All posts by Khabrain News

عمران خان نے منحرف ارکان قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات نامعقول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت ختم ہو گیا، ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔
وزیراعظم نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات نامعقول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی کی اہم ملاقات ہوئی، چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز تیار ہو گیا۔ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے۔
تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے (ون) کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جارہے ہیں، وزیراعظم نے بے ضمیر اراکین کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں۔
مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ دستور اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے، ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے، ضمیر فروشی اور ہارس ٹریڈنگ جیسے سنگین دستوری جرم کے مرتکب اراکین صادق و امین بھی نہیں رہے، چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کرلئے ہیں، منحرف اراکین کیخلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے جائیں گے۔

عمران خان نے دنیا، دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا: شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں عمران خان نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا۔
نیوز کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ احتساب کا بیانیہ دم توڑچکا، آج تک جتنے بھی میگا اسکینڈل عمران نیازی کے ناک کے نیچے ہوئے ایک ریفرنس نیب کونہیں بھیجا گیا۔ چینی، ادویات، گندم، گیس، پاورپلانٹس کے اربوں کے سکینڈل سامنے آئے، مہنگے ترین فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنائی گئی، بی آرٹی پشاور، مالم جبہ سمیت کسی ایک کیس کی تحقیقات نہیں کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے خلاف درجنوں کے حساب سے مقدمات درج کیے گئے، ایک بھی مقدمے کے شواہد سامنے نہیں لاسکے۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے میرے خلاف پونے دوسال تحقیقات کی۔ کہا ڈرون حملوں پرنوازشریف نے کچھ نہیں کیا تاریخ کومسخ کرنے کے مترادف ہے، میرے قائد ڈرون حملوں پر پورا مقدمہ لڑتے تھے، یہ ساری باتیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اب عمران خان کہہ رہے ہیں کہ عالمی سازش ہوئی، وزیراعظم نے معاشرے میں زہر گھولا ایسے شخص کی تقریرنہیں سنتا، کل اس نے کہا نوازشریف، شہبازشریف مغرب کے خلاف کیا بات کریں گے، تمہیں شرم آنی چاہیے ایسی بات کرتے ہو، ایک دھیلا تم لیگی قائد اورمیرے خلاف ثابت نہیں کرسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ٹرمپ سے ملاقات میں بڑے اچھے انداز میں ملاقات کی اور کہا دوسرا ورلڈکپ لیکرآرہا ہوں، اس شخص نے دنیا اور دوست ممالک سے تعلقات کا بیڑہ غرق کر دیا، چین نے ہر ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ کس نے سی پیک کے خلاف دشنام تراشی کی، عمران خان، اسدعمر، پرویزخٹک نے سی پیک کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کیا تھا۔ سی پیک میں قرضے اورانویسٹمنٹ بھی شامل ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دن رات پروپیگنڈا کیا جاتا تھا، لاہوراورنج لائن، انفراسٹرکچر پر 8 فیصد نہیں سوا 2 فیصد پر قرضے لیے گئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے پونے چارسالوں میں پاکستان کے تعلقات کونقصان پہنچایا، شاہ محمود نے کہا سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیرکا مقدمہ لڑ سکتے ہیں، خط7 مارچ کو آیا تو 3 ہفتے کیوں چپ رہے؟ نیشنل سیکیورٹی میں بعد میں گئے، کل پہلے کہا امریکا پھر کہا نہیں، نہیں، اندازہ کریں اتنے بچے معصومی میں امریکا کا نام لے گئے پھر کہا نہیں، نہیں، اگرامریکا نے خط لکھا تھا تو اوآئی سی میں امریکی وفد کو کیوں دعوت دی، خدا کا خوف کریں کس کوبیوقوف بنارہے ہیں۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ خود عمران نیازی نے ملتان میٹرو کے چینی کمپنی کے خلاف الزام لگائے، ملتان میٹرومیں لگائے گئے الزامات آج تک ثابت نہیں کرسکے۔ چین کی کمپنیوں پربھی کرپشن کے الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپ کا آخری ہتھکنڈا ہے، کل پارلیمان میں 172 ارکان موجود تھے، آپ اچھی طرح جانتے ہیں پرسوں شکست فاش ہو گی، شکست فاش نظرآنے پرایک لاکھ لوگوں کولانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ابھی تک ہمارے کسی ممبر، اتحادی پارٹیوں کو کوئی تھیرٹ والی کال نہیں کی گئی، ہم نے انتظامیہ، پولیس کو کہا ہے ووٹنگ والے دن سیکیورٹی کا بندوبست کریں، اگرپرامن ووٹنگ کے لیے کہیں رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر انتظامیہ کٹہرے میں ہو گی، متحدہ اپوزیشن متحد ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کوکئی دانے پھینکے گئے لیکن انہوں نے پرواہ نہیں کی، پرسوں عمران نیازی کو شکست فاش ہو گی، ابھی عثمان بزدارکے استعفے کا پتا چلا ہے، کل ہی اجلاس بلا لیا گیا اس سے بڑی کوئی دھاندلی ہو سکتی ہے، پنجاب میں مشاورت سے فیصلہ کریں گے، کوئی بڑا بول نہیں بولوں گا، ہم نے کبھی کرپشن کے خاتمہ کرنے کا ڈھونڈورا نہیں پیٹا، عمران خان نے 90 دن میں کرپشن کے خاتمے کا اعلان کیا تھا، ہم نے کبھی 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا نعرہ نہیں لگایا، ہمارے ادوار کی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔ متحدہ اپوزیشن کی حکومت معرض وجود میں آئے گی، غریب کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں گے، جو اقدامات کریں گے ابھی اس کا اعلان نہیں کرنا چاہتا، آئی ایم ایف کے ہم اسیر بن چکے ہیں، یورپ کے خلاف باتیں کر کے پاکستان کی روٹی کو سکیڑنا چاہتے ہیں۔

آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن ن لیگ میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک)  پنجاب اسمبلی میں آزاد رکن اسمبلی جنگو محسن (سیّدہ میمنات محسن) نے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ جگنو محسن پی پی 184 سے 2018ء میں آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے خوش اسلوبی سے مجھے بلایا۔ اس پارٹی میں شامل ہورہی ہوں جہاں ہمیشہ جمہوریت کا تسلسل رہا، ہمارے درمیان زیرک سیاست دان موجود ہیں جو مشکلات سےنکالیں گے۔
جگنو محسن نے کہا کہ لیگی صدر شہباز شریف نے قدم قدم پر میرے کام کو سراہا، ن لیگ کی قیادت اور کارکنوں نے بہت قربانیاں دیں، میرے حلقے کی عوام مجھے حکم دے رہی ہے، حلقے کی عوام نے کہا ہمارے کام کرنے ہیں، میرا عطا تارڑ کی قیادت سے بھی مسلسل رابطہ رہا، وقت آ گیا ہے کہ عوام کی حکمرانی کےلیے فیصلہ کروں۔ چھوٹے صوبوں کی سنیں گے، معیشت کو مستحکم کریں گے، پورے پاکستان کے رنگ پی ڈی ایم میں جھلکتے ہیں۔
حمزہ شہباز کی جانب سے جگنو محسن کی شمولیت کا خیر مقدم کیا گیا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے حلقہ پی پی184سے آزاد رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات کی تھی۔

یوکرین کا روس پر پہلا فضائی حملہ، آئل ڈپو تباہ کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) یوکرین نے ایک ماہ سے جاری جنگ کے دوران پہلی بار روسی سرزمین کو نشانہ بنایا ہے جس میں ایک آئل ڈپو کو تباہ کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے 2 ہیلی کاپٹرز نچلی پرواز کرتے ہوئے روس شہر بلگورود میں داخل ہوئے اور مختلف اہداف پر متعدد میزائل داغے۔
روس نے بھی تصدیق کی ہے کہ یوکرین کے دو ہیلی کاپٹرز فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہر میں داخل ہوئے اور آئل ڈپو کو نشانہ بنایا۔
روس کے جس شہر کے آئل ڈپو کونشانہ بنایا گیا وی یوکرین کی سرحد سے محض 35 کلومیٹرز کی دوری پر ہے۔
خیال رہے کہ 27 فروری سے شروع ہونے والی جنگ کے دوران یوکرین کی جانب سے روسی سرزمین پر کیا جانے والا یہ پہلا حملہ ہے۔
دوسری جانب استنبول میں فریقین کے درمیان مذاکرات بھی جاری ہیں اور خارکیف کے گورنر نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی افواج نے کئی علاقوں کو خالی کردیا ہے۔

