All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی سے ناراض ہونے والے بھی چوہوں کی شکلیں دیکھ کر واپس آگئے، وزیراعظم

کمالیہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ہے، بھگوڑا لندن سے واپس آیا تو عدلیہ اور فوج پر حملے کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمالیہ میں بھی ڈیزل سستا ہوگیا ہے، ڈیزل اور پٹرول کو سستا کرنے پر بڑا پیسہ خرچ کیا۔ میں سب سے پہلے آصف زرداری، جس کی قیمت نیچے آگئی ڈیزل اس کاشکریہ ادا کرتا ہوں، لیگی صدر شہبازشریف کو جہاں جوتے نظر آتے ہیں وہ پالش کرنا شروع کردیتے ہیں، ان تین لوگوں کے چہرے دیکھ کر لوگ ڈر گئے اور دوبارہ میری طرف آگئے۔ لوگ ان تین لوگوں کی شکلیں دیکھ کر سب پارٹی میں واپس آگئے ہیں۔ ان تینوں کی شکلیں دیکھ کر لوگوں کو خوف آیا کہ کہیں پھر واپس نہ آجائیں۔ اللہ نے سب کے دل میری طرف موڑ دیئے اور سب میری طرف آ گئے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نوازشریف کے ساتھ ہے، کرپشن کیسز ختم ہونے پر لندن میں بھگوڑا جلد پاکستان واپس آئے گا، سابق وزیراعظم کبھی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا، کیونکہ کرپٹ آدمی کبھی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دیتا، انہوں نے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اور سجاد علی شاہ کو بھگایا، بھگوڑے نے لفافہ صحافت شروع کی تھی، لوگوں کوخریدنا ن لیگی قائد کی پرانی عادت ہے، یہ کرکٹ بھی اپنے امپائرکھڑے کرکے کھیلتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے اس کے ساتھ ہے، اس کے بعد یہ پاکستان کی عدلیہ پر حملہ کرے گا کیونکہ کرپٹ آدمی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا، یہ اب آئے گا اور عدلیہ پر حملہ کرے گا، ابھی سے یہ عدلیہ کو تقیسم کر رہا ہے، ابھی سے سپریم کورٹ کے اندر ججوں کو اپنے ساتھ ملا رہا ہے، یہ کبھی آزاد عدلیہ کو چلنے نہیں دے گا کیونکہ اس نے اپنے کیسز ختم کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا اگلا حملہ پاکستان کی فوج پر ہوگا، ابھی تک جتنے بھی آرمی چیف آئے ہیں، سب کے ساتھ اس کے اختلافات ہوئے ہیں، خود آرمی چیف بناتا ہے اور پھر اس سے اختلاف کیوں ہوتا ہے۔ اس کا اختلاف اس لیے ہوتا ہے کہ فوج کو اس کی کرپشن کا پتہ چل جاتا ہے۔ لیگی قائد نے لاہور کے پلاٹ بیچ کر ججز کو خریدا، نواز شریف خود ہی آرمی چیف لگاتا ہے پھر اس کے اختلاف شروع ہو جاتے ہیں، اختلاف کی وجہ یہ ہے آرمی کو اس کی چوری کا سب سے پہلے پتہ چل جاتا ہے، نواز شریف چھپ چھپ کر نریندرا مودی سے ملتا تھا، نواز شریف اپنی فوج کے ڈر کی وجہ سے چھپ کر مودی سے ملاقاتیں کر رہا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی سے ناراض ہونے والے بھی ان چوہوں کی شکلیں دیکھ کر واپس آ گئے۔ جو قوم اچھے اور برے کی تمیز نہیں کرتی وہ قوم مر جاتی ہے، انسان نیوٹرل نہیں ہو سکتا، انسان اچھائی اور برائی کو دیکھ سکتا ہے، آصف زرداری اس ملک کی بڑی بیماری ہے، آصف زرداری پر نیب میں اربوں روپے کے کیس ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیری بلاسم سے جوتا زیادہ چمکتا ہے، شہبازشریف کے چپڑاسی کے اکاونٹ میں 375کروڑ روپے آگئے، شہبازشریف کے نوکروں کے اکاونٹ میں 1600 کروڑ روپے آگئے، شہبازشریف کا کیس چل رہا ہ ہے، کبھی ان کا وکیل نہیں آتا تو کبھی کمر میں درد ہوجاتا ہے، ان کو پتہ ہے عمران خان تھوڑی دیر چل گیا تو شہبازشریف نے جیل جانا ہے، پاناما پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے ترین علاقے میں اس کی بیٹی کے نام 4 فلیٹ ہیں۔ یہ میرے خلاف اکٹھے ہوئے حکومت گراو، اقتدار میں آو اور نیب کو ختم کرو، انہوں نے پوری کوشش کہ عمران خان ان کو این آر او دیدے، پہلے انہوں نے پرویزمشرف سے این آراولیا تھا، کہتے ہیں کرپشن کیس معاف نہ کیے توحکومت نہیں چلنے دیں گے۔ میں بار بار ان تین چوہوں کو پیغام دے رہا ہوں حکومت جانا معمولی چیز ہے، میری جان بھی چلی جائے تو تمہیں نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی سے اپنے تعلقات خراب نہیں کرنے چاہئیں، تعلقات خراب کرنے اور جوتے پالش کرنے میں بہت فرق ہے، یہ دوسروں کی غلامی اس لیے کرتے ہیں کیونکہ ان کا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو معاشرہ میں نے دیکھا ہے، اللہ کا حکم ہے امر بالمعروف ہے، قانون کی بالادستی قائم کرو، انصاف دو، فلاحی ریاست بناؤ، انسانیت کا نظام لے کر آؤ، جو کمزور طبقہ ہے اس کی مدد کرو۔ عوام کو اللہ نے حکم دیا ہے اچھائی کے ساتھ کھڑے ہو اور برائی کے خلاف جہاد لڑو، جب آپ معاشرے میں اچھائی اور برائی دیکھتے ہیں تو اللہ نے آپ کے ہاتھ میں یہ فیصلہ نہیں چھوڑا کہ میں اچھائی اور نہ برائی کی طرف ہوں، میں نیوٹرل ہوں۔ اللہ نے نیوٹرل کا فیصلہ انسان کو نہیں دیا، آپ ادھر ہیں یا ادھر ہیں۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں قتل ہونے والے ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت کر دی۔
وفاقی وزیر فروغ نسیم کی زیر صدارت ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزارت داخلہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو پی پی رکن قومی اسمبلی کا نام ای سی ایل لسٹ میں ڈالنے کی ہدایت کی ہے جبکہ انٹر پول کو ریڈ وارنٹ جاری کرنے بھی درخواست کر دی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جارہا ہے، انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

