All posts by Khabrain News

یہ کئی بار آئیں گے ،کئی بار جائیں گے، ہمارے ساتھ عوام کھڑے ہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے شاہ زین بگٹی کی جانب سے حکومت سے علحدگی اختیار کرنے پر ردعمل میں کہا کہ یہ کئی بار آئیں گے ،کئی بار جائیں گے، ہمارے ساتھ عوام کھڑے ہیں۔
شاہ زین بگٹی کےحکومت کو چھوڑنے پر فوا دچودھری کا ردعمل ، کہتے ہیں کوئی مسئلہ نہیں ،ہماری توجہ جلسے پر ہے۔ ہمیں عوامی طاقت پر اعتماد ہے۔
قبل ازیں وزیرداخلہ شیخ رشید کا اپوزیشن رہنماوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گینگ آف تھری کو ناکامی ہو گی ، عمران خان چھا جائے گا، اپوزیشن کو کچھ نہیں ملے گا یہ دیکھتے رہ جائیں گے۔ عمران خان اگرعدم اعتمادمیں نہیں بچا تو اسے اس سے زیادہ عزت ملنے جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ پاکستانی سیاست میں ٹرینڈ سیٹر ثابت ہوگا: بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہےکہ آج اسلام آباد میں نئی تاریخ رقم ہو گی، پی ٹی آئی کا اسلام آباد جلسہ پاکستانی سیاست میں ٹرینڈ سیٹر ثابت ہو گا۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جلسے کے لئے عوام کا بے پناہ جوش وخروش دیدنی ہے۔ جلسے میں ریکارڈ تعداد میں شرکت کرکے عوام ثابت کریں گے کہ پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے۔ عوام وزیراعظم عمران خان سے والہانہ محبت اور بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ موقع پرست سیاستدانوں سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ آج حق اور سچ کی فتح ہو گی۔

افغانستان:طالبان نے خواتین کو بغیر محرم ہوائی سفر کرنے سے روک دیا

کابل : (ویب ڈیسک) افغانستان میں طالبان نے بغیر محرم سفر کرنے والی خواتین کو فلائٹ پر سوار ہونے سے روک دیا۔
افغان ایئر لائنز کے حکام کے مطابق طالبان نے کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بغیر محرم آنے والی درجنوں خواتین کو اندرون ملک اور بین الاقوامی فلائٹس پر سوار ہونے سے روک دیا۔
حکام کے مطابق ان میں سے کچھ خواتین دوہری شہریت رکھتی تھیں جو بیرون ملک واپس جا رہی تھیں۔ ان میں سے بعض خواتین کا تعلق کینیڈا سے تھا۔
ان خواتین نے اسلام آباد، دبئی اور ترکی جانے والی پروزاوں سفر کرنا تھا۔عہدیداران کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل طالبان نے احکامات جاری کیے تھے کہ 45 میل سے زیادہ فاصلے کا سفر کرنے پر خواتین کے ہمراہ مرد سرپرست کا ہونا ضروری ہے۔

شاہ زین بگٹی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعظم کے سرپرائز دینے کا وقت ختم ہو گیا۔
عوامی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہ زین بگٹی نے بہادرانہ فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے اتحادیوں کو بھی استعمال کر کے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، وزیر اعظم اور اس کی حکومت کا اپنے اتحادیوں سے سلوک افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو دھوکہ دیا۔ بلوچستان کے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا جبکہ بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں اور ہمیں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے مل کر محنت کرنا ہو گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دوسرے اتحادیوں سے ہماری اور دوسری جماعتوں کی ملاقاتیں جاری ہیں تاہم اتحادی فیصلے کر چکے ہیں اور اب وزیراعظم کا وقت ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سرپرائز کا وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ پاکستانی عوام جانتے ہیں وہ کسی قسم کے پروپیگنڈے کا شکار نہیں ہوں گے۔
شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
حکومتی اتحادی شاہ زین بگٹی نے بلاول بھٹو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے لیکن اب ہم پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں۔ سیاست میں اخلاقیات سے باہر گفتگو نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا۔ حکومت نے تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اور وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب پر فوکس کروں گا لیکن نہ وہ بلوچستان پہنچے نہ جنوبی پنجاب۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال کو دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان کو بلوچستان میں امن کو بحال کرنے کے لیے مینڈیٹ دیا گیا تھا۔ بلوچستان کو پر امن بنانے کی ہمیں ذمہ داری دی گئی وہ پوری کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شاہ زین بگٹی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان

