All posts by Khabrain News

اسلام آباد میں کنٹینرز لگ گئے، اضافی پولیس طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں جلسوں اور مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھادی گئی، کنیٹینرز بھی پہنچ گئے۔
حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور مارچ کی سیکیورٹی اور روٹس کے لئے اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ کی تیاریاں مکمل ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں تاہم ابھی سڑکوں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہے۔
اسلام آباد میں جلسوں اوراحتجاج کے پیش نظرپنجاب اور خیبرپختون خوا سے پولیس کی اضافی نفری لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق رینجرز اور ایف سی کی اضافی نفری بھی بلائی جائے گی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا، جلسوں سے شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے، یقینی بنایا جائے کہ جلسے مختص کردہ مقام پر ہی ہوں۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چاروں زونل ایس پیز اور ایس ایس پی سید علی اکبر شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن کے جلسوں کی سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق 2ہزار سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکارجلسے جلوس اور ریلیوں کے راستوں پر تعینات ہوں گے۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔

27مارچ کا جلسہ، پی ٹی آئی قافلے دارالحکومت کی طرف روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے درالحکومت اسلام آباد میں جلسے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسے کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھرسے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوچکے ہیں، 27 مارچ کو ایک تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم ایسے نکلے گی جو پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا گیا ہوگا۔ قوم کا لیڈر عمران خان حرمت رسولﷺ کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ جلسہ میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں، عوام نے فیصلہ کر لیا ہے جو 27 مارچ کو گراؤنڈ میں نظر آئے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی عوام کو 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک کا مستقبل بچانے کیلئے نکلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے نکل کر اپوزیشن کی سیاسی قبر کھود دے گی۔ اپوزیشن کا سیاسی جنازہ نکلے گا۔اپوزیشن کے سیاسی جنازے پر نیا پاکستان کھڑا ہو گا۔

جے یو آئی ف کاآج اسلام آباد میں جلسہ، ن لیگ بھی مارچ کے لیے تیار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن نے حکومت کے خلاف مارچ اور جلسوں کی تیاری کر لی۔ جے یو آئی ف آج اسلام آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان سے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے شہراقتدار پہنچیں گے۔ کراچی سے روانہ ہونے والے مہنگائی مکاؤ مارچ بھی رواں دواں ہے۔
جے یو آئی ف نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو سیکیورٹی کیلئے دوسری درخواست دے دی۔ درخواست میں کہا گیا کہ ایچ نائن میں پرامن جلسہ ہوگا، سڑک بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
مسلم لیگ ن آج لاہور سے مہنگائی مکاو لانگ مارچ کا آغازکرے گی۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیادت میں مارچ ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون سے روانہ ہو گا۔
لاہور سے قافلے اور ریلیاں ماڈل ٹاؤن پہنچیں گی جہاں سے قافلہ فیروز پور روڈ سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچے گا۔ مسلم لیگ ن کے دو حلقوں کو داتا دربار پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان اور بلال یاسین کے حلقے کے کارکنان کو داتا دربار پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ غزالی سلیم بٹ اور سمیع اللہ خان کارکنان کے ہمراہ شاہدرہ میں موجود ہوں گے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے کارکنان گوجرانوالا تک جائیں گے۔
ن لیگ نے پی ڈی ایم جلسے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی۔ رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کا لانگ مارچ براستہ جی ٹی روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے آئے گا۔
لانگ مارچ 28 کی شام پشاور موڑ جی نائن پہنچے گا۔ پی ڈی ایم کا مشترکہ جلسہ 28 مارچ کی شام سرینگر ہائی وے پشاور موڑ پر ہوگا۔

