All posts by Khabrain News

تنخواہوں میں اضافہ ، فیصل جاوید نے بڑی خوشخبری سنادی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) سینیٹر فیصل جاوید نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی آنے کے ساتھ تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستان نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ، اکانومی کی گروتھ5.7فیصد ، زراعت،صنعتی،سرویزگروتھ میں اضافہ ہوا ، ورلڈ بینک،بلومبرگ ،اکانومسٹ رپورٹس میں پاکستانی ترقی کی پذیرائی کی گئی۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ریکارڈ ایکسپورٹس، ترسیلات اور ریونیو کلیکشن سے چند ہفتے میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کسان اورمزدور کی آمدنی کے ساتھ فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ، تنخواہ دار طبقے کی مشکلات کا اندازہ ہے، مہنگائی میں کمی آنے کے ساتھ تنخواہوں میں بھی اضافہ کیاجائے گا، ہیلتھ انشورنس سب کوپہنچائی جارہی ہے۔

کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ : بلاول بھٹو کا وفاقی حکومت سے مطالبہ

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 3سالوں میں سلیکٹڈ حکومت نے ہماری پوری معیشت کونقصان پہنچایا، صورت حال یہ ہے کہ ہم گندم،چاول، چینی درآمد کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کسانوں کےٹریکٹر ٹرالی مارچ پر اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پی پی پی نے اپنی توپوں کا رخ ایک بار پھر حکومت کی جانب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی کال پر21جنوری سے لاڑکانہ ،ساہیوال سےاحتجاج شروع ہورہا ہے، ہم کسان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر احتجاج کرینگے اور ارباب اقتدار کی توجہ کسانوں کے مسائل کی جانب مبذول کرائیں گے۔
بلاول بھٹو نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ 3سالوں میں سلیکٹڈ حکومت نے ہماری پوری معیشت کو نقصان پہنچایا، پاکستان کی زرعی معیشت تباہ ہوچکی، خان صاحب کےدور حکومت میں کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تھی، ہم گندم، چاول ،چینی ضروریات پوری کرنے کے بعد برآمد کرتےتھے آج درآمد کررہے ہیں۔
کسانوں کےٹریکٹر ٹرالی مارچ پر اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول کا کہنا تھا کہ کسان ہمارا ساتھ دیں، ہم نالائق و نااہل حکومت کو ایکسپوز کریں گے،زرعی معیشت کو بچائیں گے اور عمران کو بھگائیں گے۔

سانحہ داسو : حکومتِ پاکستان کی جانب سے ہلاک چینی شہریوں کی فیملیز کیلئےمعاوضے کا اعلان متوقع

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں نئی مردم وگھرشماری کیلئے 5ارب روپےکی گرانٹ کی منظوری اور سانحہ داسو میں ہلاک چینی شہریوں کی فیملیز کیلئے معاوضے کا اعلان متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث وزیرخزانہ شوکت ترین ورچوئلی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں 18نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا ، جس میں نئی مردم وگھرشماری کیلئے 5ارب روپےکی گرانٹ کی منظوری اور سانحہ داسو میں ہلاک چینی شہریوں کی فیملیز کیلئے معاوضے کا اعلان متوقع ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر کیلئے 4ارب روپے کےفنڈزکی منظوری اور ایف سی بلوچستان کےہیلی کاپٹرکی مرمت کیلئے 6کروڑکی منظوری کا امکان ہے۔
کمیٹی کامیاب پاکستان پروگرام میں پیش رفت کاجائزہ لے گی جبکہ ربی سیزن کیلئےیوریاکی ضروریات اورتمباکوکی کم ازکم قیمت کا بھی تعین کیا جائے گا۔
اجلاس میں افغانستان سے چلغوزے کی درآمد پر45 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا بھی امکان ہے۔

انار کلی دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت، ملزمان کے خاکے تیار

لاہور : (ویب ڈیسک) انار کلی دھماکے میں ملوث ملزمان کے خاکے تیار کرلئے گئے اور تصاویر نادرا کو ارسال کردی گئی، دھماکے میں بچے سمیت3 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں انارکلی دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، علاقے کی جیو فنسنگ اورفوٹیج کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کرلئے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ وقوعہ کے وقت دہشت گرد اور سہولت کار رابطےمیں رہے اور ایک دہشت گردبیگ رکھ کرفرارہوگیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فوٹیجز کے ذریعے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ، دہشت گرد اور سہولتکاروں کی تصاویر نادرا کو بھجوادی گئیں،
دوسری جانب لاہور انارکلی دہشت گردی کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ ایس ایچ اوتھانہ سی ٹی ڈی انسپکٹرعابدبیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں 3 نامعلوم دہشت گردوں کا ذکر کیا گیا اور کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے تفتیشی ٹیموں کو بال بیرنگ اور دیگر مواد ملا۔
تخریب کاری کےدوران آگ لگنےسےموٹرسائیکلیں ،دیگرسامان جل گئے ، دہشت گردی کی کارروائی کےلیےآئی ای ڈی مواداستعمال کیاگیا ، دھماکا خیزمواد رکھنے کے لیے دہشت گرد موٹرسائیکل پر آئے۔
خیال رہے انارکلی بازار میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہوئے تھے، واقعہ کے بعد تحقیقاتی اداروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور جیو فینسنگ کی مدد سے تحقیقات جاری ہے۔
دھماکے کے باعث متاثرہ علاقے میں کاروبار اور معاملات زندگی مفلوج ہے جبکہ واقعہ کے بعد شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔

کراچی: لیاری میں خاتون قتل کے بعد زیادتی کا نشانہ بنادی گئیں

کراچی: (ویب ڈیسک) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں خاتون کی لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا، مقتولہ کو قتل کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری چیل چوک کے قریب 18 جنوری کو خاتون کی لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا، مقتولہ سمیرہ ناز کو الیکٹریشن نے قتل کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایس ایس پی سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ خاتون کو قتل کر کے زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم فرحان کو، جو پیشے سے الیکٹریشن ہے، کلا کوٹ سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم گھر کے کاموں کے لیے اکثر مقتولہ کے گھر آتا جاتا رہتا تھا، ملزم کا کہنا ہے کہ اکثر گھر کے کام کی وجہ سے اس کی خاتون سے بات چیت تھی۔
پولیس کے مطابق ملزم 18 جنوری کو مقتولہ کے گھر لائٹ ٹھیک کرنے پہنچا، ملزم نے موقع دیکھ کرخاتون کو قتل کیا پھر زیادتی کا نشانہ بنایا، قتل کرنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
ملزم کے خلاف قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پنجاب پولیس بھی سائبر کرائم کا شکار، آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا ہے، آفیشل اکاؤنٹ کی بحالی تک پنجاب پولیس اپ ڈیٹس کا ٹویٹر استعمال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے آج صبح اکاؤنٹ ہیک کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے سائبر کرائم ونگ کی معاونت سے کام جاری ہے، آفیشل اکاؤنٹ کی بحالی تک پنجاب پولیس اپ ڈیٹس کا ٹویٹر استعمال ہوگا۔

وزیراعظم کی 5.37 فیصد جی ڈی پی گروتھ پر اپنی ٹیم کو مبارک باد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پانچ اعشاریہ تین سات فیصد جی ڈی پی گروتھ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کوعالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ بلوم برگ نے ترقی کی بلندرفتارکی پیشگوئی کی اور کہا کہ پاکستان روزگارکی سطح کو برقرار رکھے گا۔ کوویڈ کے بعد سے پاکستان کو نارمیلسی انڈیکس میں سرفہرست رکھا۔
انہوں نے کہا کہ دی اکانومسٹ نے ملازمتیں، انسانی جانیں بچانے کی کوشش کو تسلیم کیا۔

منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں 28 جنوری تک توسیع کردی ۔
بینکنگ جرائم کورٹ کے جج سردار طاہر صابر نے شوگر کاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے مقدمے میں عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت کی، حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی جبکہ عدالت نے کورونا وائرس کے شکار شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
دوران سماعت ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت میں توسیع پر اعتراض کیا جس پر جج نے کہا کہ ایف آئی اے والوں نے چالان متعلقہ عدالت میں جمع کروایا نہیں اور اعتراض کررہے ہیں، ایف آئی اے والے سارے نکمے ہیں۔

بجلی صارفین کیلئے بری خبر، 3.12 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ کمیپنی نے دسمبر کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی، کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی سستی کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ نیپرا یکم اور دو فروری کو ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
بجلی صارفین کے لیے بری خبر ، 3 روپے 12 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی تجویز زیر غور ہے، اہل کراچی کو 1 روپے 79 پیسے سستی بجلی ملنےکا امکان ہے۔
سی پی پی سی نے اپنی درخواست میں اضافہ دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے، اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں مہنگے فرنس آئل سے چار فیصد ،ڈیزل سے 2 اعشاریہ 84 فیصد ،مقامی گیس سے 13 اعشاریہ 77 جبکہ درآمدی ایل این جی سے 13 اعشاریہ 50 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
دوسری طرف کے الیکٹرک نے اپنے صارفین کو دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 79 پیسے بجلی سستے دینے کی درخواست دائر کی ہے ۔

کراچی کورونا کے نشانے پر، مثبت کیسز کی شرح 46 فیصد تک پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کورونا کراچی کو ٹارگٹ کرنے لگا، مثبت کیسز کی شرح 46 اعشاریہ پانچ آٹھ فیصد تک پہنچ گئی، اسلام آباد میں شرح 18 اعشاریہ نو ایک، حیدرآباد میں 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں کیسز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ، شہرقائدمیں مثبت کیسز کی شرح چھیالیس اعشاریہ پانچ آٹھ فیصد تک پہنچ گئی۔ حیدر آباد میں مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں تین ہزار 739کیسز رپورٹ ہوئے، موذی وبا کا شکار سترہ مریض جان کی بازی ہار گئے۔
اسلام آباد میں بھی کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، دو سال میں پہلی بار ایک روزمیں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں ایک ہزار 359 کیس سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح اٹھارہ اعشاریہ نوایک فیصد رپورٹ ہوئی۔
راولپنڈی میں شرح سترہ اعشاریہ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی، لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سترہ اعشاریہ نو فیصد تک پہنچ گئی۔
خیبرپختونخوا میں بھی کورونا کیسز بڑھنے لگے، پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 16فیصد ہوگئی۔