شاہ محمود اور پرویز خٹک کی وضاحتیں بیکار، ق لیگ ووٹ کا فیصلہ آخری دن کرے گی

لاہور: (ویب ڈیسک)حکومتی مذاکراتی کمیٹی شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے تمام کوششیں رائیگاں چلی گئیں کیوں کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے عدم اعتماد میں ووٹ کا فیصلہ آخری دن پر چھوڑ دیا۔
حکومتی وفد کی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ق لیگ کی قیادت سے مذاکرات میں برف نہ پگھل سکی، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے تمام کوششیں کرلیں تاہم ان کی کی تمام وضاحتیں بیکار گئیں، اور ق لیگ نے کوئی واضح پیغام نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ چوہدری پرویز الہٰی کے ملاقات کے دو دور ہوئے۔ پرویز الہی نے حکومتی وزرا سے کہا کہ معاملات اتنے سیدھے نہیں جتنے اپ کو لگ رہے ہیں، اور پرویز الہی نے فی الحال عدم اعتماد کے معاملے پر تعاون کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی بات کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین اسلام آباد میں ہیں ان سے مشورہ کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک بات چیت کے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کے آخری روز ہی مسلم لیگ ق کا حتمی فیصلہ سامنے آئے گا، ق لیگ کی قیادت کا ملاقاتوں کا سلسلہ حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ جاری رہے گے، اور اسلام آباد میں مسلم لیگ ق سے حکومتی وفد دوبارہ ملاقات کرے گا۔
ق لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران اور حکومتی ٹیم کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، بات سنی ہے، فیصلے کا اختیار صرف چوہدری پرویز الٰہی کے پاس ہے، قیادت نے ایک مرتبہ پھر پنجاب کی وزارت اعلی کے حوالے سے اپنا مطالبہ حکومتی ٹیم کے سامنے رکھا ہے۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ ق لیگ نے حکومتی ٹیم کے سامنے اپنے مطالبات اور حکومت سے متعلق تحفظات رکھ دئیے ہیں۔

