All posts by Khabrain News

جام عبدالکریم دبئی سے ووٹ ڈالنے آ رہے ہیں، انہیں گرفتار کریں گے، وزیر داخلہ

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو قتل میں نامزد رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم تحریک عدم اعتماد کے لیے دبئی سے ووٹ ڈالنے کے لیے آ رہے ہیں اور ہم انہیں گرفتار کر کے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے آئین کے آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس 203 کی دفعہ تین کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے کیونکہ اسپیشل برانچ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مختلف اطلاعات آ رہی ہیں کہ یہ بوکھلائے اور گھبرائے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی کے عوامی سمندر کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ سمیت انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ راستے کھلے رہنے چاہئیں اور امن و امان کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جائے لہٰذا ہم نے سرینگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ہم نے 2ہزار رینجرز، 2ہزار ایف سی اور دو ہزار مختلف صوبوں سے پولیس طلب کی ہے جبکہ 9ہزار ہماری پولیس ہے اور ان 15ہزار کی ڈیوٹی امن و امان کے لیے لگائی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) اپنی جگہ پر اسٹیج واپس لے گئی ہے، ان کو آج جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ، قومی ٹیم کو ایک اور شکست

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) ویمن ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میگا ایونٹ میں قومی ویمنز ٹیم کی بدترین کارکردگی سامنے آئی ہے اور اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے قومی ٹیم صرف ایک میں کامیابی حاصل کر سکی جبکہ 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ویمنز ورلڈکپ کے 26 ویں میچ میں قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہو سکا اور کیوی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 265 رنز بنا لیے۔
نیوزی لینڈ کی اوپنر بیٹر سوئز بیٹس نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ کیٹی مارٹن 30، بروک ہالیڈے 29 اور میڈی گرین نے 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، انعم امین، فاطمہ ثنا، نشرح سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ویمنز ٹیم 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مخالف باؤلرز کے دباؤ میں نظر آئیں اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے۔ ندا ڈار نے نصف سینچری اسکور کی تاہم وہ ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکیں۔
قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز ہی بنا سکی اور اسے 71 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنا روئے نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فرانسس میکے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یوکرین کے اسپتالوں پر روسی حملوں میں اضافہ ہورہا ہے: عالمی ادارہ صحت

لاہور : (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس یوکرین کے اسپتالوں میں حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس یوکرین تنازع میں ماسکو ہر گزرتے دن کے ساتھ اسپتالوں سمیت دیگر صحت کی سہولیات کے مراکز پر حملوں میں اضافہ کررہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق روس کی جانب سے اب تک صرف اسپتالوں، ایمبولینسز اور ڈاکٹروں پر 70 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ صحت سہولیات مراکز پر حملے اب ماڈرن وار اسٹریٹجی کا حصہ بن چکے ہیں جب کہ حال ہی میں 8 مارچ کو خارکیف کے جنوب میں واقع نئے تعمیر شدہ اسپتال پر روسی حملے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
یوکرینی حکام کا کہنا ہےکہ اس اسپتال پر روسی طیاروں نے شیل برسائے جس کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور اسپتال کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
خارکیف کے میئر کاکہنا تھا کہ اسپتال پر پہلے روسی حملے سے اس کی کھڑکیاں دروازے باہر نکل کر گر پڑے جب کہ دوسرے حملے میں آپریشن تھیٹرز مکمل تباہ ہوگئے۔
میئر نے کہا کہ اس اسپتال میں بچے اور حاملہ خواتین زیر علاج تھیں جب کہ بمباری سے حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں سمیت عملہ بھی زخمی ہوا۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ 24 فروری سے اب تک صحت سہولیات مراکز پر 72 حملوں کی تصدیق ہوئی ہے جس میں 71 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے جب کہ ان حملوں میں میڈیکل ٹرانسپورٹ، سپلائی اسٹورز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان کی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سعودی عرب پرحوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہم سعودی عرب میں ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،حوثی حملوں کو سعودی ایئرڈیفنس فورسز نے کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔
ترجمان نےبتایا کہ پاکستان ان حملوں کوفوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہے اور یہ حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ حملے سعودی عرب اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں اور پاکستان سعودی عرب کی مکمل حمایت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے: فیصل جاوید خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں فیصل جاوید خان نے کہا کہ اب باری ہےکمالیہ کی! آئیے اپوزیشن کو عدم اعتماد لانے پر شکریہ بولیں۔
سیینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم عمران خان کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، عمران خان کا کارڈ جلد سامنے آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ آج جو اپوزیشن نے ہمارے لیے کر دیا ہے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میں نے اپنے 26 سالہ تحریک انصاف کے سفر میں ایسی مقبولیت پہلے کبھی نہیں دیکھی جو عمران خان کی آج ہے۔
فیصل جاوید خان نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ حق کے ساتھ ہے، اب جو بھی ہو جیت پاکستان کی ہے، جیت عمران خان کی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا رکھی ہے اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 28 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا دعویٰ ہے کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں سرپرائز دوں گا جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا سرپرائز اسلام آباد جلسے میں استعفے کا اعلان ہو سکتا ہے۔

