All posts by Khabrain News

وزیراعظم کی عوام سے جلد از جلد گھروں سے نکل کراسلام آباد پہنچنے کی اپیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ جلد از جلد گھروں سے نکل کراسلام آباد پہنچیں، آج کا جلسہ تحریک انصاف نہیں پاکستان کی جنگ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں، آج جو جلسہ ہورہا ہے یہ پاکستان کی جنگ ہے، یہ تحریک انصاف نہیں، پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوف ہے رش کے باعث عوام جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکیں گے، جلسہ گاہ پہنچنے والے گھروں سے جلدی نکلیں۔
تحریک انصاف آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی طاقت دکھائے گی، پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے اور پاور شو کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، 30 فٹ چوڑا اور 84 فٹ لمبا مرکزی سٹیج تیار کر لیا گیا۔ ساونڈ سسٹم، سکرین کی تنصیب کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔
جلسے میں شرکت کیلئے گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شہروں سے کارکنان اسلام آباد پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ٹی آئی نے خواتین کی جلسے میں شرکت کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کرلیا۔ حفاظتی شیٹس اور خاردار تار لگاکر الگ کردیا گیا۔ لائٹنگ اور بجلی کے انتظام کیلئے جنریٹر بھی نصب کر دی گئی۔
تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختاریا گل ود گئی ہے، اس جلسے کا پورا کریڈٹ اپوزیشن کو جاتا ہے، پورے ملک سے کارکنان اس جلسے میں پہنچ رہے ہیں، عوام پاکستان بچانے کی تحریک میں عمران خان کے ساتھ ہیں، اپوزیشن کی کانپیں ٹانگ گئی ہیں، ملک اور بیرون ملک سے کارکنان یہاں پر پہنچ رہے ہیں، 10 لاکھ نہیں 15 لاکھ لوگ یہاں پر پہنچ رہے ہیں۔

کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری، چوبیس گھنٹے کے دوران مزید پانچ افراد جاں بحق

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد تیس ہزار تین سو پینتالیس ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار دو سو اُنتالیس ہے۔ ملک میں پندرہ لاکھ تیئس ہزار نو سو افراد کورونا سے متاثر ہوئے، چودہ لاکھ پچاسی ہزار تین سو سولہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق تین سو دس نئے مریض رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ نو چھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔
صوبہ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ چار ہزار آٹھ سو اکتالیس،سندھ میں پانچ لاکھ چوہتر ہزار سات سو تیس،خیبرپختونخوا دو لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو اٹھانوے اور بلوچستان میں پینتیس ہزار چار سو انہتر تک پہنچ چکی ہے۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ پینتیس ہزار تئیس کیسز،گلگت بلتستان میں گیارہ ہزار چھ سو پچانوے اور آزادکشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد تینتالیس ہزار دو سو چوالیس ہوگئی ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک، خیبر پی کے اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا، رات کے وقت بالائی خیبرپختونخوا اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج رات بالائی خیبرپختونخوا میں کوہستان، چترال اور سوات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ شام کے اوقات میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جنوبی پنجاب اور سندھ میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

حکومت گرتی ہوئی دیوار ہے ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کے دن تھوڑے رہ گے ہیں، قوم جلد یوم نجات منائے گی، ایک گرتی ہوئی دیوار ہے ایک دھکا دینے کی ضرورت ہے اور 28 مارچ کو متحدہ اپوزیشن کا جلسہ ہوگا۔
موٹر وے پر ہکلہ کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت ایک ٹمٹماتا چراغ ہے اور مانند چراغ سحری ہے ایک پھونک مارنے کی ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت ختم ہو جائے گی اس وقت پورا ملک اسلام آباد کی جانب رواں ہے اور سب کی ایک ہی آواز ہے ’حکومت جائے اور آئین کے تحت نئی اور شفاف سیاست کا آغاز ہو‘۔
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ ملک اس وقت تباہی کے دہانے پر ہے، مہنگائی عام آدمی کی زندگی تباہ کرچکی ہے جبکہ ملک معاشی اور اخلاقی لحاظ سے ڈوب رہا ہے اور معیشت تباہ ہوچکی ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھاکہ اگر ملک کو بچانا ہے تو قوم کے لیے کچھ کرنا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے دن تھوڑے رہ گے ہیں، جلد قوم یوم نجات منائے گی اور 27 مارچ کو پورا ملک یہاں پہنچ رہا ہے لوگ اسلام آباد کی جانب آمد رہے ہیں۔
خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت مارچ کا قافلہ کشمیر ہائی وے سے اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا ہے، پی ڈی ایم کے سربراہ ہکلہ ٹول پلازا سے قافلے کے ہمراہ آئے اور ان کے ہمراہ بڑی تعداد میں گاڑیاں شامل ہیں۔