پی ٹی آئی منحرف ارکان نے پارٹی کے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی نے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ناراض ارکان کو 26 مارچ تک شوکاز کا جواب دینے کی مہلت دی گئی تھی، تحریک انصاف کے منحرف ارکان نے پارٹی کے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو پی ٹی آی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے شو کاز نوٹس جاری کیا تھا، جس کے جواب میں نور عالم کا کہنا تھا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر حقیقی ہیں، میں نے کوئی ایسا انٹرویو میڈیا میں نہیں دیا جس کی وضاحت کی ضرورت پڑے۔
نور عالم نے کہا کہ میں نے نہ پاکستان تحریک انصاف چھوڑی ہے اور نہ ہی پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوا ہوں، میرے اوپر آئین کے آرٹیکل تریسٹھ کا ہر گز اطلاق نہیں ہوتا، شوکاز نوٹس میں لگے الزمات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، تمام الزامات غلط ہیں اور ذاتی طور پر پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔
رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے پارٹی کے شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی طرف سے بھیجا گیا شوکاز نوٹس بذریہ ڈاک مجھے موصول ہوا، اس شو کاز نوٹس میں آپ کی جانب سے مجھ پر غیرحقیقی چھوٹے اور حقیقت سے عاری نامناسب الزامات لگائے گئے، میں ان الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، اور اس الزام کی بھی سختی سے تردید کرتا ہوں کہ میں نے بطور رکن اسمبلی تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
احمد حسین ڈیہڑ نے اپنے جواب میں کہا کہ میں نے کبھی کہیں پر یہ نہیں کہا کہ میں نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے، میری وابستگی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے جسکی گواہی میڈیا پر میرے تمام دیئے گئے انٹرویو ہیں، مجھ پر پارٹی چھوڑنے کے جو الزامات لگائے ہیں اس کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، یہ بات آپ کے علم میں ہے کہ میں نے پارٹی کے اندر رہتے ہوئے ہمیشہ حق بات کی، میں عوامی مفاد میں پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اقدامات اٹھانے کا پرزور مطالبہ کرتا رہا ہوں۔
منحرف رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آٹا، گھی ،دال چینی وغیرہ کی قیمت سبسڈی کے ذریعے 2018 کی قیمتوں کے مطابق کر دیا جائے، بجلی اور گیس کے بل بھرنے کے بعد عام آدمی اور غریب کے پاس بچوں کی فیس اور کھانے کیلئے کچھ نہیں بچتا، نشتر ہسپتال ملتان کے برن سینٹر میں مطلوبہ سہولیات، ڈاکٹر اور دوسرے ضروری آلات اور ساز و سامان دستیاب نہیں، برن سنٹر ملتان میں 6 سال سے کم عمر جلے ہوئے بچوں کو داخل نہیں کیا جاتا اور وہاں صرف پلاسٹک سرجری کا کام ہو رہا ہے، جلے ہوئے بچے نشتر ہسپتال میں بیکٹریا سے بھرے بچوں کے وارڈ میں داخل ہوتے ہیں، میں نے وزیر اعظم اور وزیراعلی کو گورنر ہاؤس والی میٹنگ میں یہ تصاویر دکھائیں مگر انہوں نے توجہ نہ کی، یہ بچے روز محشر سوال کرینگے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ظلم کیا، میرے خلاف آئین کے آرٹیکل 63A کے تحت کارروائی کرنے کا جو آپ نے عندیہ دیا ہے اس کا کوئی جواز نہیں، میں شوکاز نوٹس میں درج الزامات کو یکسر مستردکرتا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ اس میں میری ذاتی طور پر پیش ہو کو جواب دینے کی ضرورت نہیں۔

سعودی عرب میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان کی آواز دھیمی رکھنے کی ہدایت

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں مساجد سے نماز کی براہ راست نشریات پر پابندی اور اذان کے لیے لاؤڈ اسپیکر کی آواز مدھم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسلامی امور کی وزارت کی جانب سے مساجد کو رمضان کی تناظر میں ہدایات جاری کی گئی ہیں جس کے تحت مساجد میں آؤٹ ڈور لاؤڈ اسپیکر کا استعمال صرف اذان اور اقامت کے لیے کیا جا سکے گا۔
وزارت نے یہ بھی ہدایت کہ کہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان کے لیے ایمپلی فائر کا والیوم ایک تہائی سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ اسی طرح نماز کے دوران اماموں اور نمازیوں کی فلم بنانے کے لیے مساجد میں کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔
سعودی وزارت اسلامی امور نے ہدایت نامے میں یہ بھی کہا کہ مساجد انتظامیہ کو افطار کرانے کے لیے پہلے منظوری لینا لازمی ہے۔ اسی طرح غیر سرکاری تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مساجد میں نمازیوں کو افطار کرانے کے لیے مساجد کے اماموں سے رجوع کریں۔
اسی طرح افطار پارٹیوں کا انعقاد کرنے والے پرائیویٹ گروپس اور افراد کو بھی میونسپلٹی کی طرف سے لائسنس یافتہ دکانوں سے کھانا خریدنے، اصراف سے بچنے اور فضول خرچی سے گریز کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے یکم اپریل بروز جمعہ کو رمضان کا چاند دیکھنے والوں سے شہادتیں جمع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلکیاتی حساب سے سعودی عرب میں رواں برس رمضان المبارک کا آغاز 2 اپریل سے ہوگا۔

