All posts by Khabrain News

دنیا کی مہنگی ترین چائے کی پتی، قیمت 184,000 ڈالر فی کلو گرام

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین اور ہانگ کانگ میں دنیا کی بہترین اور مہنگی ترین چائے فروخت ہوتی ہے جس کی ایک کلو گرام پتی کی قیمت 184,000 ڈالر ہے جو پاکستانی روپوں میں تین کروڑ 35 لاکھ روپے کے مساوی ہے۔
چینی کمپنی گلاس بیلی نایاب چائے کی فروخت میں مشہور ہے اور شاید یہ دنیا کی سب سے مہنگی چائے بھی پیدا کرتی ہے۔ ان میں ایک چائے کا نام روگائی ہے، دوسری قسم کی پتی چین کی وویائی پہاڑیوں پر اگتی ہے اور اسے چٹان والی چائے (راک ٹی) بھی کہا جاتا ہے تاہم چٹانی چائے کی مزید کچھ اقسام ہیں جن میں ڈا ہونگ پاؤ، روگائی اور شوئی ژیان مشہور ہیں۔
ان میں سب سے مہنگی چائے کا نام ’نائی لین کینگ روگائی‘ ہے جو پہاڑیوں کے دشوار گزار حصوں پر اگتی ہے۔
اس چائے کی 25 گرام پتی کی قیمت 4560 ڈالر اور ایک کلو گرام قیمت 184650 ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ اس چائے کو مخصوص سند یافتہ افراد ہی بناتے ہیں اور ایک کپ 3500 سے 4000 ڈالر تک میں فروخت ہوتا ہے۔
چین میں انتہائی قیمتی چائے کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ سال 2002ء میں وایو پہاڑیوں کی ایک چائے کی 20 گرام مقدار جو کبھی چینی بادشاہ کے لیے مخصوص کی گئی تھی وہ 28 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔ اسی طرح 2009ء میں ایک قسم کی نایاب سبز چائے کی 100 گرام مقدار 31000 ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔
اسی طرح دسمبر 2021ء میں ہانگ کانگ کے نیلام گھر سودبے میں 330 گرام چائے 72 ہزار ڈالر میں نیلام ہوئی تھی۔ ماہرین کے مطابق کہیں چائے کے پتے نایاب ہیں تو کسی پودے کی جڑ لازمی ہوتی ہے اور کہیں چائے قدرتی ( وائلڈ ) حالت میں دور دراز مقامات سے لائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ دنیا کی مہنگی ترین چائے کی پتیوں میں شمار ہوتی ہیں۔

کراچی میں جعلی گولڈ اسکینڈل میں ملوث ایک اور ملزمہ گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کسٹمرز کے بینک میں موجود زیورات میں ہیراپھیری میں ملوث ایک اور ملزمہ کو گرفتار کرکے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالےسے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے کارروائی کے دوران جعلی گولڈ اسکینڈل میں ملوث فاطمہ لائبہ کو گرفتارکیا، گرفتار ملزمہ پہلے سے زیر حراست مرکزی ملزمہ عائشہ مرزا کی بیٹی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق نجی بینک گولڈ فنانس اسکیم اسکینڈل میں دونوں خواتین کے جوائنٹ اکاونٹ میں 110 ملین جمع ہوئے، دونوں خواتین سمیت مجموعی طور پر 5 ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات درج کیے گئے ہیں، ملزمان میں عائشہ مرزاکا بھائی سہیل مرزا اور نجی بینک کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزمان کے اکاونٹس سے منتقل کردہ رقم سے جائیدادیں خریدی گئیں، اسکینڈل میں ملوث ملزمان نے ملی بھگت سے مختلف کسٹمرز کے بینک میں موجود زیورات کی جگہ نقلی زیورات رکھے، بینک میں موجود اصل زیورات فروخت کرنے کے علاوہ کئی شہریوں کو جعلی طریقے سے قرض کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق جعل سازی سے حاصل کردہ رقم سے لائبہ نے اپنے دوست کو لاکھوں کی شاپنگ بھی کروائی، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر فاروق کے مطابق گولڈ اسکینڈل میں ملوث گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

صومالیہ: دہشتگرد حملوں میں رکن پارلیمنٹ سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک

