All posts by Khabrain News

ترین گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا، مسلم لیگ ن

لاہور: (ویب ڈیسک) جہانگیر ترین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ ترین گروپ اور مسلم لیگ ن کے معاملات طے پا گئے ہیں اور ترین گروپ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت کریں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں ن لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جہانگیز ترین سے بات چیت کا آخری راؤنڈ نتیجہ خیز رہا۔ انہوں نے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
یاد رہے کہ جہانگیر ترین کی مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار سے لندن میں طویل ملاقات ہوئی ہے جس میں ملکی سیاست کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے متحدہ اپوزیشن نے حمزہ شہباز جبکہ پی ٹی آئی نے اتحادی جماعت ق لیگ کے رہنما پرویز الہیٰ کو نامزد کیا ہے۔

افغانستان کے ليے 2.44 بلين ڈالرز کی امداد فراہم کرنے کے وعدے

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنيشنل ڈونرز نے افغانستان کے ليے 2.44 بلين ڈالرز کی امداد فراہم کرنے کے وعدے کيے ہيں۔
اقوام متحدہ نے بتايا کہ اس کا ہدف 4.4 بلين ڈالر تھا، جو حاصل نہ کيا جا سکا۔ عالمی ادارے کے سربراہ انٹونيو گوتريس نے ايک مرتبہ پھر افغانستان کی خطرناک صورتحال سے دنیا کو خبردار کیاہے۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان ميں صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور کئی افغان شہری گزارا کرنے کے ليے اپنے بچے اور اپنے جسمانی اعضاء تک بيچنے پر مجبور ہو چکے ہيں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان کے بقول افغانستان کی پچانوے فيصد آبادی مناسب غذا سے محروم ہے جبکہ نو ملين کو قحط کا خطرہ لاحق ہے۔

رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں ہوگا۔
چاند کی رویت کے لیے زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد میں ہوں گے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے اور شہادتوں کی بنیاد پر پہلے روزہ کا اعلان کرے گی۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو کے نمائندے شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت بیشتر خلیجی و مغربی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔
عمان، ملیشیا، انڈونیشیا، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش و دیگر کچھ ممالک میں کل پہلا روزہ ہونے کا قومی امکان ہے۔

بھارت کی جانب سے میزائل کا پاکستان میں گرنا باعث تشویش ہے: آرمی چیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقاصد کے حصول کیلئے امن ضروری ہے، شہریوں کی سلامتی اور معیشت اہم، عالمی برادری سے ملکر افغان عوام کی مدد کی، اس پر مزید کام کی ضرور ت ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، بھارت کی جانب سے میزائل کا پاکستان میں گرنا باعث تشویش ہے۔
جامع سلامتی کے موضوع پر 2 روزہ اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈائیلاگ کے انعقاد پر معید یوسف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان اہم اقتصادی خطے میں واقع ہے، خطے کو دہشتگردی، غربت، موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خطے کی سکیورٹی اور استحکام ہماری پالیسی کا حصہ ہے، دہشتگردی کیخلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں، شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری ترجیح ہے، ہمسایہ ممالک کیساتھ مل کر امن کیلئے کام کر رہے ہیں، امن و استحکام ترقی اور خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے مسائل کو شراکت داری سے حل کرنے پر گامزن ہے، دہشتگردی کیخلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں، دہشتگردی کیخلاف 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی، ہم نے بے شمار قربانیاں دے کر دہشتگردی پر قابو پایا، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کوشش جاری رکھیں گے، شہریوں کی خوشحالی اور سلامتی ہماری ترجیح ہے، ہمسایہ ممالک کیساتھ مل کر امن کیلئے کام کر رہے ہیں، امن و استحکام ترقی اور خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

‘وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ آج نہیں ہوگی، شیڈول جاری ہوگا’

لاہور: (ویب ڈیسک) سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے کہا ہے کہ نئے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے ووٹنگ آج نہیں ہوگی، آج انتخاب کا شیڈول جاری ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا نئے وزیر اعلی کے انتخاب کیلئے اجلاس کا آغاز آج ہوگا، وزیراعلی پنجاب کے کاغذات نامزدگی کیلئے امیدوار اپنے کاغذات آج جمع کرائیں گے۔ قائد ایوان کے انتخاب کیلئے اجلاس کا ایجنڈا اسمبلی سیکرٹریٹ نے جاری کر دیا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایس او پیز برائے اسمبلی بزنس جاری کر دئیے۔ ایجنڈے کے تحت ارکان اسمبلی کے ساتھ مہمانوں کا داخلہ بند ہے، کوئی ممبر اپنا سیل فون ہاوس میں لے کر نہیں جائے گا، باہر سیکیورٹی کو جمع کرائے گا۔ خواتین ممبرز اپنا ہینڈنگ بیگ سیکیورٹی کو جمع کرائے ہاوس میں لے جانا منع ہے۔ قائد ایوان کے انتخاب کے دن ممبرز اپنا شناختی کارڈ اور اسمبلی کارڈ ہمراہ لائیں۔

