All posts by Khabrain News

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی کوئی سمری تیار نہیں ہوئی، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی کوئی سمری تیار نہیں ہوئی۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے سے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے سمری تیار کرلی ہے۔
عمران خان کے حکم پر اسمبلی تحلیل کی جاسکتی ہے اور عمران خان نے حکم کیا تو عہدہ بھی چھوڑ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم اور پی ٹی آئی رہنما اعلان کرچکے ہیں کہ 27 مارچ کو جلسے میں ٹرمپ کارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی گئی: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام کل اس سازش کو مسترد کر دیں گے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف گامزن ہے، گلگت بلتستان سے 20 کلو میٹر لمبی ریلی اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ گلگت بلتستان کے لوگ اس سے پہلے پاکستان کی سیاست میں اتنے متحرک نہیں تھے جتنے اب ہیں۔ خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان سمیت پورا ملک تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہے۔ کل دس لاکھ سے زائد لوگ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام آج کے جلسے میں اس تمام عمل کو مسترد کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد آج پاکستان کی خارجہ پالیسی عمران خان کی وجہ سے آزاد ہے، پاکستانی معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہوا ہے، پاکستان کے عوام ملکی ترقی کے خلاف سازش کرنے والوں کی سازش ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام راستے اور قافلے پریڈ لین اسلام آباد کی طرف ہیں، جلسے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، میڈیا کو کوریج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ آج سے ہی تمام ٹیلی ویژن اور اخبارات میں مقامی جلوسوں کی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ڈسپلن قائم رکھیں، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی گائیڈز لائن پر عمل کیا جائے، کسی جگہ سڑک اور راستے بند نہ کئے جائیں، ایک پرامن احتجاج کے ذریعے ہم اپنے لیڈر اور وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کریں گے، انشاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے کرنا تمام جماعتوں کا حق ہے، تمام چوروں کو چیلنج ہے کہ وہ اکٹھے ہو کر جلسہ کریں تاکہ لوگ بھی ان کے جلسوں کا موازنہ کر سکیں۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دو اراکین کا جواب آ گیا ہے کہ انہوں نے پارٹی ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کی، ایک رکن سے اسد عمر کی میٹنگ ہو رہی ہے، ان کا جواب بھی آ جائے گا، امید ہے چار ارکان اسمبلی کا جواب آج ہی آ جائے گا۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے ملاقات ہو گئی ہے، آج ق لیگ سے ہو رہی ہے، رات کو دوبارہ اسد عمر، پرویز خٹک اور عمران اسماعیل کی ایم کیو ایم سے ملاقات ہوگی۔
فواد چودھری نے ایک سوال پر کہا کہ فیک نیوز بڑی بدقسمتی ہے، شہریار آفریدی اور غلام سرور کی بات میڈیا پر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی۔

پی ٹی آئی جلسے کی تیاریاں جاری، جلسہ گاہ میں 6 ہزار 800 کرسیاں لگادی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
جلسہ گاہ میں خواتین کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کیا گیا ہے اور 800 کرسیاں لگادی گئیں جبکہ خواتین انکلوژرکوحفاظتی شیٹس اورخاردارتار لگا کرالگ کیا گیا ہے۔
جلسہ گاہ میں مرد شرکا کیلئے 6 ہزار کرسیاں لگادی گئی ہیں اور اس حوالے سے منتظمین کا کہنا ہے کہ 30 ہزار کرسیوں کا آرڈر دے رکھا ہے۔
مرکزی اسٹیج 36 کنٹینرز لگا کر بنایا گیا ہے جبکہ سینیئر لیڈرشپ کیلئے بھی خصوصی کنٹینر لگادیا گیا۔
پریڈ گراؤنڈ میں روشنی اور بجلی کے انتظام کیلئے جنریٹر پہنچا دیا گیا۔
اس کے علاوہ جلسے کی تیاریوں کی نگرانی کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بھی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اسپتال کے ڈیلیوری سینٹر کے پاس بطخ کے بچوں کی پیدائش

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک اسپتال کے میٹرنٹی ڈلیوری سینٹر کے قریب غیر معمولی “زچگی” کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک جانور نے بچوں کو جنم دیا۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے جیکسن وِل نامی ساحلِ سمندر پر موجود بیپٹسٹ میڈیکل سینٹر نے فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ڈیلیوری سینٹر کے صحن میں ایک بطخ کے 10 انڈے ٹوٹے تھے جس میں سے سارے بچے صحیح سلامت نکلے۔
عملے نے بتایا کہ ڈلیوری سینٹر کے صحن سے باہر جانے کا براہ راست راستہ کوئی نہیں تھا جس کی وجہ سے بطخ اور اس کے بچوں کو اسپتال کی عمارت کے اندرونی حصے سے لے جاتے ہوئے خارجی دروازے سے الوداع کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مادہ بطخ اپنے بچوں کے ساتھ اسپتال سے باہر نکل رہی ہے۔ اسپتال کی فیس بُک پوسٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ مبارک ہو، ماما (بطخ)! ہم آپ کے میڈیکل فالو اپ کے لیے چھ ہفتوں میں دوبارہ ملاقات کریں گے۔