اتحادیوں سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اتحادیوں سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کا تاریخی جذبہ نظر آ رہا ہے، کل جلسہ گاہ ہمارے کارکنوں کیلئے کم پڑ جائے گی۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، حکومت کے مخالفین کرپشن کے پیسوں سے سیاست کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی،ایم کیو ایم کے ساتھ ملاقات میں مثبت گفتگو ہوئی ہے، اتحادیوں سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک خوددار پاکستان کیلئے کوشاں ہیں جنہوں نے تمام مسلمانوں کی حرمت کا مقدمہ لڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عزت اور خودمختاری کے ساتھ تمام ملکوں سے تعلقات چاہتے ہیں، کل یہاں جتنے لوگ آئیں گے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں جمع ہوئے۔
اس موقع پر وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تمام اتحادیوں سے ملاقات جاری ہے،اچھا نتیجہ نکلے گا، کل کا جلسہ پورا پاکستان دیکھے گا۔

بائیڈن نے پیوٹن کو ‘قصاب’ قرار دے دیا

وارسا: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ‘قصاب‘ قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں صحافی کے سوال کے جواب میں صدر جوبائیڈن نے کہا روسی صدر ولادیمیرپیوٹن ایک قصاب ہے۔ روس نے یوکرین میں حکمت عملی تبدیل نہیں کی۔
چند روز قبل اپنے ایک بیان میں جو بائیڈن نے تھیٹر میں پناہ گزینوں کو نشانہ بنانے پر روسی صدر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ روسی صدر جنگی مجرم ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا یہ ناقابل معافی ہے کہ کریملن امن مذاکرات کے دوران جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب روس کےصدارتی محل کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کے اس بیان سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کی امید مزید کم ہو گئی ہے۔

تھائی لینڈ: یونیورسٹی میں سینئر طلبا کی پرتشدد رسم سے طالب علم ہلاک

بینکاک: (ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے شہر رکھون راتچسیما میں راجامنگلای یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (آر ایم یو ٹی آئی) میں سینئر طلبا کی جاری کردہ پرتشدد رسم کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک ہوگیا ہے۔
بینکاک پوسٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے طالبِ علم کی موت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے یونیورسٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ’hazing‘ کی رسم میں نئے طالب علم کو مسلسل جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والے 15 طلباء کو برخاست کیا جارہا ہے۔
جسمانی تکلیف کی حامل رسم میں ہلاک ہونے والے طالبِ علم کی شناخت پاڈیوس چونپکڈی کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 19 سال تھی۔
یونیورسٹی کے حکام کی طرف سے کی گئی تحقیقات میں 13 مارچ کو سیکنڈ ایئر کے 30 طلباء اور 37 نئے طلبا کو اس مہلک رسم میں ملوث پایا گیا، یونیورسٹی کے صدر، پروفیسر کوسٹ سری فتھورن نے کہا کہ 15 طلبا کو یونیورسٹی سے برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وہ پاڈیوس کے بے ہوش ہونے تک اُسے مارتے رہے۔ بعد میں پاڈیوس کو جب اسپتال لے جایا گیا تو وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ 10 دیگر سینئر طلباء نے اس رسم کی تیاری میں مدد کی اور فرسٹ ایئر کے طلباء کو ذہنی و جسمانی اذیت پہنچائی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوئے۔ ان دس طالب علموں کے امتحان کے نتائج متاثر ہوں گے جبکہ امتحان میں سے 10 پوائنٹس کی کٹوتی اُن پانچ دیگر طلبا کی بھی ہوگی جنہیں اس پرتشدد رسم کے بارے میں پیشگی اطلاع تھی لیکن وہ یونیورسٹی کے حکام یا اپنے والدین کو مطلع کرنے میں ناکام رہے۔
یونیورسٹی نے 37 جونیئر طالب علموں پر بھی امتحان میں 10 پوائنٹس کی کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے جو کہ یونیورسٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس رسم کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ hazing نامی رسم کا مقصد نئے طلبا کی قوت برداشت کا امتحان لینا ہوتا ہے جس کے بعد وہ سینئر گروپ میں شامل کیے جاتے ہیں۔