شوبز شخصیات عمران خان کی حمایت میں یک زبان

لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف وزیرِاعظم عمران خان کی حمایت کردی ہے ۔
اداکار شان شاہد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ‘اس حلف کو یاد رکھیں، ان الفاظ کو یاد رکھیں، اس جدوجہد کو یاد رکھیں اور ایک سچے لیڈر کو یاد رکھیں جو ہم سب کیلئے لڑ رہا ہے۔ یہی نہیں بلکہ اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان کو مشرق کا شیر قرار دے دیا ہے۔
اداکارہ سائرہ یوسف نے اپنی انسٹا سٹوری پر لکھا کہ وہ ہمیشہ عمران خان کا ہی انتخاب کریں گی۔ اداکار علی عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ‘جب سب گندے انڈے ایک طرف اکھٹے ہوگئے ہیں تو ایک اچھی قوم کو کیا کرنا چاہیے ؟’۔
علی عباس نے مزید لکھا کہ‘وہ عمران خان کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ غلام نہیں بن سکتے۔ اُنہوں نے قوم سے اپیل کی کہ‘ آپ بھی اس ذہنی غلامی سے نکلیں۔ اداکار بلال قریشی اور اداکارہ ایمن خان نے انسٹا گرام پر لکھا کہ ہم پاکستان اور عمران خان کیلئے لڑیں گے۔

امام کو بتایا تھا کہ رن ریٹ نیچے نہیں آنے دینا: بابر اعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ امام الحق کو بتایا تھا کہ رن ریٹ نیچے نہیں آنے دینا۔
بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امام کے ساتھ پارٹنر شپ لگائی اور مثبت نتیجہ نکلا۔ انہوں نے کہا کہ اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، ہم ایک دوسرے کو بیک کرتے ہیں، جو غلطیاں کرتے ہیں اس پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر نے بتایا کہ میچ کے آخری اوورز میں خوشدل اور افتخار نے بہت عمدہ کھیلا ہے۔ بیٹر امام الحق نے کہا کہ لاہور میں کھیلنا اور سنچری کا خواب تھا جو پورا ہوا۔ امام الحق نے کہا کہ ایسی جیت ٹیم کیلئے بہت اچھی ہوتی ہے۔

شاداب خان نے بابر اعظم کو بادشاہ قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے بابر اعظم کو بادشاہ قرار دیدیا۔
ٹوئٹر پر شاداب خان نے گزشتہ رو ز کے میچ کے دوران لی گئی بابر اعظم اور امام الحق کی تصاویر شیئر کیں اور بابر کو بادشاہ قرار دیا۔ شاداب نے بابر اعظم اور امام الحق کی سنچریوں کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایک ضروری بات وہ یہ کہ بادشاہ ایک ہے اور وہ بابر ہے۔
شاداب نے ٹویٹ میں ٹیم کی کوشش اور فاسٹ بالر زکو بہترین کھیل پیش کرنے پر بھی سراہا۔ انہوں نے لکھا کہ فخر زمان نے اچھا آغاز کیا، افتخار اور خوشدل نے پرسکون انداز میں میچ کو ختم کیا۔ شاداب نے شائقین کو امید دلائی کہ یقین رکھیں ہم بحیثیت ٹیم سخت محنت کریں گے۔

کورونا کی پانچویں لہر میں مسلسل کمی، 1 شخص جاں بحق، 208 نئے کیسز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر کے وار کم ہونے لگے۔ ملک میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 30 ہزار 360 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 15 لاکھ 25 ہزار 181 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 280 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 5 لاکھ 5 ہزار 87، سندھ میں 5 لاکھ 75 ہزار 473، خیبرپختونخوا میں 2 لاکھ 19 ہزار 81، بلوچستان میں 35 ہزار 475، گلگت بلتستان میں 11 ہزار 708، اسلام آباد میں ایک لاکھ 35 ہزار 83 جبکہ آزاد کشمیر میں 43 ہزار 274 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 75 لاکھ 31 ہزار 61 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 176 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 14 لاکھ 85 ہزار 996 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 374 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 30 ہزار 360 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 557، سندھ میں 8 ہزار 97، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 322، اسلام آباد میں ایک ہزار 23، بلوچستان میں 378، گلگت بلتستان میں 191 اور آزاد کشمیر میں 792 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

متحدہ اپوزیشن نے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں سیاسی ماحول گرم ہوتے ہی متحدہ اپوزیشن نے حمزہ شہبازشریف کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے حمزہ شہباز کے نام کی سفارش کی تھی۔ پارلیمانی پارٹی کو حمزہ شہباز کے علاوہ دوسرے نام کا بھی کہا گیا۔ پنجاب کی پارلیمانی پارٹی نے دوبارہ بھی متفقہ طور پر حمزہ شہباز کا نام تجویز کیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود اور خواجہ عمران نذیر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار حمزہ شہباز ہوں گے۔
خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ فلور کراسنگ والی کوئی بات نہیں ہے، لوگوں نے اپنے حلقوں میں بھی واپس جانا ہے۔ ہم انشاء اللہ کامیابی حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کا استعفیٰ منظور ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران تحریک مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب میں اپنا امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