جائے نماز پر کھڑا ہوکر خدا سے اداکاری چھوڑنے کی دعا مانگتا تھا، نعمان اعجاز

لاہور: (ویب ڈیسک) ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔ اس انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنے متعلق کئی ایسی باتیں بتائیں جنہیں شاید لوگ آج تک نہیں جانتے۔
نعمان اعجاز نے مختلف کرداروں کو انتہائی خوبی سے کرنے کے بارے میں کہا کہ انسان کے اندر سارے کردار موجود ہوتے ہیں، اصل کام اس کردار کو صحیح وقت پر نکالنا ہے جو بہت سے لوگ نہیں کرپاتے۔ لیکن شاید خدا نے مجھے اس خوبی سے نوازا ہے کہ میں اپنے اندر موجود کردار کو باہر نکال پاتا ہوں۔نعمان اعجاز نے کہا میں بہت عقیدت سے اپنا کام کرتا ہوں جس کے بعد میرے کام میں خود بخود ایمانداری آجاتی ہے، میں ’’باوضو‘‘ ہوکر کام کرتا ہوں۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں شوبز میں آئے ہوئے 32 سال ہو چکے اور وہ اس قدر کرداروں میں ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں کہ بعض اوقات انہیں تکلیف بھی ہونے لگتی ہے، جس وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ وہ اپنا اداکاری کا فن بیٹے کو نہیں سکھائیں گے۔
نعمان اعجاز نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے شروع سے ہی سوچ سمجھ کر اداکاری کی اور صرف معیاری اور اچھے کرداروں کا انتخاب کیا، جس وجہ سے ان کی اداکاری منفرد نظر آتی ہے۔
اداکار نے دوران انٹرویو میں بتایا کہ شوبز میں آنے کے کچھ سال بعد وہ نماز پڑھ کر شوبز سے دوری کی دعائیں مانگا کرتے تھے اور پانچ سال تک انہوں نے ایسا ہی کیا, پھر انہیں ایک شخص ملے، جنہوں نے انہیں بتایا کہ شاید خدا کو ان کا شوبز میں رہ کر ان سے کام کروانے منصوبہ ہے۔
نعمان اعجاز نے انکشاف کرتے ہوئے کہا آج سے تقریباً 16، 17 سال پہلے میں اس ڈگر پر چل پڑا تھا کہ مجھے یہ کام (اداکاری) چھوڑدینا چاہئے، یہ کام شاید میرے رب کو اچھا نہیں لگتا۔ تو میں جائے نماز پر کھڑا ہوکر باقاعدہ دعا مانگا کرتا تھا کہ مجھے اس کام سے نکال لیجئے۔
نعمان اعجاز نے کہا میں نے سالوں تک خدا سے بڑی دعائیں مانگیں۔ پھر اتفاق سے میری کسی سے ملاقات ہوئی انہوں نے مجھ سے پوچھا کیا بات ہے پریشان لگتے ہو؟ وہ شخص بھی اللہ والے تھے۔ تو میں نے ان سے کہا کہ میں پچھلے پانچ، چھ سال سے یہ دعا کررہا ہوں کہ میں یہ کام چھوڑنا چاہتا ہوں۔ اس شخص نے کہا کیوں؟ آپ کون ہوتے ہیں فیصلہ کرنے والے۔ ہوسکتا ہے اس کام میں رہ کر اگر آپ کسی کو کوئی بات بتائیں تو کوئی سن لے۔
انہوں نے کہا آپ اس کام سے نکل آئیں گے اور کسی کو کوئی بات بتائیں گے تو وہ نہیں سنے گا۔ تو اس پروفیشن کو ٹول بناکر آپ اپنی بات دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں۔ لہٰذا میرے کام میں اگر برکت پڑ رہی ہے تو میری وجہ سے نہیں پڑ رہی، وہ میرے ’’باوضو‘‘ ہونے کی وجہ سے پڑ رہی ہے۔اور یہ بات میں ہر نوجوان کو کہتا ہوں جس کے ساتھ میں کام کرتا ہوں۔

سبی : سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک،ایک سپاہی شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، سپاہی نثار شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سبی کے نگو پہاڑی کے علاقے کے قریب آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشتگرد گھیرے میں آ گئے، اسی دوران امن دشمنوں نے بھاگنے کی کوشش کی، بھاگتے ہوئے دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بی این اے سے تعلق رکھنے والے 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں پیر جان، راکئی کلھوئی، نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد سبی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ یہ دہشتگرد 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے میں بھی ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے سپاہی نثار نے شہادت کو گلے لگا لیا جبکہ دو سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن و امان کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔
بیان کے مطابق قوم کے ساتھ ملکر سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

کورونا کیخلاف شہید ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے خاندانوں کو مراعات دینگے: مرتضیٰ وہاب