کراچی کا موسم آج بھی گرم رہے گا،محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

کراچی : (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے شہر کا موسم آج بھی گرم رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر میں آج بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے جب کہ گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف
حصوں میں ایک ہفتے کے دوران موسم گرم رہے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے شہری احتیاط کریں ،زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، سر ڈھانپ کر رکھیں اور غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں۔

پیٹ کمنز شاندار مہمان نوازی پر پی سی بی اور پاکستانیوں کے شکرگزار

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ سیریز کے کپتان پیٹ کمنز نے سیریز جیتنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت شائقین کرکٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں کمنز نے کہا کہ یہ سیریز بہت ہی خاص تھی، ٹیسٹ کرکٹ کے 15 مشکل دنوں کے آخری سیشن میں سیریز جیتنے پر اس ٹیم کے لیے بے حد مطمئن ہوں۔
مہمان نے لکھا کہ شاندار مہمان نوازی کے لیے پی سی بی اور یہاں پاکستان میں تمام لوگوں کا بہت شکرگزار ہوں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 24سال بعد لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف115رنز سے فتح حاصل کی اور یوں تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی۔
اسپنر نیتھن لائن اور پیٹ کمنز کی جارح مزاج بولنگ کے سبب پاکستانی کھلاڑی جلد آؤٹ ہوگئے۔
پیٹ کمنز مین آف دی ٹیسٹ اور عثمان خواجہ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
خیال رہے کہ بینو قادر ٹرافی میں اس سے قبل پنڈی اور کراچی ٹیسٹ ڈرا ہوگئے تھے۔

لاہور: بارات کی واپسی پر دلہا دلہن کی گاڑی کو آگ لگ گئی

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور میں رائیونڈ روڈ پر ڈگری کالج کے قریب دلہا دلہن کی گاڑی کو آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق دلہا دلہن کی گاڑی کو آگ بارات کی واپسی پر لگی، آگ لگتے ہی دلہا دلہن فوری گاڑی سےنکل گئے جس کے بعد آگ نےگاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نےموقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا تاہم گاڑی جل کرتباہ ہوگئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی۔

لاہور: شوہر نے گھریلو ناچاقی پربیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چوہنگ میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے فائرنگ کرکے بیوی کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقے میں خاوند کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والی 45 سالہ خاتون کی شناخت نسیم بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ نسیم بی بی کے شوہر نے گھریلو جھگڑے کی وجہ سے فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کیا۔
پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو مردہ خانہ منتقل کر دیا جب کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

بلوچستان کے سینئر وزیر ظہور بلیدی کابینہ سے فارغ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کےسینئر صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی سے قلمدان واپس لے کر انہیں کابینہ سے فارغ کردیا گیا۔
محکمہ نظم ونسق کی جانب سے جاری نوٹی فیکشن کے مطابق میر ظہور بلیدی سے سینئر صوبائی وزیر کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔
ظہور بلیدی کو کچھ روز قبل صوبائی وزیر منصوبہ بندی کے عہدے سے بھی ہٹایا گیا تھا۔
میر ظہور بلیدی اپوزیشن کو 30 ارب کے فنڈز دیے جانے پر وزیراعلیٰٰ بلوچستان سے ناراض تھے۔