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ طے پا گیا

ابوظہبی / تل ابیب: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان آزادانہ تجارت کا معاہدہ طے پاگیا جس کے تحت 95 فیصد تجارتی پروڈکٹس کسٹم فری ہوں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی وزارت معیشت اور متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت 95 فیصد تجارتی پروڈکٹس کو کسٹم فری قرار دیا گیا ہے جن میں زراعت، خوراک، طب، کاسمیٹک اور سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔
اسرائیل اور امارات کے اعلیٰ حکام کے درمیان طے پانے والے آزادانہ تجارت کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو انتہائی آسان بنادیا گیا ہے۔
اس معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب جلد ہی منعقد ہوگئی جس کے بعد یہ تاریخی معاہدہ فوری طور پر نافذالعمل ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے 2020 میں اسرائیل کو تسلیم کرکے سفارتی تعلقات بحال کرلیے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے لیے گفت و شنید جاری تھی۔

جنوبی کوريا میں 2 فوجی طیارے آپس میں ٹکرا گئے، 4 پائلٹس ہلاک

سیئول: (ویب ڈیسک) تربیتی پرواز کے دوران فضا میں جنوبی کوريا کے 2 فوجی طیاروں کے تصادم میں 4 پائلٹس ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے مشرقی شہر ساچیون میں واقع ’’کے ٹی و ن‘‘ ایئر بیس کے نزدیک دو فوجی طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ طیارے ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگئے اور ان میں آگ بھڑک اُٹھی۔
طیاروں میں لگنے والی آگ اتنی شدید تھی کہ اسے بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کے عملے کے 30 ارکان کو طلب کیا گیا تھا جنھوں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
طیارے کے ملبے سے 3 لاشیں نکالی گئیں جب کہ ایک پائلٹ لاپتہ تھا جس کی لاش سرچ آپریشن کے دوران قریبی علاقے سے مل گئی۔ ہلاک ہونے والے پائلٹس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔

سری لنکا میں ڈیزل ختم ، مشتعل مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں اقتصادی بحران شدید ہوگیا۔ کولمبو میں مشتعل مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا میں تاریخ کا بدترین اقتصادی بحران جاری ہے۔ ملک میں ایندھن ختم ہوگیا ہے اوردواؤں کی شدید قلت ہوگئی ہے۔ دارالحکومت کولمبو میں غیرمعینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کردیا گیا۔
حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے سیکڑوں مظاہرین نے صدارتی محل پردھاوا بول دیا۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنے کھڑے فوجی ٹرک کوبھی آگ لگا دی۔مظاہرین نے صدرسے استعفی دینے کا مطالبہ کیا اورحکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
سری لنکا کی حکومت کی جانب سے تیل کمپنیوں کو عدم ادائیگی کے باعث ڈیزل ختم ہوگیا ہے۔ حکومت نے پورے ملک میں روزانہ 10 گھنٹے بجلی بند رکھنے کااعلان کیا ہے۔ملک میں دواؤں کی بھی شدید قلت ہوگئی ہے۔
سری لنکا میں صدر راجا پکسا کے بڑے بھائی وزیراعظم، ایک چھوٹے بھائی وزیرخزانہ جبکہ دوسرے چھوٹے بھائی وزیرزراعت ہیں۔ سری لنکن صدرکے بھتیجے وزیرکھیل ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل جھونکے گئے اس لئے کامیابی ملی،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں وزیراعظم، وزیراعلی اوروفاقی وزرا نے انتخابی مہم چلائی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں سرکاری وسائل جھونکے گئے اس لئے حکومت وہاں جیتی۔وزیراعظم، وزیراعلی اوروفاقی وزرا نے انتخابی مہم چلائی۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹ بولنے کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جو اس حکومت کے پاس نہیں ہے۔بمپر کراپ کہاں گئی ، گندم، کھاد، چینی ہم درآمد کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈھائی ارب روپے یومیہ قرض لیکر سود ادا کررہی ہے۔ ملک کے چار سستے بجلی کے کارخانوں کو ڈیزل پر ٹرانسفر کیا گیا جس سے بجلی مہنگی کردی گئی۔یہ سب کچھ حکومتی نااہلی کے سبب ہورہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سستے ترین بجلی کے کارخانے بند ہوچکے ہیں اور 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔تیل کی وجہ سے ہی پیسے بنائے جاتے ہیں اور کرپشن کی جاتی ہے۔

