All posts by Khabrain News

سلمان خان اپنے باڈی گارڈ ’ شیرا ‘کو سالانہ کتنے کروڑ تنخواہ دیتے ہیں؟

بالی وڈ کے دبنگ سلمان خان کی طرح ان کے باڈی گارڈ ’شیرا‘ ناصرف عوامی سطح پر بہت مقبول ہیں بلکہ انہیں دبنگ اداکار کا اعتماد بھی حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ شیرا کو اکثر و بیشتر سلمان خان کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیرا گزشتہ 27 سالوں سے سلمان خان کے باڈی گارڈ کے طور پر فرائض نبھا رہے ہیں۔
یہی نہیں سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا امریکی گلوگار جسٹن بیبر کو بھی ان کے دورہ بھارت کے دوران سکیورٹی فراہم کر چکے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں سلمان خان کے معروف باڈی گارڈ شیرا سالانہ کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کیے گئے دعوے کے مطابق سلمان خان شیرا کو ماہانہ 15 لاکھ بھارتی روپے اور سالانہ (دو کروڑ ) کے قریب تنخواہ دیتے ہیں۔

سچل گیس پلانٹ سے یومیہ دو کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع

سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ سے سوئی ناردرن کو دو کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع ہوگئی، مزید 9 کروڑ کیوبک فٹ گیس رواں سال اسی سسٹم کا حصہ بنے گی۔
ملکی سستی گیس کی سپلائی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، ماڑی پیٹرولیم نے 15 سالہ قبل دریافت کی گئی گیس کو قابل استعمال بنا دیا۔
سچل گیس پراسیسنگ پلانٹ کے ذریعے 2 کروڑ کیوبک فٹ یومیہ سستی گیس کی سپلائی شروع ہوگئی۔ ماڑی پیٹرولیم نے 25 کلومیٹر طویل پائپ لائن تعمیر کرکے سوئی ناردرن کو سپلائی شروع کردی۔
ایم ڈی ماڑی پیٹرولیم فہیم حیدر نے کہا ہے کہ 9 کروڑ کیوبک فٹ مزید گیس اسی سسٹم کے ذریعے رواں سال سوئی ناردرن کو سپلائی ہوگی، یہ پیداوار ملکی مجموعی گیس سپلائی کا 6 فیصد حصہ بن جائے گی، جون 2021ء میں بھی ماڑی پیٹرولیم نے 4 کروڑ کیوبک فٹ گیس سسٹم میں شامل کی۔
ایم ڈی فہیم حیدر نے مزید کہا کہ یہ اقدام ماڑی پیٹرولیم کی گیس پیداوار میں اضافے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

ون ڈے میں پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا، آسٹریلوی کپتان

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کہتے ہیں کہ ون ڈے میں بہترین پرفارمنس دینے والی پاکستانی ٹیم کو ہوم گراونڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔
پری میچ ورچوئل پریس کانفرنس میں مہمان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھے آغاز کے خواہشمند ہیں، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی میں پہلی بار آنے کا موقع ملا ہے اور سیریز شروع ہونے کا بےتابی سے متنظر ہوں۔
ایرون فنچ نے کہا کہ مچل مارش گزشتہ روز پریکٹس میں انجری کا شکار ہوئے ہیں، ان کی دستیابی کا فیصلہ اسکین رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی جیسے ورلڈ کلاس کرکٹرز پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں، شاہین شاہ آفریدی اچھی سوئنگ کرتے ہیں۔ حارث روف، حسن علی اور عثمان قادر بھی بہترین بولنگ کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ دسمبر 2020 کے بعد ون ڈے میچز پہلی بار کھیلنے جا رہے ہیں لیکن بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ایشیائی پچز بیٹنگ کے لیے زیادہ تر سازگار ہوتی ہیں، اس لیے کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر برتری ثابت کریں۔
ایرون فنچ نے کہا کہ آخری ٹیسٹ میں پیٹ کمنز نے ڈیکلیئریشن کا دلیرانہ فیصلہ کیا اور ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے مورال میں اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیو اسمتھ کی کمی محسوس کریں گے ایلکس کیری، میکڈر موٹ اور کرس گرین سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، ون ڈے ورلڈکپ ابھی دور ہے لیکن یہ سیریز بھی اس کی تیاری میں مدد دے گی۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک اچھا کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں صرف ایک میچ ہے تاہم سری لنکا میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں جس سے تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔

ایشیا کپ کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ طے پا گیا

ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ طے پا گیا، قومی ٹیم اس دورے میں سات انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
سیکریٹری ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی 22 اپریل کو یورپ روانگی کا پلان بنایا جا رہا ہے، جہاں وہ اسپین، ہالینڈ، بیلجیم اور جرمنی کے ساتھ سات میچز کھیلے گی۔
مئی کے پہلے ہفتے واپسی کے بعد دوبارہ ہاکی ٹیم کا مختصر کیمپ ہوگا جس کے بعد وہ ایشیا کپ کھیلنے جکارتہ جائے گی۔
آصف باجوہ کے مطابق ہماری مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ سیریز کے لیے بھی بات کر رہے ہیں، پاکستان کے دورے پر موجود جرمن ہاکی لیجند اسٹفین بلوشر نے پاکستان جرمن ہاکی سیریز کرانے کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، ہالینڈ ہاکی فیدریشن کے صدر سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کریں گے۔
ایشین گیمز کے بعد کوشش کریں گے کہ پاکستان میں چار ملکی ٹورنامنٹ یا کسی بڑی غیرملکی ٹیم کو بلاکر پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیوں کو بحال کریں۔

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی عثمان بزدار کی ملاقات، عدم اعتماد پر مشاورت

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی جس کے دوران وفاق اور پنجاب میں تحریک عدم اعتمادکے بعد پیدا شدہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ قبل ازیں عدم اعتماد کے معاملے پر حکومتی وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی سے ملاقات کی جس کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومتی وفد نے ق لیگ کو منانے کی کوشش کرتے ہوئے حمایت کی درخواست کی۔
قومی و پنجاب اسمبلی میں تحاریک عدم اعتماد کے بعد حکومت کسی قدر دباو میں نظر آتی ہے، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کی تیاریاں جاری ہیں۔

طالبان نے برطانوی نشریاتی ادارے کی مقامی نشریات بند کردیں

طالبان نے افغانستان  میں بی بی سی کی مقامی زبان میں نشریات بند کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی افغانستان میں تین بڑی زبانوں میں چلنے والی نشریات کو بند کردیا۔

بی بی سی کا کہنا ہے کہ نشریاتی ادارے کی پشتو، فارسی اور ازبک زبان میں چلنے والی نشریات کو بند کردیا گیا ہے جب کہ طالبان نے بین الاقوامی براڈ کاسٹرز کو فوری طورپر نشریات آف ائیر کرنے کا حکم دیا ہے۔

افغانستان میں بی بی سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غیر مستحکم اور پریشان کن صورتحال میں یہ افغانستان کے لوگوں کے لیے تشویشناک ہے کیونکہ ہر ہفتے تقریباً 6 ملین افغان شہری بی بی سی کی یہ نشریات دیکھتے ہیں جنہیں اب اس سے محروم کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے کا کہنا ہےکہ اس حوالے سے طالبان کی وزارت اطلاعات کے ترجمان نے کسی قسم کا بیان دینے سے گریز کیا ہے۔

افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے بی بی سی کی نشریات بند ہونے کی مذمت کی ہے۔

سرجن حضرات کی تربیت کرنے والے ’اسمارٹ‘ دستانے

سڈنی: ہم جانتے ہیں کہ جراحی کے نازک عمل میں ہاتھوں کی مہارت اور درست حرکت کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لیے اب آسٹریلوی ماہرین نے طبی طالبعلموں کے لیے سینسر سے بھرا دستانہ glove بنایا ہے جو ہاتھوں کی حرکات کی رہنمائی کرتا ہے۔

