All posts by Khabrain News

وزیراعلیٰ پنجاب سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقات، قیادت پر بھرپوراعتماد کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر رائے تیمور بھٹی، اراکین پنجاب اسمبلی تیمور لالی اور وارث عزیز نے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست میں مصروف ہیں۔ ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں، عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔ پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

قومی اسمبلی کا آج دھماکہ خیز اجلاس، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد زیر غور آئے گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی اجلاس کا آج دن گیارہ بجے آغاز ہو رہا ہے، اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد زیر غور لائی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق تحریک عدم اعتماد کی قرارداد 152 ارکان کی جانب سے پیش کی جائے گی۔
تحریک کے محرکین میں 147 ارکان شامل ہیں، وزیراعظم کے خلاف آرٹیکل 95 اے کے تحت تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی، اپوزیشن کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائے ہے وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ایم این ایز کے نام ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں ارکان کی گاڑی میں آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے، ایم این ایز کو شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا جائے گا۔
ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ اراکین پارلیمنٹ مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے پابند ہونگے، قومی اسمبلی سیشن میں مہمانوں کے داخلے پابندی ہو گی، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنے ملازمین پر بھی پابندی عائدکردی ہے۔
سرکلر کے مطابق ملازمین اپنے دفاتر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، بلاجواز پارلیمنٹ ہاؤس میں ادھر ادھر پھرتے پائے گئے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔

کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری، چوبیس گھنٹے میں تین افراد دم توڑ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تین افراد دم توڑ گئے۔ این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد تیس ہزار تین سو چھتیس ہو گئی جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد آٹھ ہزار تین سو سینتالیس ہے۔ ملک میں پندرہ لاکھ تیئس ہزار چار سو ایک افراد کورونا سے متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران تین سو اُنتیس نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح ایک اعشاریہ ایک صفر ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ روز 29 ہزار 790 کوروناٹیسٹ کیے گئے، تاحال ملک بھر میں 2 کروڑ 72 لاکھ 97 ہزار 869 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا سے متاثر 446 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ این سی اوسی کے مطابق پنجاب میں 5 لاکھ 4 ہزار 697،سندھ میں 5 لاکھ 74 ہزار 467 کیسز ،خیبرپختونخوا 2 لاکھ 18 ہزار 838،بلوچستان میں 35 ہزار 467 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آبادایک لاکھ 35 ہزار 6،گلگت بلتستان میں 11 ہزار 688 کیسز جبکہ آزادکشمیرمیں کورونامریضوں کی تعداد 43 ہزار 238 ہوگئی ہے۔

خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی روایت برقرار رکھی جائیگی، اپوزیشن کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپوزیشن قیادت نے بڑا فیصلہ کر لیا، قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی روایت برقرار رکھی جائے گی، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی ملاقات ہوئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی رکن خیال زمان کی وفات پر فاتحہ خوانی کی روایت برقرار رکھی جائے گی، فاتحہ خوانی کے بعد اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش ہوگی۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف عدم اعتماد کی قرارداد پیش کریں گے، اپوزیشن کے 162 میں سے 161 ارکان پورے کرنے کی ذمہ داری تمام جماعتوں کے سربراہوں پر ہوگی، اپوزیشن کا ایک رکن علی وزیر جیل میں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی وزیر کی اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے گئے، اپوزیشن کی جانب سے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کیلئے سپیکر کو درخواست دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی صدارت میں اپوزیشن رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں بلاول بھٹو ، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، سعد رفیق، خواجہ آصف ودیگر شریک ہوئے۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ شیری رحمان اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان تحریک عدم اعتماد اور اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ادھر متحدہ اپوزیشن نے پارلیمانی اجلاس کل صبح طلب کرلیا ہے، اپوزیشن ارکان اسمبلی کا اجلاس صبح 10 بجے پارلیمنٹ میں ہو گا، میٹنگ میں قومی اسمبلی اجلاس بارے حکمت عملی مرتب دی جائے گی، حکومت اور سپیکر کیخلاف ممکنہ احتجاج بارے مشاورت بھی ہو گی۔