عمران 5 ہزارکرسیاں لگواکر 10 لاکھ افراد سے خطاب کرنا چاہتا ہے: خورشید شاہ کا طنز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو طنز کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ عمران خان پانچ ہزارکرسیاں لگواکردس لاکھ افرادسےخطاب کرناچاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ ہزارکرسیاں لگاکردس لاکھ افراداکھٹےکرنے کے جھوٹے دعوےکررہا ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھاکہ جوبھی جاکرجلسے کے انتظامات دیکھناچاہتا ہےتو گاڑی اورپیٹرول میں دوں گا جا کرتسلی کرلے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 مارچ کو جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے 10 لاکھ افراد لانے کا ٹاسک دیا ہے۔

کوئٹہ: اے این ایف کی کارروائی، کروڑوں کی آئس برآمد، ملزمان فرار

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کرلی جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف کے عملے نے خفیہ اطلاع پر کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس جبل نور قریب ایک گاڑی سے 98 کلوگرام آئس برآمد کرلی جو اندورن ملک سمگل کی جارہی تھی۔
کاروائی کے دوران منشیات فروش اے این ایف کی ٹیم کو دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ گاڑی سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد ہوئی، گاڑی کوتھانے منتقل کر دیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے

ناسا کا چاند تک جانے والی دوسری خلائی گاڑی کا منصوبہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا نے دوسری انسانی قمری لینڈر (خلائی گاڑی) تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔ انسانی قمری لینڈر اسپیس شٹل کی طرح ہوتا ہے جس میں انسان بیٹھ کر چاند پر اتر سکتا ہے۔
انسان کو چاند پر دوبارہ بھیجنے کے لیے ناسا کی یہ دوسری بڑی خلائی پرواز ہوگی۔ شٹل کی تعمیر کے لیے ایجنسی تجارتی خلائی کمپنیوں سے ایسے شٹل کے لیے تصورات تجویز کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے جو لوگوں کو چاند کے مدار اور چاند کی سطح تک لے جا سکیں۔
ناسا کا ہدف ہے کہ وہ 2026 یا 2027 تک جلد از جلد انسانی قمری لینڈر تیار کرلے ۔ ناسا نے پہلے سے ہی کمرشل پارٹنر SpaceX کے ساتھ قمری لینڈر تیار کرنے کا معاہدہ کر رکھا ہے جس کا مقصد چاند پر پہلی خاتون اور ایک مرد کو بھیجنا ہے۔
2021 میں ناسا نے مستقبل کی اسٹار شپ شٹل کو ایک ایسے لینڈر میں تیار کرنے کے لیے SpaceX کو 2.9 بلین ڈالرز کا کنٹریکٹ دیا تھا جو انسانوں کو چاند تک لے جا سکے۔
NASA اصل میں انسانی قمری لینڈرز تیار کرنے کے لیے دو کمپنیوں کو چننا چاہ رہا تھا تاکہ کمپنیوں کے درمیان تعمیری مقابلے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور اخراجات کو کم رکھا جا سکے۔ تاہم ایجنسی نے بالآخر ایک کا انتخاب کیا جو اسپیس ایکس ہے۔ سال 2021 میں ناسا نے کانگریس سے خلائی گاڑیوں کی تیاری کے لیے 3.4 بلین ڈالرز کی امداد کی درخواست کی تھی لیکن اسے صرف 850 ملین ڈالر ملے جو مانگی گئی قیمت کا 25 فیصد تھا۔ نتیجتاً کم اخراجات کیلئے ناسا اور اسپیس ایکس کا معاہدہ ہوا۔