سرجیکل دستانوں میں لگے سینسر پہننے والے کی انگلیوں اور حرکات پر نظر رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فیڈ بک اور رہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں۔ اس میں انگشتِ شہات، انگوٹھے اور درمیانی انگلی کی پشت پر تاروں سے جڑے سینسر ہیں۔ یہ تار کی صورت میں ہیں جنہیں ’انرشیئل میژرمنٹ یونٹس‘ یا ائی ایم یو کہا جتا ہے۔ اس طرح ایک دستانے میں کل سینسر یا یونٹ کی تعداد نو کے قریب ہے۔

آنے جانے کا سلسلہ ووٹنگ سے ایک گھنٹہ پہلے تک جاری رہے گا، فواد چوہدری

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادی جماعتیں پی ٹی آئی کا نہیں حکومت کا حصہ ہیں، ووٹنگ سے ایک گھنٹے پہلے تک آنے اور جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل کے جلسے میں شریک ہونے والے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کل اسلام آباد میں ہوا اور آپ نے دیکھا کہ کل اسلام آباد کے در و دیوار لرز گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے میں نے کہا تھا کہ جو لوگ تحریک عدم اعتماد کی حمایت کر رہے ہیں ان کو 10 لاکھ عوام میں سے گزر کر جانا ہوگا، لیکن کل کے جلسے کے بعد میں کہتا ہوں انہیں 20 کروڑ عوام میں سے گزر کر جانا ہوگا۔

فواد چوہدری نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی سازش کا حصہ بنتے ہوئے ہمارے مقامی سیاسی رہنماؤں نے بساط بچھائی جن کا سرغنہ مے فیئر اپارٹمنٹ میں بیٹھا ہوا ہے یہ عمران خان کے خلاف نہیں پاکستان کے لوگوں کے خلاف ایک سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کو مستقل غلامی میں دینا کا ایک منصوبہ ہے جس کی رہنمائی مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری اور شہباز شریف کر رہے ہیں، ان کے تانے بانے لندن میں بیٹھے ایک شخص کے ہاتھ میں ہیں اور وہ شخص ایک عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر یہ سازش کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح قائد اعظم نے برصغیر کے لیے دو رخی لڑائی لڑی، ایک ہندوستان میں بیٹھے پروردہ لوگوں کی دوسری برطانوی اسٹیبلمشنٹ کے خلاف لڑائی لڑی اس ہی طرح عمران خان بھی غیر ملکی اسٹیبلشمنٹ اور کے پروردہ کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ میں زیر بحث معاملات میں اٹارنی جنرل صاحب نے نقطہ رکھا ہے کہ پاکستان ایک پارلیمانی نظام حکومت کا حامل ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کی سیاسی جماعتیں اس نظام کا لازمی حصہ ہے اور اس میں آرٹیکل 63 بہت اہمیت رکھتا ہے، اگر ہر شخص پارٹی کے فیصلوں سے منحرف ہوکر پارٹی کے لیڈر کے پیٹھ میں چھوری گھونپ دے گا تو ہر وقت ہی منڈی لگی رہے گی۔

تحریک عدم اعتماد وفاق اور پنجاب دونوں جگہ کامیاب ہوگی: حمزہ شہباز

لاہور:   پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی، وفاق اور پنجاب دونوں جگہ عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے پر اپنے بیان میں کہا کہ صوبے میں تحریک عدم اعتماد کامیاب کرانے کیلئے اپوزیشن کی تیاری مکمل ہے، کسی امپائر پر نہیں عوام پر یقین رکھتے ہیں۔ معاملے پر لیگی رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار اور عمران خان کے دن گنے جا چکے، پنجاب کے عوام کرپشن سے تنگ آچکے ہیں۔ اب ان کی بری گورننس سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔ عثمان بزدار کا عمران خان کے ساتھ جانا ضروری ہے۔

.دیربالامیں مسافر کوچ کھائی میں جا گری، 9 افراد جاں بحق، 13 زخمی

دیر بالا میں مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 9 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے۔
افسوس ناک حادثہ پاتراک کے مقام پر پیش آیا جہاں مردان سے دیر بالا جانے والی مسافرکوچ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جبکہ دو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے جس کے سبب کوچ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری۔