موغا دیشو: (ویب ڈیسک) صومالیہ میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو دہشت گرد حملوں میں رکن پارلیمنٹ سمیت 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق موغا دیشو پولیس چیف نے بتایا کہ پہلے واقعے میں خودکش بمبار نے رکن پارلیمنٹ آمنہ محمود عابدی کو نشانہ بنایا جس میں رکن پارلیمنٹ سمیت 5 افراد جان بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
اس حملے کے کچھ دیر بعد باردو سے بھری گاڑی ہسپتال کے گیٹ سے ٹکرا گئی، دونوں حملوں میں مشترکہ طور پر 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق القاعدہ سے منسلک دہشت گرد تنظیم الشباب نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے ساتویں اقتصادی جائزہ مذاکرات مزید تاخیر کا شکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام (ای ایف ایف) کے تحت ساتویں اقتصادی جائزے سے متعلق مذاکرات مزید تاخیر کا شکار ہوگئے۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ ساتویں اقتصادی جائزہ سے متعلق تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ بھی ہورہی ہے، تکنیکی سطح کے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ ساتویں اقتصادی جائزے کے لیے میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی) کے متن پر تبادلہ خیال ہوگا، تکنیکی مذاکرات مکمل ہونے کے بعد میمورنڈم آن اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیوں کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کو یقین ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسی (ایم ای ایف پی) کے متن کو حتمی شکل دینے کے بعد اپریل 2022ء کے آخر میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوگا اور حکومت ستمبر میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ساتویں جائزے کے تحت مذاکرات منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان ورچوئل میٹنگز اور ڈیٹا شیئرنگ کے ذریعے تکنیکی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، ساتویں جائزے کے تحت ہونے جاری مذاکرات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان طے شدہ اہداف کے ساتھ ساتھ حال ہی میں اعلان کردہ وزیراعظم کے امدادی اور صنعتوں کے فروغح کے پیکجز پر فوکس ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مذاکرات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان س بات پر اتفاق رائے ہے کہ دسمبر کے آخر تک کے طے شدہ تمام اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں، جبکہ چھٹے اقتصادی جائزے کے لیے طے پانے والے میمورنڈم آن اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (ایم ای ایف پی) میں طے کردہ دیگر اقدامات پر پیش رفت بھی تسلی بخش ہے۔
بتایا گیا ہے کہ فنانسنگ آپریشنز، ریلیف پیک اور صنعتوں کے فروغ کے پیکیج سے متعلق مکمل تفصیلات آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں اور اس حوالے سے عمومی طور پر مفاہمت پائی جاتی ہے تاہم آئی ایم ایف نے اگلے چند دنوں میں صنعتی فروغ پیکیج پر مزید بات چیت کی ضرورت کا عندیہ دیا ہے۔
کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے بعد مذکورہ پیکیج پر ایک مفاہمت کی توقع ہے جبکہ وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث چھ ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی اگلی قسط کے حصول کے لیے مذاکرات مزید تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں البتہ آئی ایم ایف سے 96 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت 3 مارچ سے شروع ہونے والے مذاکرات کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ کو پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں دس دس روپے اور بجلی کی قیمتوں میں پانچ روپے فی یونٹ کمی پر مبنی 246 ارب روپے کے ریلیف پیکیج اور صنعتی ترقی کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر تاحال مطمئن نہ کرسکی البتہ آئی ایم ایف نے صنعتی فروغ کے پیکیج پر مزید بات چیت کا عندیہ دیدیا ہے اور وزارت خزانہ نے بات چیت کے بعد مذکورہ پیکیج پرجلد مفاہمت کی امید بھی ظاہرکی ہے۔
ذرائع کے مطابق تین مارچ کو شروع ہونے والے مذاکرات دو ہفتوں میں مکمل ہونے تھے اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے گزشتہ پیر اور منگل تک مذاکرات مکمل ہونے کی امید ظاہر کی تھی۔

والدہ کو ستارہ امتیاز ملنا ہمارے لیے قابل فخر لمحہ ہے، اداکار شان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی سپراسٹار شان شاہد نے اپنی مرحومہ والدہ اداکارہ نیلو کو ستارہ امتیاز ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور شان شاہد کی والدہ اداکارہ عابدہ شاہد المعروف نیلو کو بعد از وفات صدر پاکستان کی جانب سے فن (اداکاری) کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
اداکار شان اور ان کی فیملی نے اپنی والدہ کا اعزاز وصول کیا۔ شان شاہد نے ٹوئٹر پر ستارہ امتیاز اور اپنی والدہ کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’میری والدہ کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، ہم سب کے لیے ایک قابل فخر لمحہ، کاش میں انہیں یہ پہنے ہوئے دیکھ سکتا۔ خدا میری والدہ کو خوش رکھے۔‘‘
واضح رہے کہ صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کی معروف شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے پر صدارتی سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

دباؤ میں آجاؤں گا یہ مخالفین کی غلط فہمی، آخر تک مافیا کا مقابلہ کرینگے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دباؤ میں آجاؤں گا یہ مخالفین کی غلط فہمی ہے، عوام 27 مارچ کو بتا دیں گے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، آخر تک مافیا کا مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، عمران خان سے قانونی ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں اور ارکان سے رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر سماعت کی بریفنگ دی گئی جبکہ حکومت نے قومی اسمبلی اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کا ٹولہ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے، چاہتا ہوں 27 مارچ کو پوری قوم میرے ساتھ نکلے، ہم برائی کے ساتھ نہیں سچائی کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ لوگ قوم کے پیسے سے عوامی نمائندوں کو خریدرہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے27مارچ کےجلسےکےحوالےسےقوم کےنام اہم پیغام میں کہا کہ امربالمروف ونہی عن المنکرقرآن پاک میں اللہ کاحکم ہے، اللہ تعالی مسلمانوں کوحکم دیتاہےکہ اچھائی کےساتھ کھڑےہوناہے، اسلام میں برائی اوربدی کےخلاف کھڑے ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے چور اکٹھے ہو گئے، ڈاکوؤں کاٹولا30سال سےملک کولوٹ رہاہےاورپیسےباہربھیج رہاہے۔ کرپٹ ٹولےنےعوامی نمائندوں کےضمیرکی قیمتیں لگائیں، عوام کے پیسے سے عوامی نمائندوں کی خریدوفروخت کی جا رہی ہے، چاہتا ہوں عوام 27 مارچ کو سچائی کا ساتھ دیں۔

