All posts by Khabrain News

کارو باری ہفتے کے پہلے روز ہی ڈالر 182روپے سے تجاوز کرگیا

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 182روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے سامنے روپے کی بے قدری کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر 182 روپے سے اوپر چلاگیا۔
انٹربینک میں کاروبارکے دوران ڈالر کی قیمت میں 52 پیسے اضافہ ہوا جس سے اس کی قیمت 182 روپے 30 پیسے تک جا پہنچی۔

آسکر تقریب میں ہالی ووڈ اداکار ول اسمتھ نے کرس راک کو تھپڑ مار دیا

آسکر کی تقریب میں اداکار ول اسمتھ نے بیوی کا مذاق اڑانے پر اداکار کرس راک کو زوردار تھپڑ جڑ دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسکر 2022 کی تقریب جاری تھی جس میں مزاحیہ اداکار کرس راک میزبانی کرتے ہوئے طنز و مزاح کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے ول اسمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکیٹ اسمتھ کے سر کے بال گرنے کا مذاق اڑایا تو اسٹیج سے نیچے بیٹھے ول اسمتھ غصے میں آگئے۔
بہترین اداکارکا ایوارڈ جیتنے والے ول اسمتھ اپنی نشست سے اٹھے اور آرام سے چلتے ہوئے کرس راک کے پاس گئے، جو انہیں غیر یقینی سے دیکھ رہے تھے۔ کرس کے پاس پہنچ کر اچانک ول اسمتھ نے زناٹے دار تھپڑ کرس کے منہ پر جڑا اور پھر آرام سے چلتے ہوئے اپنی سیٹ پر واپس آکر بیٹھ گئے۔
ول اسمتھ کی اس حرکت پر ان کی اہلیہ سمیت وہاں موجود سب لوگ ششدر رہ گئے اور ہال میں خاموشی چھاگئی جبکہ کرس راک کا چہرہ اتر گیا۔ تاہم وہ تھپڑ کھانے کے باوجود اپنی جگتوں سے باز نہ آئے اور کھسیانی انداز میں اپنے مذاق کو جاری رکھنے کی کوشش کی۔ تو اپنی نشست پر واپس بیٹھنے کے بعد ول اسمتھ نے کرس راک کو گالیاں دیتے ہوئے کہا کہ اپنا منہ بند رکھو۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور صارفین نے ملے جلے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ زیادہ تر صارفین نے ول اسمتھ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وہیں بعض شائقین نے اس واقعے کو اسکرپٹڈ یعنی سوچی سمجھی حرکت بھی قرار دیا۔
واضح رہے کہ ول کی اہلیہ جیڈا بال جھڑ کی بیماری کا شکار ہیں۔

روس میں حکومت کی تبدیلی کا کوئی منصوبہ نہیں، امریکا

امریکی محکمہ خارجہ نے روس میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی منصوبے کو مسترد کر دیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کے دورے کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکا کے پاس روس یا کسی اور جگہ حکومت کی تبدیلی لانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
ایک روز قبل صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ روسی صدر ولادی میر پوٹن زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔
انٹونی بلنکن نے امریکی صدر کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صدر نے محض یہ بات کہی کہ ولادی مر پیوٹن کو یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
دوسری جانب، کرملین نے صدر جو بائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ روسی عوام پر منحصر ہے کہ وہ کس کو اپنا لیڈر منتخب کرتے ہیں۔

اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لے آئی، تحریک جمع ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے۔
وفاق کے بعد اپوزیشن نے پنجاب میں بھی محاذ سنبھال لیا، اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروا دی۔ تحریک مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی رانا مشہود ، سمیع اللہ خان ، میاں نصیر اور دیگر نے جمع کروائی۔
عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن کے اراکین کے دستخط بھی موجود ہیں،عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے چودہ دن میں سپیکر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ لیگی رکن اسمبلی رانا مشہود نے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے کی تصدیق کر دی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے، پرویز الہی نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ، قانونی ضابطے اور اسمبلی رولز پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن حکومت پر دباو بڑھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی، قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ابھی انجام کو نہیں پہنچا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف بھی اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان بھی معاملات کے پیش نظر متحرک ہو گئے اور اراکین اسمبلی سے روزانہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔

این سی او سی کے قیام، کورونا وائرس کے خلاف کامیاب جنگ کو 2 سال مکمل

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے قیام کو دو سال مکمل ہونے اور ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے اپنی کامیابی کا جشن منایا۔

 رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی کامیابی کا اعلان کیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ حکومت نے بالآخر این سی او سی بند کرنے پر غور و خوص شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کی ذمہ داریوں کے ساتھ اس سے متعلق اعداد و شمار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کے حوالے کردیے جائیں گے۔

این سی او سی کا قیام 27 مارچ 2020 کو عمل میں آیا تھا، قوم کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے آگاہ رکھنے میں اس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

این سی او سی میں روزانہ اجلاس ہوتا ہے جس میں وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال شرکت کرتے ہیں۔