کراچی: (ویب ڈیسک) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دیتے ہوئے شہید ہونے والے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے خاندانوں کو سندھ حکومت اعلانات کے تحت مراعات فراہم کریں گی ۔
ایڈمنسٹر یٹر کراچی مرتضی وہاب نے نجی کمپنی کے تحت منعقدہ تقریب میں کووڈ سے شہید ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے بچوں کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کوڈ کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے شہید ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کے خاندانوں کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے مراعات دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس پر عملدرآمد میں تاخیر کی وجوہات سے متعلق آگائی حاصل کرینگے۔ سندھ حکومت کوڈ کے شہدا کی فیملیز کو مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔

سرینگر ہائی وے دھرنا، خلاف ورزی کرنیوالوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وفاقی دارالحکومت کی سری نگر ہائی وے پرجے یو آئی کے ممکنہ دھرنے کے خلاف اسلام آباد انتظامیہ کی توہین عدالت درخواست پر اجازت نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کا سٹیٹس دیکھے بغیر سخت کاروائی کی جائے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ایڈووکیٹ جنرل نیاز اللہ نیازی کے ذریعےامیرجے یو آئی اسلام آباد مولانا عبدالمجید ہزاروی اور مفتی عبداللہ کے خلاف توہین عدالت کی دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے این او سی کی خلاف ورزی پر جے یو آئی (ف)کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
17مارچ کو چیف جسٹس اطہر من اللہ کے بینچ نے جلسے رکوانے کی درخواست پر متعدد آبزرویشنز دیں،عدالت نے قرار دیا تھا کہ انتظامیہ کے پاس سب معاملات دیکھ کر فیصلہ کرنے کااختیار ہے۔
عدالتی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پبلک ریلی کے لیے جگہ مختص کر کے ایس او پیز کے تحت این اوسی جاری کیا۔
سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق جے یو آئی(ف)کی ریلی کے لیے سری نگر ہائی وے بلاک کر کے سٹیج بنایا جا رہا ہے،شہریوں کے آزادانہ نقل و حرکت، تعلیم اور کاروبار کرنے کے حقوق متاثر ہوں گے،جے یو آئی(ف) کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں، این او سی کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے جے یو آئی ف کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
درخواست میں استدعا کہ گئی ہے کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر جے یو آئی ف کے امیر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ کوئی بھی قانون سے بالا نہیں،سیاسی جماعتیں اور رہنما قانون پر عمل کرنے کے پابند ہیں،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا فرض ہے کہ وہ قانون کا نفاذ کریں، انتظامیہ کی آئینی زمہ داری ہے کہ جلسے کی اجازت میں دئیے گئے این او سی کی شرائط پر سختی سے عمل کرائیں،این او سی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے،این او سی کی خلاف ورزی کی مرتکب سیاسی جماعتیں اور ان کی لیڈرشپ نتائج کے ذمہ دار ہوں گی،تمام سیاسی جماعتیں جن کو این او سی جاری ہوا توقع ہے کہ وہ اس کی شرائط کر عمل کریں گی،امن عامہ کو برقرار رکھنا ریاست کا بنیادی فریضہ ہے،سڑکوں، راستوں اور عوامی تفریحی مقامات پر نظم و ضبط قائم رکھنا پولیس کا فرض ہے، مجسٹریٹ کا اختیار ہے کہ وہ راستوں کی بندش، پریشانی یا خطرے سے بچنے کے لیے احکامات جاری کرے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا خواتین کی آئی پی ایل کرانےکا فیصلہ

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مردوں کے بعد اب خواتین کی بھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ آئی پی ایل کے خواتین ایڈیشن کا انعقاد آئندہ سال کرانےکا منصوبہ رکھتا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروو گنگولی نے بورڈ کی سالانہ میٹنگ میں آئی پی ایل کے نئے ایڈیشن کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے، گنگولی کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ سال اس کے انعقاد کے لیے پرامید ہیں۔
آئی پی ایل کے چیئرمین برجیش پٹیل کا کہنا ہے کہ خواتین کی آئی پی ایل متعارف کروانے کا عمل شروع ہوچکا ہے، اس لیگ میں 5 یا 6 ٹیمیں ہوسکتی ہیں۔
خیال رہے کہ آئی پی ایل کے 15 ویں ایڈیشن کا آغاز آج سے ممبئی میں شروع ہوچکا ہے۔
آئی پی ایل 2022 میں 2 نئی ٹیموں لکھنؤ سپر جائنٹ اور گجرات ٹائٹنز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے، ایونٹ میں کل 10 ٹیمیں مجموعی طور پر 74 میچز کھیلیں گی۔

یورپی یونین کا ایران کیساتھ جوہری معاہدے کی تکمیل کا عندیہ

دوحہ: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی تکمیل کا عندیہ دے دیا ہے۔
دوحہ فورم انٹر نیشنل کانفرنس میں شریک یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار جوزف بوریل نے کہا کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان جوہری مذاکرات معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
معاہدے کے مطابق ایران اور عالمی طاقتیں اپنے 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کریں گے، تہران پر سخت پابندیاں ہٹنے کے بعد جوہری پروگرام کو بھی روکا جائے گا۔