All posts by Khabrain News

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا اور ووٹوں کی گنتی شروع ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں الیکشن کا انعقاد کیا گیا، ایبٹ آباد، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان، کولائی پلاس، لوئر کوہستان، مانسہرہ، جنوبی وزیرستان، اپر کوہستان، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، لوئر دیر، اپر چترال میں پولنگ ہوئی۔
15 سو سے زائد پولنگ سٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ، جہاں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ 54 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

ملک میں ایمرجنسی لگ رہی کہ نہیں مجھے نہیں معلوم: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی لگ رہی کہ نہیں مجھے نہیں معلوم۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ جو بھی ہورہا غلط ہورہا، ہمیں معلوم ہے کن کے کہنے پر ہورہا، یہ جو مرضی کرلیں فتح عمران خان کی ہوگی۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آخری بال تک کھلیں گے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دھمکی آمیز خط توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانا چاہتے ہیں، تاہم اپوزیشن نے آج اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمانی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خفیہ خط کے مندرجات سامنے آئے تھے جس میں بتایا گیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا مقصد عمران خان کو ہٹانا ہے ، وزیراعظم کی خارجہ پالیسی آزاد ہے جسے پسند نہیں کیا جارہا، اگر عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو پاکستان کے ساتھ معاملات بہتر ہوسکتے ہیں، بصورت دیگر مشکلات کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

عمران خان مستعفی ہوجائیں اور شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے دیں: بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو میرا واضح پیغام ہے ان کے لیے کوئی محفوظ راستہ نہیں ہے، مستعفی ہوجائیں اور شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے دیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ خط کے حوالے سے 3 دن بعد جو سوال پوچھنا چاہیں، ہم سے دریافت کرلیں، ہماری معلومات کےمطابق عمران خان کےایک وزیر نے یہ خط خود سفیر سے لکھوا کر خود کو بھجوایا اور پھر وزیراعظم کو دیا۔ ایسی کوئی صورت حال نہیں کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایاجائے، عمران خان کا قومی سلامتی کے اداروں کو متنازع کرنا انتہائی خوفناک عمل ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو میرا واضح پیغام ہے ان کے لیے کوئی محفوظ راستہ نہیں ہے، عمران خان آج ہی مستعفی ہوجائیں اور قائد حزب اختلاف کو اعتماد کا ووٹ لینے دیں، عمران خان کے لیے نہ این آر او نہ ایمنسٹی اور نہ کوئی بیک ڈور ایگزٹ ہے، عمران خان آپ عزت مندانہ راستہ اختیار کریں، آج ہی مستعفی ہوجائیں اور قائدحزب اختلاف کو اعتماد کا ووٹ لینے دیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ ملک کے قومی کھلاڑی تھے، عوام کو اسپورٹس مین اسپرٹ کا پیغام بھیجیں، عمران خان آپ اپنی اننگز کھیل چکے اور شفاف عمل کے ذریعے شکست بھی کھا چکے، عمران خان آپ عوام کو مزید مشکلات سے دو چار نہ کریں، آئینی بحران پیدا نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آئیں آپ اپنی عددی قوت کامظاہرہ کریں،ہم بھی اپنی عددی قوت دکھاتےہیں، آپ کو تجویز دی گئی ہے کہ عدم اعتماد کے جمہوری ہتھیار کو بیرونی سازش قرار دیں اور اداروں پر دباؤ ڈالیں، غیرسیاسی اکائیوں کو متنازع بنائیں،فوج کو ورغلائیں۔ اپوزیشن اور اس ملک کے عوام جمہوریت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، کسی کے کاندھوں پر سوار ہو کر تحریک عدم اعتماد کے لیے یہ کامیابیاں حاصل نہیں کیں۔

اپوزیشن قرارداد واپس لے کر اپنی عزت بچائے، بابر اعوان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن قرارداد واپس لے کر اپنی عزت بچائے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور منحرف ارکان کو آرٹیکل 63 اے کے تحت ڈی سیٹ کرائیں گے۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا درمیان کا کوئی راستہ نکل سکتا ہے؟ جس پر بابر اعوان نے کہا کہ درمیان کا راستہ کیوں نہیں نکل سکتا۔ راستہ یہ ہے کہ اپوزیشن قرارداد واپس لے کر اپنی عزت بچائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے۔

پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا تسلسل دیکھنے کے خواہاں ہیں: فیفا حکام

لاہور: (ویب ڈیسک) فیڈریشن انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) کے حکام نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا تسلسل دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
72 ویں فیفا کانگریس میں پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی وفد نے فیفا حکام سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں پاکستان فٹبال کی جلد بحالی کیلئے وفد اراکین نے بات چیت کی۔
فیفا نے نارملائزیشن کی مکمل سپورٹ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا بھی کیا۔
وفد میں چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک، اراکین شاہد کھوکھر اور حارث عظمت شامل تھے۔
ہارون ملک نے کہا کہ پاکستان فٹبال کی بحالی کیلئے فیفا اور اے ایف سی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

دوسرا ون ڈے میچ: آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے349 رنز کا ہدف

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں جیتنے کے لئے 349 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جاری دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ی۔
پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینگروز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 348 رنز بنائے، بین مک ڈرموٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 104 رنز کی باری کھیلی، ٹریوس ہیڈ 89 اور کپتان فنچ صفر،مارنس لبوشین 59، الیکس کیری، کیمرون گرین 5،5،مارکس سٹوئنس 49 اور شان ایبٹ 28 سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔
بابر الیون کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم جونیئر نے 2، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے پاکستان کے سکواڈ میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زاہد محمود شامل ہیں۔
پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، ٹریوس ہیڈ، بین مک ڈرموٹ، مارنس لبوشین، مارکس سٹوئنس، ایلکس کیری، کیمرون گرین، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا اور مچل سویپسن شامل ہیں۔

پنجاب حکومت کا صوبے میں مزید اضلاع بنانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے کے ایڈمنسٹریٹر بنیادوں پر مزید اضلاع بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصلییں بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے 2 اضلاع بنانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مری اور تونسہ کو بھی ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 2 تحصیلیں بنائی جائیں گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبوداورگڈگورننس کے لیے نئے اضلاع بنائے جارہے ہیں۔ اس پر کافی دیر سے کام کررہے ہیں۔اس کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں طالبات کے لئے نرسنگ کالجز میں داخلے کے لئے 20فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پسماندہ علاقوں کی پڑھی لکھی بچیوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

قومی مجرم کو کسی صورت این آراو نہیں ملے گا، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ قومی مجرم کو کسی صورت این آراو نہیں ملے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر عمران کی حکومت کا خاتمہ بین الاقوامی سازش ہے تو وہ اپوزیشن سے این آر او مانگ کر خود اپنے خلاف سازش میں کیوں شریک ہو رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران کے ڈرامے ان جرائم کا خوف ہے جو اس کے اقتدار کے بعد سامنے آنے ہیں، ایک قومی مجرم کو کسی صورت این آراو نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ جس میں اعلی عسکری حکام بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور دیگر وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا 24 نکات پر مشتمل ہے۔ جسکے مطابق وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کریں گے۔ عدم اعتماد کی تحریک ایجنڈے میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ ایجنڈے پر موجود معمول کی کارروائی معطل کر کے تحریک عدم اعتماد پر بحث کرآئی جائے گی۔
رولز کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد کم سے کم 3 دن تک ایوان میں بحث ہوگی۔ رولز کے مطابق بحث کو سات دن تک جاری رکھنا اسپیکر کی صوابدید پر منحصر ہے۔ اس سے پہلے ایجنڈا میں وقفہ سوالات اور ایک توجہ دلاو نوٹس ہوگا۔ مشیر پارلیمانی امور الیکشن ایکٹ ترمیمی (دوسری ترمیم) بل ایوان میں پیش کریں گے۔
مشیر پارلیمانی امور الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس ایوان میں پیش کریں گے۔ اپوزیشن کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں۔ عمران خان اب وزارت عظمی کے عہدے پر نہیں رہ سکتے۔

خط بھی جعلی، یہ بھی جعلی اور ان کا مینڈیٹ بھی جعلی ہے: آصف زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے مبینہ دھمکی آمیز خط پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ یہ خط کاجائزہ خود لیں نہ لیں، خط بھی جعلی، یہ بھی جعلی ہیں اور ان کا مینڈیٹ بھی جعلی ہے۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دھمکی آمیز خط کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی اجلاس کا نوٹس جاری کیا جس میں اپوزیشن کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاہم اپوزیشن نے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