All posts by Khabrain News

وزیر اعلی پنجاب نے 8 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 8ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دیدی۔ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا۔
حکومت پنجاب عوام کو رمضان پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر تقریبا 4 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی، رمضان بازاروں میں 13 اشیائے خور و نوش 2021 کے ریٹ پر ملیں گی-
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں چکن فی کلو 10 روپے کم اور انڈے فی درجن 5 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوں گے- پنجاب بھر میں 317 رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں۔ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپ قائم ہوں گی جہاں معیاری سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے-
عثمان بزدار نے واضح کیا کہ رمضان پیکیج کے ذریعے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی-
وزیراعلی نے رمضان پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچائیں گے۔

وزیر خارجہ سے یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
یورپی یونین کی سفیر کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود نے مزید کہا کہ پاکستان، اقتصادی ترجیحات کے پیش نظر، یورپی یونین کے ساتھ سٹریٹیجک شراکت داری کے اگلے مرحلے کے مشترکہ منصوبوں کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام میں پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا کے کردار کی تعریف کی۔ یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے توصیفی کلمات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی: انٹی نارکوٹکس فورس کی تین بڑی کارروائیاں، 30 کلو آئس برآمد

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں انٹی نارکوٹکس فورس انٹیلی جنس کی تین بڑی کارروائیوں کے دوران 30 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ پہلی کارروائی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کی گئی جہاں آسٹریلیا بھیجے جانے والے کارگو سے 20 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔ برآمد شدہ آئس تولیوں میں چھپائی گئی تھی جبکہ کارگو کراچی کی رہائشی امبر رمضان کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
دوسری کارروائی میں سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 3 کلو گرام آئس برآمد کی گئی، کارروائی شارع فیصل پر واقع کوریئر کمپنی پر عمل میں لائی گئی۔ برآمد شدہ آئس خواتین کے کپڑوں میں چھپائی گئی تھی جبکہ پارسل شیخوپورہ کی رہائشی شگفتہ بانوں کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔
تیسری کارروائی میں کوریئر کمپنی کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 7 کلوگرام آئس برآمد کی گئی ہے، برآمدشدہ آئس 3 عدد جائے نمازوں میں چھپائی گئی تھی۔ پارسل لاہور کے رہائشی ارشد علی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔

آج کی جنگ عمران خان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ آج کی جنگ عمران خان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو بتایا کہ دل آزاری اظہار رائے نہیں اور اسلامو فوبیا کے خلاف دن مقرر ہونا امت مسلمہ کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دن کے آغاز کے ساتھ ہی عوام کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں پہنچ چکی ہے اور آج کی جنگ عمران خان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے اس لیے عوام اپنی خودداری کی حفاظت کے لیے جلسہ گاہ پہنچیں۔
شہباز گل نے کہا کہ آج عوام نے خودداری کے ساتھ جینے کا فیصلہ کرنا ہے اور پاکستان کے بیٹے عمران خان کی پہلی کوشش پاکستان کی خودداری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبز پاسپورٹ کی عزت اور پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہونا وزیراعظم کا مشن ہے اور ان فیصلوں کے لیے وزیر اعظم عمران خان ڈٹے رہے ہیں۔

اب خواتین کی بھی ٹی 20 کرکٹ پریمیئرلیگ ہوگی

بھارت: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ اب خواتین کا بھی انڈین پریمیئر لیگ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کروائے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے خواتین ایڈیشن کا انعقاد آئندہ سال کرانےکا منصوبہ رکھتا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروو گنگولی آئی پی ایل کے نئے ایڈیشن کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے۔ گنگولی کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ سال اس کے انعقاد کے لیے پرامید ہیں۔
آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ خواتین کی آئی پی ایل شروع کروانے کے لیے کام شروع ہوچکا ہے۔ خواتین کی لیگ میں 5 یا 6 ٹیمیں ہوسکتی ہیں۔

عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک حقیقت ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک حقیقت ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ عمران نیازی کے ساڑھے 3 سال میں مہنگائی عروج پر پہنچی اور اس دور حکومت میں بدترین غربت ایک سچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک سچ ہے۔ عوام مہنگائی مکاؤ مارچ میں شامل ہوں تاکہ حکومت کا آئینی طریقے سے خاتمہ کریں۔

زرداری پاپڑ اور فالودے والے کو بچانا چاہتے ہیں، فرخ حبیب

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ زرداری پاپڑ اور فالودے والے کو بچانا چاہتے ہیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے جلسے کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے۔ عمران خان پر کوئی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کیس نہیں ہے اور عمران خان نے کوئی بیرون ملک جائیداد نہیں بنائی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان لندن کا فلیٹ بیچ کر پاکستان لائے لیکن آج چوروں کا ٹولہ اکٹھا ہوا ہے جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں۔ ضمیر فروشوں کے لیے سیاست کا راستہ ہمیشہ رک جانا چاہیے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور عمران خان آئندہ 5 سال بھی مکمل کریں گے۔ عوام کے جمع ہونے سے ثابت ہو گیا کہ لوگ امر بالمعروف کے ساتھ ہیں۔ عدم اعتماد والوں کو سرپرائز ملنے جا رہا ہے۔ یہ صرف جلسہ نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد والے عدم اعتماد کا نام لینا بھول جائیں گے اور مریم نواز جب بھی کہتی ہیں ہمیشہ جھوٹ ہی کہتی ہیں جبکہ مریم نواز اور بلاول بھٹو کی کوئی جدوجہد نہیں ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ آر یا پار والوں کا ایک بار پھر خوار ہونے کا وقت آگیا ہے اور جس نے پارٹی نہیں چھوڑی وہ واپس آجائے گا۔

وزیراعظم نے ملکی معیشت کو استحکام کیجانب گامزن کردیا، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کر دیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔ ایک بہادر قوم کو بہادر لیڈر کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی معیشت اور انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر رہا ہے اور وزیر اعظم نے ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کر دیا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ آپ کسی بھی قوم یا صوبے سے تعلق رکھتے ہوں باہر نکلیں۔ آج عوام عمران خان کے لیے باہر نکلیں۔

پاکستان کی کم عمر ایم ایم اے فائٹر عنایہ نوید نے گولڈ میڈل جیت لیا

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی کم عمر ایم ایم اے فائٹر عنایہ نوید نے گولڈ میڈل جیت لیا.
ابو ظہبی میں ہونے والے عالمی جوجسٹو مقابلوں میں پاکستان کا پرچم بلندہو گیا۔ عنایہ نوید ڈار نے انڈر 28 ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا۔
عنایہ نوید ڈار نے پہلے مقابلے میں روس کی لطیفہ کو شکست دی۔دوسرے مقابلے میں سخت مقابلے کے بعد شمسہ کو ہرایا۔
عنایہ ڈار عالمی سطح پر جوجسٹو میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی کم عمر ایم ایم اے فائٹر بن گئیں۔

پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مقابلہ سخت رہا، آسٹریلوی کرکٹر

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹر ایڈم زمپا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مقابلہ سخت رہا۔ پہلی دفعہ پاکستان آیا ہوں کافی اچھا لگ رہا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر ایڈم زمپا نے ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ بال اسکواڈ میں بعض کھلاڑیوں نے ابھی تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے اور ایسے اسکواڈ میں میری ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرن فنچ بہت سپورٹ کرتے ہیں اور ایرن فنچ مجھ سمیت دیگر کھلاڑیوں کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔ پہلی دفعہ پاکستان آیا ہوں کافی اچھا لگ رہا ہے۔
ایڈم زمپا نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمیشہ مقابلہ سخت رہا ہے جبکہ مڈل آرڈر اور لوئر آرڈر کو ٹارگٹ کروں گا۔ ٹیسٹ کرکٹ ون ڈے سے مختلف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں نئی وکٹیں بنیں گی اور نیتھن لائن نے وکٹ پر پڑے پیچز کا استعمال کیا ہے