پی پی نے زبانی مطالبات مانے ہیں، سب طے ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا، عامر خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان نے حکومت یا اپوزیشن کاساتھ دینےکے حوالے سےکہا ہےکہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔
اسلام آباد میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامرخان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصرشاہ، سعید غنی، مرتضیٰ وہاب اور رخسانہ بنگش شریک ہوئیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آج کی میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، دونوں طرف سے اچھے خیالات کا اظہار ہوا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ بلاول نے کہا ہےکہ انھوں نے مطالبات مان لیے ہیں، لیکن یہ مطالبات زبانی مانےگئے ہیں، اس کا ایک پورا طریقہ کار ہوتا ہے، باقاعدہ تحریری شکل دی جاتی ہے، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا،چاہے ن لیگ کے ساتھ بات ہو یا پیپلزپارٹی، تحریری معاہدہ ہوگا توسامنے آجائےگا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فیصلے سے متعلق اعلان رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، کوئی جلدی نہیں، اپنے لوگوں اور اپنے شہر کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے۔

سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ مخالف مہم، ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کےسائبرکرائم ونگ نے سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ مخالف مہم کے معاملےکی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کا آغاز وزیرداخلہ کے احکامات موصول ہونے پرکیا گیا ہے، سرکاری تعطیل کے باوجود سائبر کرائم ونگ کے افسران کو دفاتر میں طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس اور پیجز کی چھان بین شروع کردی گئی ہے، تحقیقات کا آغاز کسی کی درخواست پر نہیں بلکہ وزارت داخلہ کے احکامات پر ہوا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کی تعداد کا پتہ چلایا جا رہا ہے، فوج اور عدلیہ مخالف مہم چلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد انتظامیہ کی پی ٹی آئی اور جے یو آئی کو جلسوں کی اجازت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جے یو آئی (ف) کو جلسوں کی اجازت دے دی ہے۔
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پریڈ گراؤنڈ اور جے یو آئی ف کو سیکٹر ایچ نائن میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے این او سی میں کہا کہ جے یو آئی ف کو 38 شرائط کے تحت جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی، کوئی روڈ بلاک نہیں کیا جائے گا، کوئی ڈنڈا بردار فورس یا جان لیوا ہتھیار لانے کی اجازت نہیں ہوگی، جے یو آئی (ف) کو کسی قسم کے دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے۔
این او سی میں مزید کہا گیا کہ ریڈ زون کے باہر ایک کلو میٹر کی حدود تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جلسے اور ریلی کی اندرونی سکیورٹی کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، کسی بھی املاک کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار منتظمین ہوں گے۔
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ این او سی میں یہ بھی کہا گیا کہ داخلی راستوں پر وفاقی پولیس اور منتظمین دونوں جامع تلاشی کریں گے، اسٹیج پر جانے والوں کے نام 12 گھنٹے قبل دیئے جائیں گے۔

کھیل شروع اپوزیشن نے کیا، ختم ہم کریں گے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایم این اے کا ووٹ پارٹی کا ووٹ ہے، جن ارکان کی ویڈیوز آئی ہیں ان کے ووٹ کا فیصلہ اسپیکر کی صوابدید ہے، ووٹ بیچنے پر نااہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا، کھیل شروع اپوزیشن نے کیا، ختم ہم کریں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سندھ ہاؤس کےمعاملے پر بات چیت ہوئی، پولیس کے ایکشن سےعدالت مطمئن ہے اس معاملے کو ختم کر دیا گیا، سندھ ہاؤس کے اندر جس طرح ضمیر فروشی ہوئی اسے روکنا ضروری ہے، ہاؤس کے باہر بچے جذبات پر قابو نہ رکھ سکےاور احتجاج کیا، وہاں جو کھیل کھیلا گیا اس کا ابھی تک مداوا نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے کا ووٹ پارٹی کا ووٹ ہے، عدالت گدھا، گھوڑا اور خچر ٹریڈنگ پر پابندی لگائے، پاکستان کا مستقبل اس بات سے جڑا ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کرے، سندھ ہاؤس میں خچر ٹریڈنگ، گھوڑا ٹریڈنگ اور گدھا ٹریڈنگ ہوئی،
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کیس پاکستان کے سیاسی مستقبل کا ہے، ووٹ بیچنے والے کی تاحیات نا اہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم حکومت کا حصہ ہیں، دونوں کے پاس وزارتیں ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ پارٹی لیڈر کے خلاف ووٹ دینا امانت میں خیانت ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا جائے اور اسی کو چھراگھونپ دیا جائے، پی ڈی ایم جمہوری نہیں خریدوفروخت کی تحریک ہے، سندھ ہاؤس میں جو ہوا یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک دھبہ ہے۔