ نہیں ،خوب جانتاہوں ان کی صفوں میں کھلبلی کیوں ہے۔5فیصد گروتھ کی بات آتی ہےتواپوزیشن کوسانپ سونگھ جاتاہے، کوروناکےباوجودمعیشت 5.3فیصدکی شرح سےترقی کررہی ہے، اکانومسٹ اوربلوم برگ جیسےادارے ملکی معیشت کی بہتری کااعتراف کررہےہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خارجہ پالیسی کی ڈائریکشن تبدیل ہورہی ہے۔ ہماراچیلنج اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے۔شہبازشریف کےخدمت میں ایک خط لکھاہے،دوسرا خط بلاول صاحب کےنام بھیجا ہے۔ یوریاکھادکےذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی کورونا ٹیموں کو آنکھیں دکھانے لگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے آغاز سے قبل ہی کورونا ٹیموں کوآنکھیں دکھانے لگا، کم از کم تین فرنچائزز کے کئی کھلاڑی یاآفیشلز وائرس کی زد میں پائے گئے۔ بعض پی سی بی آفیشلز اور نیشنل اسٹیڈیم کے ملازمین کا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا،اپنے شہروں میں جانچ کی پازیٹیو رپورٹس پر یہ افراد بائیوببل جوائن کرنے کے بجائے قرنطینہ مکمل کریں گے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل کئی غیرملکی کرکٹرز روانگی سے قبل ہی وائرس کا شکار ہوچکے۔ اسے کمبی نیشن کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہوگا،البتہ ایک ٹیم آفیشل کا کہنا ہے کہ کئی کرکٹرز صحتیاب ہو چکے اور رواں ہفتے ہی پاکستان آنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا،ملتان سلطانز کے بعض کھلاڑی بھی کورونا زدہ نکلے، لاہور قلندرز کے ایک آفیشل کی رپورٹ مثبت آئی،دوسری جانب ٹیموں کی بائیو ببل میں انٹری شروع ہو گئی۔ سب کو اپنے کمروں میں تین روزہ قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا، آمد پر ٹیموں کو واضح وارننگ دے دی گئی کہ بائیو ببل کی خلاف ورزی کرنے والے کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل7 کا آغاز 27 جنوری کو کراچی میں ہونا ہے،ایونٹ سے قبل ہی کورونا کیسز نے منتظمین کو پریشان کر دیا،کم از کم تین فرنچائزز کے کرکٹرز یا آفیشلز وائرس کی زد میں آ چکے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کئی غیرملکی کھلاڑی پاکستان آنے سے قبل ہی کورونا زدہ پائے گئے۔ ٹھیک ہونے پر آمد کے بعد آئسولیشن کی وجہ سے یہ یقینی نہیں کہ کب میدان میں اتر سکیں گے، یوں ایک بار پھر گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن متاثر ہو گیا،کئی کھلاڑی 28جنوری کوپشاورزلمی کیخلاف پہلے میچ کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے، سرفراز احمد کی والدہ اور اہلیہ بھی کورونا کی جکڑ میں آ چکی ہیں،اس سے کپتان کے حوالے سے بھی تشویش سامنے آ گئی تھی، مگر ان کا نتیجہ منفی آیا اور وہ ہوٹل میں بائیو ببل کا حصہ بن گئے جس پر ٹیم نے سکھ کا سانس لے لیا، ایک آفیشل نے بتایا کہ کئی غیرملکی کھلاڑی صحتیاب ہو چکے ہیں اور رواں ہفتے ہی ان کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ ملتان سلطانز کے بعض کھلاڑی گھر پر ٹیسٹ میں مثبت نتیجے کے حامل قرار پائے، وہ بھی اب قرنطینہ مکمل کر کے ہی کراچی آ سکیں گے، لاہور قلندرز کے ایک آفیشل کورنا کا شکار پائے گئے،ذرائع نے بتایا کہ مزید کئی کیسز بھی سامنے آئے ہیں، البتہ پی سی بی نے اس حوالے سے چپ سادھ لی اور میڈیا کو تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ دوسری جانب گذشتہ روزکرکٹرز کی بائیو سیکیور ببل میں انٹری کا آغاز ہوگیا، فرنچائزز کے غیرملکی کھلاڑی جمعے سے آنا شروع ہوں گے،بائیو سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے پورا ہوٹل بک کرایا گیا ہے، کھلاڑیوں و آفیشلز کی عقبئی دروازے سے انٹری ہوئی۔ وہاں لیب کے عملے نے ان کا کورونا ٹیسٹ لیا، پھر سب اپنے فلورز پر چلے گئے، وہاں ان پر نظر رکھنے کیلیے ایک آفیشل ہر فلور پر موجود ہے، تین دن تک کوئی بھی اپنے کمرے سے باہر نہیں جا سکتا، گذشتہ شب ڈنر بھی باکس میں کمرے کے باہررکھاگیا، پلیئرز و آفیشلز ویٹرز کے جانے پر اسے اٹھا کر اندر لے کر گئے۔ سب پر واضح کر دیا گیا کہ اگر کوئی ببل کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار پایا تو اسے فوری طور پر گھر بھیج دیا جائے گا اور وہ ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکے گا۔ کورونا کلیئرنس پر ٹیمیں 24جنوری سے نیٹ پریکٹس کاآغازکریں گی، مثبت کیسزکے باوجود گراؤنڈ سمیت لیگ کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے، پی سی بی بروقت آغاز کیلیے پْرعزم ہے، یاد رہے کہ کراچی میں اسٹیڈیم کی گنجائش کے 25 فیصد شائقین کے ساتھ میچز کا انعقاد ہوگا۔