جمہوری وطن پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور بلوچستان شاہ زین بگٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں شاہ زین بگٹی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے پاکستان کی قوم سے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا، جس طرح یہ اپوزیشن پر تنقید کررہے ہیں یہ سیاسی اخلاقیات سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ ساڑھے 3 سال چلے، ہم نے بڑی کوششیں کیں کہ کچھ بہتری آسکے، کئی بار ان کے پاس گئے، ہمیں مینڈیٹ دیا گیا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان اور بہتری آئے، ہمیں جو ذمہ داری دی گئی تھی اس کے لیے ہم نے بڑی کوشش کی لیکن ہم حکومت اپنی جانب سےکچھ نہ ڈلیور کرسکی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے لاپتا افراد کی واپسی اور بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے وعدے کیے گئے لیکن ہمیں محض دلاسے دیے گئے جس سے بلوچستان کے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو آج یہاں آئے، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیڈرل گورنمنٹ کی کابینہ سے استعفیٰ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستانی قوم کی بہتری کے لیے جو کچھ کرسکیں گے وہ کریں گے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بگٹی صاحب کے بہت شکرگزارہیں، ایسے وقت میں یہ ایک بہترین فیصلہ ہے جب ملک دوراہے پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 سال میں بگٹی صاحب نے اپنے طور پر بلوچستان کے عوام کے لیے بھرپور کوشش کی، لیکن وزیراعظم اور ان کی حکومت نے اپنے ان اتحادیوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جو انہوں نے اپوزیشن اور پاکستانی عوام کے ساتھ کیا۔

واضح رہے کہ 2018 میں جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) کے صدر اور این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شاہ زین بگٹی نے حکومت سازی کے لیے عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ سال بلوچستان میں مستقل امن اور ترقی کے لیے ناراض بلوچوں سے بات چیت کرنے کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے شاہ زین بگٹی کو صوبے میں مفاہمت اور ہم آہنگی کے لیے اپنا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔

اپوزیشن کا حکومت گراؤ مشن، نون لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ کا گوجرانوالہ میں پڑاؤ

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) اپوزیشن کے حکومت گراؤ مشن کے تحت نون لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ نے گوجرانوالہ میں پڑاؤ ڈال لیا۔
مارچ میں شریک ن لیگی متوالوں کا جوش وخروش دیدنی ہے، جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، مریم نواز،حمزہ شہباز اور دیگر رہنماؤں کا خطاب شیڈول ہے۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے مہنگائی مکاو مارچ کے حوالے سے ویڈیو پیغام جاری کردیا، کہتے ہیں اپنے اور آپ کے قائد میاں محمد نوازشریف کا ایک اہم پیغام آپ کو دینا چاہتا ہوں۔ عمران نیازی کے اس ساڑھے تین سالہ دور میں پاکستان میں سب سے اونچی سطح پر مہنگائی ایک سچ ہے۔ بدترین غربت ایک سچ ہے۔ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک سچ ہے، عام آدمی اور غریب آدمی کے ساتھ ظالمانہ رویہ ایک سچ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اٹھو اور اس مہنگائی مکاو مارچ میں جوق در جوق شامل ہوں ، عوام کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث اس حکومت کا سیاسی اور آئینی طریقے سے خاتمہ کرکے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کا مستقبل بچالیں۔ اللہ تعالی آپ کی اس ہمت اور ان کاوشوں کو کامیاب کرے گا۔

’حجاب‘ لڑکی کے ’پر‘ ہیں، انہیں مت کاٹیں، مس یونیورس ہرناز سندھو

حسینہ عالم منتخب ہونے والی بھارتی دوشیزہ ہرناز سندھو نے ’حجاب‘ کو لڑکیوں کے ’پر‘ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لڑکیوں کے ’پر‘ نہ کاٹیں۔

بھارت میں مسلمان خواتین کے ’حجاب‘ پر کشیدگی جاری ہے اور ریاست کرناٹک کی عدالت نے تعلیمی اداروں کے کلاسز میں لڑکیوں کے حجاب پہننے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

سیکولر بھارت میں سب سے بڑی اقلیت کا درجہ رکھنے والے مسلمان خواتین کو ’حجاب‘ کرنے پر جہاں نشانہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں، وہیں انہیں تعلیمی اداروں اور دوسری کام کی جگہوں پر ہراساں کیے جانے کی رپورٹس بھی آتی رہتی ہیں۔

مسلمان لڑکیوں کے ساتھ ’حجاب‘ کے معاملے پر تفریق روا رکھے جانے کے حوالے سے حال ہی میں ’مس یونیورس‘ ہرناز سندھو سے ممبئی میں ہونے والی ایک تقریب میں سوال کیا گیا تو پہلے انہوں نے جواب دینے کے بہانے ڈھونڈے مگر پھر انہوں نے جواب دیتے ہوئے ’حجاب‘ کے حق میں بیان دیا۔بھارتی صحافی کی جانب سے شیئر کی گئی ہرناز سندھو کے جواب کی ویڈیو میں مس یونیورس سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ وہ ’حجاب‘ کے معاملے پر کیا بات کریں گی؟