چین کے صوبے چنگھائی میں 6.0 شدت کا زلزلہ

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے شمال مغربی صوبہ چنگھائی میں 6.0 شدت درجے کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔چین کے زلزلہ نیٹ ورکس سنٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلہ ہفتہ کومقامی وقت کے مطابق صبح 12بجکر21 منٹ پر چنگھائی صوبے کے ڈیلنگا شہر اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزے کا مرکز ڈیلنگا شہر سے شمال مشرق کی جانب 126کلومیٹر دور10کلو میٹر زمین کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے فوری طورپر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ملائیشیا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے21 ہزار839 نئے کیسز، 52 نئی اموات ریکارڈ

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے21 ہزار839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4101081 سے تجاوز کر گئی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے نے ملائیشیا کی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایاکہ ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 52 نئی اموات ریکارڈ ہوئی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں اموت کی مجموعی تعداد 34 ہزار 717 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت نے کہا کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 3819299 ہوگئی جنہیں مختلف ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ ملک میں فعال کیسز کی کل تعداد 247065ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی33034 خوراکیں دے دی گئیں ہیں اوراب تک 84.1 فی صد آبادی کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک اور79 فی صد آبادی کو کورونا ویکسین کی دونوں خوارکیں دے دی گئیں ہیں

امریکا میں 435 فٹ بلند جھولے سے گر کر 14 سالہ لڑکا ہلاک

اورلینڈو: (ویب ڈیسک) امریکا میں مجسمۂ آزادی سے بھی بلند ’’فری اسٹینڈنگ ڈراپ ٹاور ‘‘ جھولے سے گر کر 14 سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔
امریکی میدیا کے مطابق ریاست اورلینڈو کے تفریحی پارک میں فری فال ٹاور جھولے کی کرسی میں کوئی مسئلہ تھا تاہم اس پر توجہ نہیں دی گئی اور رائیڈ چلادی گئی جس کے باعث 435 فٹ بلند جھولے سے ایک لڑکا گر کر ہلاک ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی جھولا بلند ترین مقام پر پہنچتا ہے ایک لڑکا جھولے میں سے نیچے زمین پر گر جاتا ہے۔ 14 سالہ لڑکے کی موقع پر ہی ہلاکت ہوجاتی ہے۔
یہ جھولا گزشتہ برس ہی نصب کیا گیا تھا۔ جھولا سلنگ شاٹ گروپ کی ملکیت ہے جس کے سیلز ڈائریکٹر جان اسٹائن نے میڈیا کو بتایا کہ 14 سالہ لڑکے کی موت پر افسردہ ہیں اور غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
تفریحی پارک کے فری فال جھولا اور اس سے ملحق جھولے کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

بھارت؛ گزشتہ 5 روز میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل بڑھائی جا رہی ہیں اور تاریخ میں پہلی بار ایک روز میں 80 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے یہ اضافہ 5 روز میں چوتھی بار کیا گیا ہے اس طرح گزشتہ پانچ روز میں قیمتوں میں مجموعی اضافہ 3 روپے 20 پیسے ہوگیا ہے۔
بھارت میں ہر ریاست میں پٹرول کی قیمتیں مختلف ہوتی ہیں اور اس وقت سب سے زیادہ ممبئی میں 112 روپے 51 پیسے جب کہ سب سے کم 97.81 روپے نئی دہلی میں ہے۔ بھارت اپنی ضرورت کا 80 فیصد پٹرول درآمد کرتا ہے۔
بھارت میں چار ماہ سے پٹرول کی قیمتوں میں یومیہ نظر ثانی کے عمل کو منجمد کردیا گیا تھا جسے اب بحال کردیا گیا ہے اس طرح 22 مارچ کو قیمتوں کی شرح پر کی گئی نظرثانی کے بعد سے اب تک 4 بار قیمتوں میں اضافہ کیا جاچکا ہے۔
آج کیا جانے والا اضافہ 80 پیسے فی لیٹر ہے،جو جون 2017 میں یومیہ قیمتوں پر نظر ثانی شروع ہونے کے بعد سے یومیہ بنیاد پر پٹرول کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔
اس طرح 22 مارچ سے اب تک چار بار قیمتوں میں اضافے کے بعد اب پٹرول کی قیمت 3 روپے 20 پیسے زیادہ ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاستوں اترپردیش اور پنجاب میں الیکشن کے باعث حکومت نے 4 نومبر سے قیمتوں میں اضافے کے عمل کو منجمد کردیا تھا۔

جرمن ہاکی کھلاڑی اسٹیفن بولشر کی سیکرٹری ہاکی فیڈریشن سے ملاقات

کراچی: (ویب ڈیسک) جرمنی کے معروف ہاکی کھلاڑی اسٹیفن بولشر کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ سے ملاقات ہوئی ہے۔
سٹیفن بلوشر اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں، ان کو جرمن سفارتخانے نے مدعو کیا ہے، جرمن کھلاڑی نے ہاکی سٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کے سابق کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی۔
سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کہا کہ جرمن کھلاڑی نے پاکستان ہاکی کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