All posts by Khabrain News

اسلام آباد ہائیکورٹ؛ لطیف کھوسہ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا نوٹیفکیشن معطل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سردار لطیف کھوسہ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا 26 دسمبر کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ سردار لطیف کھوسہ کو آج 10 جنوری سے 24 جنوری تک بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ یقینی بنائیں سردار لطیف کھوسہ کو بیرون ملک جانے سے نا روکا جائے، سیکریٹری داخلہ عدالتی حکم سے متعلق نیب، ایف آئی اے، پولیس اور امیگریشن اتھارٹیز کو بھی آگاہ کریں۔

عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ سردار لطیف کھوسہ نے ٹکٹ پیش کیا کہ وہ کینیڈا 10 جنوری سے 24 جنوری جانا چاہتے ہیں، لطیف کھوسہ ہائیکورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت میں شورٹی بھی جمع کرائیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھ فروری تک ملتوی کر دی۔

بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا، محسن نقوی

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم ایشو کو غلط رنگ دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ان کی  رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموراور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبرپختونخوا خصوصا کرم میں  قیام امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی اور مولانا فضل الرحمن نے امدادی اشیاء کے  قافلوں کی پارا چنار آمد پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کرم میں قیام امن کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے۔ صورتحال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگہ کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ نیاز مندی ہے۔ پاکستان کی سیاست میں مولانا فضل الرحمن کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔

ایف آئی اے اور پولیس کو پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم

ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کی ممبر جیل اصلاحاتی کمیٹی و پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت  ہوئی، جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔

ہائی کورٹ نے پولیس اور ایف آئی اے کو خدیجہ شاہ کو ہراساں کرنے سے روک دیا ۔

دورانِ سماعت درخواست گزار خدیجہ شاہ کی جانب سے وکیل آمنہ علی عدالت پیش ہوئیں اور مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائے۔ مقدمات کی تفصیلات تک پولیس کو درخواست گزار اور ان کی فیملی کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کردی۔

لاس اینجلس کے جنگلات کی آگ نے حکام کو ایٹم بم کی یاد دلا دی

امریکا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کئی ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل گئی۔ آگ سے اب تک 10 ہزار سے زائد گھر جل چکے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ آگ سے متاثر بڑے رقبے پر اب بھی شعلے بلند ہو رہے ہیں۔ جنگلات کی آگ سے اب تک 7 افراد کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ آگ سے متاثرہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

لاس اینجلس کے شیرف رابرٹ لونا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  آگ سے متاثرعلاقے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ ان علاقوں پر ایٹم بم گرایا گیا ہو۔ مجھے آگ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جس پیمانے پر تباہی ہوئی ہے وہ پریشان کن ہے اور اس میں کسی اچھی خبر کی توقع نہیں ہے۔ آگ بجھانے والے ورکرزکو تیز ہواؤں کے سبب مختلف علاقوں میں پھیلی آگ پر قابو میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آگ سے متاثرہ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو آلودہ ہوا اور دھوئیں کے خطرات کا بھی سامنا ہے۔

دسمبر 2024 میں ترسیلات زر میں کئی گنا اضافہ، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

 دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلات زر میں 3.1 ارب ڈالر آئے جو ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد اضافہ ہے۔

کارکنوں کی ترسیلات زر میں مالی سال 25ء کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی طور پر 17.8  ارب ڈالر آئے جو مالی سال 24ء  کی پہلی ششماہی کے موصول شدہ  13.4 ارب ڈالر کے مقابلے میں 32.8  فیصد اضافہ ہے۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر دسمبر 2024ء سال بسال 29.3  فیصد اور ماہ بہ ماہ 5.6 فیصد  بڑھ گئیں۔