بریڈ ہوج کا حسنین پر طنز کرنے والے ہینرکس پر پابندی لگانے کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر بریڈہوج نے محمد حسنین پر طنز کرنے والے موئسز ہینرکس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔ بگ بیش لیگ میچ میں پاکستانی پیسر کے جارحانہ باؤنسر پر آسٹریلوی بیٹر نے چکنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا تھا ’’اچھی تھرو کی ہے‘‘، بعد ازاں محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوگیا، اس واقعے پر ردعمل میں بریڈ ہوج نے کہا کہ موئسز ہینریکس نے فیلڈ میں جو رویہ اختیار کیا ان پر پابندی لگنی چاہیے۔ انہوں نے کھیل کی روح کے منافی کام کیا۔ سوشل میڈیا پر آسٹریلوی بیٹر کو سخت تنقید کا سامنا اور پابندی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے، دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے،البتہ یہ ضرور کہاکہ محمد حسنین کے لاہور میں ہونے والے بائیومکینکس ٹیسٹ کی رپورٹ کا جائزہ لیں گے۔

پشاورزلمی آزمودہ ہتھیاروں سے حملے کیلیے تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) پشاوزلمی آزمودہ ہتھیاروں سے حریفوں پر حملے کیلیے تیار ہے،کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ضرورت اور پوزیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے غیرملکی کرکٹرز کو برقرار رکھا،شعیب ملک کا تجربہ کام آئے گا،درمیانی اوورز میں بہتر بولنگ کیلیے عثمان قادر سے امیدیں وابستہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہاکہ ہم نے پی ایس ایل 7کیلیے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کیا،اگلا چیلنج میدان میں اتارنے کیلیے بہتر کمبی نیشن بنانا ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی وجوہات بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں لیام لیونگ اسٹون نہیں آ سکے۔ ہمیں ڈیوڈ ملر کی خدمات حاصل کرنا پڑیں،اس بار لیونگ اسٹون بھی جوائن کررہے ہیں، ثاقب محمود نے کراچی میں منعقدہ میچز میں متاثرکن کارکردگی دکھائی، شرفین ردرفورڈ نے بھی اچھا پرفارم کیا،حضرت اللہ زازئی اور ٹام کوہلر کیڈمور بھی شاندارپرفارمکرنے میں کامیاب ہوئے،ہم نے ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہر پوزیشن کیلیے موزوں کھلاڑیوں کے انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان غیر ملکیوں کو برقرار رکھا۔ پیسر نے کہا کہ تجربہ کار شعیب ملک میرے کیلیے بڑے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ گذشتہ سال میں تھوڑی جدوجہد کر رہا تھا لیکن انھوں نے ہر مشکل صورتحال میں اچھے مشورے دیے، آل راؤنڈر گذشتہ 12 ماہ سے عمدہ پرفارم کر رہے ہیں،ایسے کھلاڑی کی ٹیم میں موجودگی سے دیگر کا حوصلہ بھی جوان رہتا ہے، توقع ہے کہ اس بار گذشتہ سیزن سے بھی بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کامران اکمل کے ساتھ رابطے میں غلط فہمی ہوئی تھی،وکٹ کیپر بیٹر نے ماضی میں پشاور زلمی کی کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا،ان کی واپسی خوشی کی بات ہے۔ وہاب ریاض نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن میں بولنگ یونٹ کے طور پر ہم مشکل میں رہے،البتہ بیٹنگ اچھی رہی، اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ میں تو ہم 245 کا ہدف حاصل کرنے کے قریب تھے، عثمان قادر درمیانی اوورز میں اٹیک کرتے ہیں،وہ پاکستان کے لیے بھی کھیل چکے، امید ہے کہ بولنگ میں ہمارے لیے بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