نیٹو نے چین سے روس کی مذمت کرنے کا مطالبہ کردیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ اتحادی رہنماؤں نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی نظم و ضبط کو برقرار رکھے اور یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ نے نیٹو کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ وہ باقی دنیا کے ساتھ شامل ہو جائے اور یوکرین کے خلاف وحشیانہ جنگ کی واضح طور پر مذمت کرے۔
انہوں نے کہا کہ چین روس کے ساتھ اپنے سفارتی اور اقتصادی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہے اور اب تک ماسکو پر کوئی تنقید یا مذمت کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ 24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد کریملن نے فوجی اور اقتصادی امداد کے لیے بیجنگ کا رخ بھی کیا۔
میٹنگ میں مشترکہ بیان میں نیٹو کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ چین کے حکام کے حالیہ عوامی تبصروں سے پریشان ہیں اور چین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کریملن کے جھوٹے بیانات کو پھیلانا بند کرے، خاص طور پر جنگ اور نیٹو کے بارے میں۔
واضح رہے کہ ماسکو کو بیجنگ کی اقتصادی یا فوجی مدد کی فراہمی روکنے کے لیے حالیہ دنوں میں واشنگٹن میں اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔ سابق قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر نے حال ہی میں کہا کہ میرے خیال میں اب وقت آگیا ہے کہ ہم یہ تسلیم کریں کہ روس تک پہنچنے کیلئے ہماری پالیسیوں میں ایسے عناصر ہیں جن میں پہلے چین کی بھی خبر لینا ضروری ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم چین کے خلاف واقعی سخت ہوجائیں۔

قومی اسمبلی کےکل کے اجلاس کا ایجنڈا جاری، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کےکل ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔
قومی اسمبلی کےکل کے اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل کی گئی ہے۔
ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ ایوان کی رائے ہےکہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں، اپوزیشن کی قرارداد ہےکہ وزیر اعظم ایوان کا اعتماد کھوچکےلہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیاجائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا تھا تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے تنقید کی جارہی تھی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروز جمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔

ہم عمران خان کو سرپرائز سے پہلے سرپرائز دیں گے ، شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کو سرپرائز سے پہلے سرپرائز دیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی آئین سے انحراف کے مرتکب ہو چکے ہیں، تحریک عدم اعتماد ہر حوالے سے کامیاب ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مطالبے پر تحریک عدم اعتماد پیش کر رہے ہیں، عوام کو جلد کرپٹ حکومت سے چھٹکارا مل جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت عوام کے ووٹ سے بنی تھی، ہماری حکومت میں عمران نیازی نے کیا کچھ نہیں کیا، عمران نیازی نے ڈی چوک بلاک کیا چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا جب کہ اپوزیشن نے اپنی تمام مصروفیات ترک کرکے او آئی سی اجلاس کرایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے او آئی سی کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، عمران نیازی کہتا تھا آج امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، کیا یہ اپنے کنٹینر والے دن بھول گئے۔
انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب کس منہ سے ہارس ٹریڈنگ اور بےضمیری کی بات کرتے ہیں، عمران خان کی پالیسی ہے نہ رہے بانس نہ بجے بانسری۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے عمران نیازی کا بستر گول ہوجائے گا۔ مزید کہا کہ اپوزیشن کوئی بھی غیرآئینی اقدام نہیں ہونے دے گی،کوئی غیرآئینی اقدام ہوا تو عمران خان خوش ہوں گے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عمران نیازی اقتدار کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیارہے، بغیر کارروائی اجلاس موخر ہوا تو سب کچھ کر سکتے ہیں۔

پی پی کی پارلیمانی پارٹی بیٹھک، قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔
آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس زرداری ہاؤس میں ہوا۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی پی پی سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی ، سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اراکین پارلیمان کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔
اجلاس میں آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی پی اراکین پارلیمان کو تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بھی اہم ہدایات دیں۔

دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب شمالی وزیرستان حسن خیل سے پاکستان میں داخلے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جوابی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا ، ناکامی پر دہشت گردوں نے راہ فرار اختیار کر لی۔
انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لانس حوالدار وجاہت عالم، شیخوپورہ کے رہائشی 25 سالہ سپاہی سجاد عنایت، سپاہی مقبول اورا سکردو کے رہائشی 22سالہ سپاہی سجاد علی بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشتگردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی مادر وطن کیلئے قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ترک چیف آف جنرل سٹاف کی جنرل ندیم رضا سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی ملاقات میں دوطرفہ و علاقائی سلامتی، افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو، دوطرفہ فوجی و دفاعی تعاون میں وسعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں کی ملاقات میں باہمی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ترکی ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی تعلقات کو مزید وسعت دیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے ترک جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