مزید برآں اس میں تمام صوبوں اور انتظامی اکائیوں کی نمائندگی بھی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے ہر 8 گھنٹے میں اعداد و شمار جاری کیے جاتے ہیں اور دن میں کم از کم ایک مرتبہ انہیں اپڈیٹ کیا جاتا ہے۔

وزارت صحت کے سینئر عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مفت میڈیا مہمات کے ذریعے این سی او سی نے قومی خزانے کے تقریباً 50 ارب روپے بچائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 12 سے زائد عمر کے ایک کروڑ طلبہ کو کورونا ویکسین لگادی گئی

انہوں نے مزید کہا کہ این سی او سی نے 40 مہم چلائیں اور ان کوششوں کی تعریف بل گیٹس اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سمیت متعدد اداروں نے کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: الیکشن کمیشن کو وزیراعظم کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
انتخابی مہم میں وزیراعظم اور وزرا پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ کے پی کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ وزیراعظم عمران خان اور اسد عمر کے خلاف حتمی کارروائی نہ کریں، الیکشن کمیشن کسی کو آئندہ سماعت تک نہ ہی نا اہل کرے گا اور جرمانہ بھی عائد نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی نظر آئے تو نوٹس جاری کرے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر قانونی نکات پر دلائل طلب کرلئے، 6 اپریل کو کیس سماعت کے لیے دوبارہ مقرر کیا گیا ہے

تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ 72 گھنٹوں میں ہوجائے گا، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہوں جبکہ تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ 72 گھنٹوں میں آجائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کہیں 5 سے 6 ہزار سے زائد لوگ جمع نہیں کر پائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خرید و فروخت کی منڈی لگی ہوئی ہے، آصف علی زرداری خرید و فروخت کے ماہر ہیں، انہوں نے حاکم زرداری کے زمانے میں ضمانتیں ضبط ہونے کے بعد بھٹو خاندان کو ایک ایک کر کے سیاست سے الگ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ 72 گھنٹوں یعنی 29 سے 31 مارچ تک تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ ہوجائے گا، ڈھائی بجے کے اجلاس میں علم ہوجائے گا کہ قرارداد اسمبلی میں کب پیش کی جارہی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد آج پیش ہوگی تواس کا مطلب ہے کہ 72 گھنٹوں میں فیصلہ ہوجائے گا اور میں عمران خان کے ساتھ ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں علم نہیں ہے کہ مسلم لیگ (ن) کہاں سے اسلام آباد میں داخل ہوگی، ہم ان کو سیکیورٹی دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مولویوں سے خطاب کرنے آرہی ہے کیونکہ ان کے پاس اپنے لوگ تو موجود نہیں ہیں، جی ٹی روٹ پر بھی میری توقع سے بہت کم لوگ تھے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے بلاول کے جلسے میں بھی یہ غلطی کی تھی، 2 ہزار 900 لوگوں کی سیکیورٹی فراہم کی لیکن حلفاً کہنے کو تیار ہوں کہ جلسے میں اتنے لوگ نہیں تھے، میں وہاں موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کے مدرسوں کی چھٹیاں ہیں، تو یہ لوگ جائیں مولویوں سے خطاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کوئی ایسا انتخابی نشان نہیں ہے جس پر ہم نے انتخابات نہیں لڑے ہوں، وزارت ہو یا نہ ہو، عمران خان اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں ہم اور ہمارے حامی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کل جلسے کے بعد لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 50 سال کی سیاست میں کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا، جو حلالی ہے اصلی ہے، نسلی ہے اور جس نے آپ کے ٹکٹ پر ووٹ لیے ہیں اس کو آپ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے اور حلقوں کے لوگوں کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ برصغیر میں اسلامی، جوہری طاقت رکھنے والی حکومت کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔

انہوں نے مشترکہ اپوزیشن کو ’گینگ آف تھری‘ مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بتانا نہیں چاہتا کہ جب بھٹو کو پھانسی لگی تو قلم اس کے ہاتھ سے کس نے لیا اور بھٹو کو پھانسی لگنے کے بعد ان لوگوں کو اقتدار نصیب ہوا۔

آسکرز سال 2022 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا

فلمی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکرز سال 2022 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں آسکرز کی تقریب منعقد ہوئی۔ آسکرز کا سب سے بڑا ایوارڈ یعنیٰ بہترین فلم کا ایوارڈ ‘کوڈا’ کے نام رہا۔ اداکار وِل اسمتھ کو فلم ‘کنگ رچرڈ’ کے لیے بہترین اداکار جب کہ اداکارہ جسیکا چیسٹین کو فلم ‘دی آئز آف ٹیمی فے’ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ جین کیمپیئن کو فلم ‘دی پاور آف دی ڈوگ’ کے لیے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا۔ آسکرز کی تاریخ میں پہلی بار قوتِ سماعت سے محروم کسی اداکار کو ایوارڈ سے نوازا گیا اور ٹروئے کوٹزر فلم ‘کوڈا’ میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اداکارہ آریانا ڈیبوس فلم ‘ویسٹ سائڈ اسٹوری’ کے لیے بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں۔