صحافی کے سوال پر ہرناز سندھو کے جواب سے قبل تقریب کے میزبان نے مداخلت کی اور صحافی کو تجویز دی کہ وہ مس یونیورس سے مذکورہ مسئلے پر سوال نہ کریں، تاہم صحافی بضد رہے کہ ہرناز سندھو خود جواب دیں۔

صحافی کے اسرار پر ہرناز سندھو نے بہانے ختم ہونے کے بعد جواب دیتے ہوئے شکوہ کیا کہ مذکورہ معاملے پر بھی لڑکی یعنی انہیں ’نشانہ‘ بنایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ہرناز سندھو نے جواب دیا کہ ’حجاب‘ کے معاملے میں بھی لڑکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایلون مسک کا نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر غور

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے بارے میں سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔
ایلون مسک سے ایک ٹوئٹر صارف نے پوچھا کہ کیا وہ ایک اوپن الگورتھم کا حامل آزادی اظہار کو تقویت دینے والا سوشل میڈیا پلیٹ فارم قائم کریں گے جہاں پروپیگنڈہ کم سے کم ہو۔
جس کے جواب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ وہ ایک نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے کے بارے میں سنجیدگی سے غورکررہے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ میں سوال کیا ہے کہ کیا ایک نئے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے؟
ایلون مسک کے اس ٹویٹ سے ایک دن قبل انہوں نے ٹوئٹر پر ایک پول میں صارفین سے یہ پوچھا تھا کہ کیا ٹوئٹر آزادیٔ اظہار کے اصولوں کی پاسداری کر رہا ہے؟‘۔ جس کے جواب میں 70 فیصد افراد کا جواب نفی میں تھا۔
واضح رہے کہ ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر آزادی اظہار کے اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانے میں ناکامی کی وجہ سے جمہوری قدروں کا ساتھ نہیں دے رہا۔

تحریک عدم اعتماد، ق لیگی قیادت کا آج سے اسلام آباد میں رابطوں کا محاذ سنبھالنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر مسلم لیگ ق کی قیادت نے آج سے اسلام آباد میں رابطوں اور ملاقاتوں کا محاذ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، مسلم لیگ ق کی قیادت آج اسلام آباد جائے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی اور وفاقی وزیر مونس الہی آج اسلام آباد جائیں گے، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ بھی آج اسلام آباد پہنچیں گے، چوہدری شجاعت حسین پہلے ہی اسلام آباد میں ہیں، مسلم لیگ ق کی قیادت اسلام آباد میں اہم سیاسی ملاقاتیں کرے گی۔
مسلم لیگ ق کی قیادت کی حکومتی ٹیم سے ایک اور ملاقات آئندہ چوبیس گھنٹے میں اسلام آباد میں ہوگی، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم اور بلوچستان عوامی پارٹی کے درمیان بھی اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوں گی، مسلم لیگ ق کی قیادت ملاقاتوں کے بعد عدم اعتماد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔

عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو پیغام میں کہا ہے کہ تمھیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا۔ وہ آئے گا اور چھا جائے گا، تم دیکھتے رہ جاو گے۔ جے یو آئی کو شوکاز نوٹس دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان شام ساڑھے 5 بجے جلسہ سےخطاب کریں گے، ہم نے کل جے یو آئی کو جلسےکی اجازت دی تھی۔ آج جے یو آئی اپنی مرضی سے بیٹھی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دیا، ان پر مقدمہ درج کرائیں گے، جے یو آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ عوام کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مال سے لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، مال ہی ان کا مائی باپ ہے، صدام کامال نہیں چھوڑا، بن لادن کامال نہیں چھوڑا۔ جب ضرورت پڑتی ہے تو یہ بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں، عمران خان آخری گیند تک ان کےساتھ کھیلے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ بیماریوں کومینج کر کے بھاگنے والے لوگ ہیں، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہے تھے، ایئرپورٹ پر پکڑ لیا، یہ ووٹ کوعزت دے رہے ہیں، واجبی سی ریلی لاہور سے آ رہی ہے۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ 28 مارچ کو تحریک عدم اعتمادپیش ہوگئی تو 3 یا 4 اپریل کوووٹنگ ہوگی۔ ان کی نااہلی اور نالائقی سے عمران خان مقبول ہو گیا، میرے پاس اندر کی خبر ہے، انہیں کچھ نہیں ملنے والا۔ پورا اسلام آباد کھلا ہے، افواہوں پر جانے کی ضرورت نہیں، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