روس یوکرین پر حملے کے بعد چین پر ایک بوجھ بن چکا ہے، پینٹاگون

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روس یوکرین پر حملے کے بعد چین پر ایک بوجھ بن چکا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق یوکرین پر روس کے حملوں کے بعد ماسکو بیجنگ کے لیے ایک بوجھ بن چکا ہے۔
پینٹاگون میں دفاعی پالیسی کے انڈر سیکریٹری کولن کاہل نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جو یوکرین میں کیا ہے، اس کے بعد وہ چین کے لیے کسی اسٹریٹیجک بوجھ سے کم نہیں۔
اس کے علاوہ کولن کاہل نے کہا کہ یوکرین پر حملے کے نتیجے میں روس عسکری، معاشی اور جغرافیائی طور پر کمزور ہو کر پہلے سے بھی زیادہ الگ تھلگ ہو جائے گا۔
کولن کاہل کے مطابق اب اس بات کا امکان بھی زیادہ ہے کہ روس یوکرین میں غیر گائیڈڈ بموں اور توپ خانے کے استعمال میں اضافہ کر سکتا ہے کیونکہ اس کے پاس درست طور پر ہدف بنانے والے گائیڈڈ میزائل ختم ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ روس اور چین نے پچھلے مہینے ہی مغربی ممالک کے خلاف مزید تعاون کا عہد کرتے ہوئے یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر لامحدود شراکت داری کا اعلان کیا تھا۔

چینی وزیر خارجہ کا بھارت کا غیر اعلانیہ دورہ

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ بھارت کے غیر اعلانیہ دورے پر نئی دہلی پہنچ گئے.
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اسلام آباد اور کابل کے دوروں کے بعد اچانک نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے چینی ہم منصب سے تین گھنٹے طویل ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ نےکہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تب تک معمول پر نہیں آ سکتے، جب تک متنازعہ سرحد پر بڑی تعداد میں چینی فوجی تعینات ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرحدی کشیدگی کو معمول کے تعلقات سے نہیں ملایا جا سکتا۔ جے شنکر نے صحافیوں کو بتایا کہ بیجنگ حکومت اس دورے کے بارے میں قبل از وقت اطلاعات نہیں دینا چاہتی تھی۔
اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے مغرب کے مطالبات کے باوجود اپنے دوست ملک روس کے یوکرین میں حملوں کی مذمت نہیں کی۔ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد وانگ ژی نے بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول سے بھی ملاقات کی۔

کورونا وبا سے 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4 افراد انتقال کرگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 30 ہزار 417 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 189 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ گزشتہ روز کورونا وائرس نے 4 افراد کی جان لے لی، جب کہ مثبت کیسز کی شرح 0.62 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ 451 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

او آئی سی اجلاس میں منظور قراردادوں پر بھارتی غیر ذمہ دارانہ بیان مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کئے گئے نتائج اور قراردادوں کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے ناقابل قبول اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتےہوئے کہاہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کا منطق سے عاری بیان ایک ایسے ملک کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے جو پہلے بے نقاب اور تنہا ہو چکا ہے، تاریخی حقائق کو جھٹلانے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی بجائے بھارت کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے موجودہ رویے پر نظر ثانی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بھارتی ریمارکس پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی امت مسلمہ کی اجتماعی آواز اور اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے جس کے 57 ارکان اور 6 مبصر ممالک ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے ان کی جائز جدو جہد کی حمایت میں او آئی سی کا دیرینہ اصولی موقف رہا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے انکار کرتے ہوئے بھارت کئی دہائیوں سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔اس کے علاوہ بی جے پی-آر ایس ایس سے متاثر “ہندوتوا” نظریہ نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، بھارت کی ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں پر ظلم و ستم ایک معمول بن گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے اور ایک بار پھر سختی سے بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کر دیا ہے جس کا مقصد مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنا ہے۔او آئی سی نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، عدم برداشت اور تشدد کی بھی مذمت کی ہے اور بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذہبی آزادی سمیت ان کے حقوق کو یقینی بنائے۔او آئی سی نے 9 مارچ 2022 کے واقعہ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کسی منطق سے عاری،بھارتی وزارت خارجہ کا بیان ایک ایسے ملک کی مایوسی کی عکاسی کرتا ہے جو پہلے ہی بے نقاب اور تنہا ہو چکا ہے۔ تاریخی حقائق کو جھٹلانے، متنازعہ علاقے پر فرضی دعوئوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنےاور او آئی سی کی قراردادوں کو مسترد کرنے کے بجائے بھارت کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے موجودہ رویے پر نظرثانی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔

روس نے جنگ کے خاتمے کی تاریخ طے کرلی، یوکرین کا دعویٰ

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس 9 مئی تک جنگ ختم کرنا چاہتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ اعلیٰ روسی حکام نے اپنے فوجیوں کو 9 مئی تک جنگ ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
دوسری جانب اب تک روس یوکرین کے کسی بڑے شہر پر مکمل طور پر قبضہ نہیں کرسکا ہے۔ جن دو شہروں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا وہاں بھی یوکرین کی افواج نے قبضہ واگزار کرالیا ہے۔
جنگ سے قبل لوہانسک اور ڈونئیسک میں روس نواز باغیوں نے اپنی حکومت قیام کرنے کا اعلان کردیا تھا تاہم یہ باغی ملک کے کسی اور حصے پر اثر انداز نہیں ہوسکے ہیں۔
ایسے میں یوکرین کی فوج نے اپنی مزاحمتی قوت کے بل پر دعویٰ کیا تھا کہ جنگ زیادہ سے زیادہ اپریل تک چل سکے گی تاہم یوکرین فوج کو نیٹو کی جانب سے تاحال کوئی مدد نہیں مل سکی ہے۔
روسی فوجیوں کو 9 مئی تک جنگ روکنے کی ہدایت اس لیے کی گئی ہے کیوں کہ روس ہر سال 9 مئی کو 1941 سے 1945 تک جاری رہنے والی جنگ کے خاتمے کا جشن مناتا ہے۔
روس 9 مئی کو عظیم حب الوطنی کے دن کے طور پر یاد رکھتا ہے کیوں کہ اس روز جرمنی کی افواج نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے تھے۔
واضح رہے کہ روس نے فروری کے آخری دنوں میں یوکرین پر حملہ کیا تھا جس میں اب تک دونوں طرف کے سیکڑوں فوجی مارے گئے اور 2 ہزار سے زائد شہریوں کی ہلاکت کا امکان ہے جب کہ 4 انٹرنیشنل صحافی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے: روس

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، ڈونباس ریجن کا 93 فیصد علاقہ روس کے کنٹرول میں آچکا ہے، یوکرین کے جن شہروں کا محاصرہ جاری ہے وہاں فوج پیش قدمی کر سکتی ہے۔
یوکرین میں روس کی جنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ایک ماہ سے جاری جنگ میں فوجی ہلاکتوں کی تفصیل جاری کردی گئی، روسی وزارت دفاع نے دوسرے مرحلے کے اہداف کا اعلان کر دیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا ہدف ڈونباس ریجن کو آزاد کرنا تھا، لوہانسک اور دونیسک ریاستوں کے ساتھ ساتھ دونباس ریجن کا 93 فیصد علاقہ روس کے کنٹرول میں چلا گیا، جنگ میں اب تک 1351 روسی فوجی ہلاک ، 3825 زخمی ہوچکے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صدر پیوٹن کے اہداف حاصل ہونے تک جنگ جاری رہے گی، یوکرین کے جن شہروں کا محاصرہ جاری ہے، اگلے مرحلے میں وہاں پیش قدمی ہوسکتی ہے، روسی فوج کو مشرقی محاذ پر اہم کامیابی ملی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج نے کریمیا اور دونیسک ریجن کے درمیان زمینی راہداری قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے، اس راہداری کے راستے میں ماریوپول اور بیر دیانسک جیسے بڑے شہر بھی آتے ہیں۔
روسی فوج نے کیف میں ایک آئل ڈپو کو کروز میزائل حملے میں تباہ کر دیا، آئل ڈپو میں لگنے والی آگ پر ایک روز گزرنے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا، تاہم یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے۔

ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں کوئی مسئلہ نہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں کوئی مسئلہ نہیں، ہم آئین کے مطابق ہی چلیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی علاقائی سیاست نہیں کرتی، عمران خان پر سارا پاکستان اعتماد کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارا تعلق بہت اچھا رہا ہے۔ نہیں لگتا کہ ہمارے اتحادی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ جائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی اندرون سندھ سے ووٹ لے کر شہری علاقوں میں حکومت کرتی ہے، اگر پیپلز پارٹی نے شہری علاقوں کی حکومت ایم کیو ایم کو دینی ہے تو پھر وہ گھر بیٹھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ق لیگ کو بڑھنے کا موقع صرف پی ٹی آئی کے ساتھ ہی میسر آ سکتا ہے، مسلم لیگ ق ن لیگ پر کیسے بھروسہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنے کے دوران چینی صدر کے آنے کی افواہ اڑائی گئی۔