معروف بالی ووڈ کورویو گرافر گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے معروف کورویوگرافر گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی اور تعاقب کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
بالی ووڈ کے معروف کوریو گرافر گنیش اچاریہ کے خلاف 2020 میں ان کی ایک ساتھی ڈانسر کی جانب سے دائر کیے گئے جنسی ہراسانی کے مقدمے میں تازہ ترین اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق ممبئی پولیس نے گنیش اچاریہ پر جنسی ہراسانی اور تعاقب کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
کیس کی تحقیقات کرنے والے اوشیوارا پولیس آفیسر سندیپ شندے کے مطابق کورویوگرافر گنیش اچاریہ کے خلاف چارج شیٹ حال ہی میں ممبئی کی ایک مجسٹریٹ عدالت میں داخل کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے گنیش اچاریہ اور ان کے اسسٹنٹ پر انڈین پیل کوڈ کے سیکشن 354اے(جنسی طور پر ہراساں کرنا)، 354سی (ویورزم)، 354ڈی(پیچھا کرنا)، 509(کسی بھی عورت کی توہین کرنا)، 323(دکھ پہنچانا)، 504(امن کی خلاف ورزی پر اکسانے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین کرنا)، 506 (مجرمانہ دھمکی)، 34 (جرم کرنے کے مشترکہ ارادہ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
گنیش اچاریہ کے اسسٹنٹ کا کہنا ہے کہ انہیں چارج شیٹ شیٹ داخل ہونے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ تاہم گنیش اچاریہ نے کیس میں ہونے والی تازہ کارروائی پر فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ ماضی میں گنیش اچاریہ اپنے اوپر لگے ان تمام الزامات کی تردید کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ساتھی ڈانسر کی جانب سے ان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط اور بے بنیاد ہیں۔
2020 میں جب گنیش اچاریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی تو ان کی قانونی ٹیم نے شکایت کنندہ خاتون ڈانسر کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ساتھی ڈانسر نے ان پر الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ گنیش اچاریہ کے ساتھ جنسی تعلقات کو مسترد کرنے کے بعد انہوں نے اسے ہراساں کرنا شروع کردیا۔ اس کے علاوہ ڈانسر نے گنیش اچاریہ پر فحش تبصرے کرنے، فحش فلم دکھانے اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا الزام بھی لگایا۔
شکایت کنندہ خاتون کے مطابق 2019 میں گنیش نے ان سے کہا تھا کہ اگر وہ انڈسٹری میں کامیاب ہونا چاہتی ہے تو اس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرے۔ لیکن خاتون ڈانسر نے انکار کر دیا، اور چھ ماہ بعد انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن کوریوگرافرز ایسوسی ایشن نے اس کی رکنیت ختم کردی۔
خاتون ڈانسر نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ 2020 میں ایک میٹنگ میں، کوریوگرافر نے مبینہ طور پر اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور اس کے معاونین نے اس پر حملہ کیا۔

بیس روپے چرانے کیلئے 3 دکانوں کا تالا توڑ ڈالا

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارتی شہری نے بیس روپے چرانے کیلئے 3 دکانوں کا تالا توڑ ڈالا، تاجر برادری تالا توڑ وارداتیں دیکھ کر خوفزدہ ہو گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہر فتح پور میں چوری کی انوکھی واردات ہوئی، دکاندار تالے ٹوٹے دیکھ کر شدید خوفزدہ ہو گئے۔ پولیس کو مطلع کیا، واقعے کی تفتیش شروع ہوئی، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد بھی لی گئی۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ تین دکانوں کا تالا توڑ کر چور نے صرف بیس روپے چرائے تھے تا کہ وہ کرکرے پاپڑ کھا سکے۔ پولیس نے ویڈیو کی مدد سے جب چور کو گرفتار کیا تو پتہ چلا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ اس کا کرکرے پاپڑ کھانے کو جی چاہا، پیسے نہیں تھے تو اس نے دکانوں کے تالے توڑے۔