دسمبر 2024ء کے دوران ترسیلاتِ زر زیادہ تر سعودی عرب (770.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (631.5 ملین ڈالر)، برطانیہ (456.9 ملین ڈالر) اور ریاست ہائے متحدہ امریکا (284.3  ملین ڈالر) سے آئیں۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں سب سے زیادہ  770.6 ملین ڈالر بھیجے۔ ماہانہ بنیادوں پر یہ رقم 6 فیصد زیادہ تھی لیکن گزشتہ سال کے اسی مہینے میں تارکین وطن کی جانب سے بھیجے گئے 577.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ تھی۔

متحدہ عرب امارات سے ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 2 فیصد اضافہ ہوا جو نومبر میں 619.4 ملین ڈالر سے دسمبر میں 631.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں تقریبا 51 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ترسیلات زر 419.2 ملین ڈالر تھیں۔

دسمبر 2024 میں برطانیہ سے ترسیلات زر کا حجم 456.9 ملین ڈالر رہا جو نومبر 2024 میں 409.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہے۔ برطانیہ سے سالانہ آمد میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دسمبر 2024 میں امریکا میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 284.3 ملین ڈالر بھیجے جو ماہانہ بنیاد پر ایک فیصد کمی ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ترسیلات زر میں 11 فیصد اضافہ ہوا اور یہ نومبر میں 323.5 ملین ڈالر کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں 360.3 ملین ڈالر رہیں۔

مسلسل شکستیں! گمبھیر کی عزت خاک میں مل گئی، منافق قرار

سابق بھارتی کرکٹر منوج تیواری نے انڈین ٹیم کے موجودہ ہیڈکوچ گوتم گمبھیر کو ‘منافق’ قرار دیدیا۔

انٹرنیشل کرکٹ میں بھارت کیلئے 12 ون ڈے اور محض 3 ٹی20 کھیلنے والے سابق کرکٹر منوج تیواری نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گوتم گمبھیر پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہار کا ذمہ دار انہیں قرار دیا۔

منوج تیواری نے گوتم گمبھیر پر الزام عائد کیا کہ وہ پی آر کے ذریعے کھلاڑیوں کو موقع دے رہے، بارڈر-گواسکر ٹرافی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ہرشیت رانا کو کیوں کھلایا گیا جبکہ پرتھ کی کنڈیشنز پر آپکے پاس آکاش دیپ جیسا کرکٹر موجود تھا، جسکا پیش بھی آسٹریلوی کنڈیشنز کیلئے زیادہ موثر تھا۔

انہوں نے سوال کیا کہ بتائیں گوتم گمبھیر! آکاش دیپ نے کیا غلط کیا؟ اس نے بنگلادیش کیخلاف شاندار بالنگ کروائی لیکن اسکے باوجود آسٹریلوی کنڈیشنز میں اُسے بٹھا کر رکھا گیا اور نئے کھلاڑی کو ڈیبیو کروادیا۔

سابق کرکٹر نے گمبھیر کے ساتھ اپنے تعلقات کے کچھ پرانے تعلقات پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرے خاندان کو گالی دی جبکہ سابق سابق کپتان اور لیجنڈ سارو گنگولی کیلئے بھی گھٹیا الفاظ کا چناؤ کیا۔

آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیلئے گمبھیر کیساتھ کھیلنے والے منوج تیواری نے ساتھی کرکٹر کو منافق قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو دوسروں کو تبلیغ کرتے ہوئے کہتے ہیں حقیقت میں اسکے بلکل برعکس ہیں۔

کیا حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات ختم ہونے جا رہے ہیں؟ شوکت یوسفزئی نے بتادیا

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔

اپنے وڈیو بیان میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ میڈیا پر شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا۔ سینئر لیڈرشپ کی ذمے داری ہے کہ وہ پارٹی کے اندر ڈسپلن قائم کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تحریک انصاف کے مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو، کیوں کہ حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں ہے۔ حکومت اب بیک فٹ پر جا رہی ہے جب کہ عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں لیکن بہت اچھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے حکومت کو ایکسپوز کر دیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو بھی اب سمجھ آجانی چاہیے کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی ملک کے اوپر بوجھ ہیں، یہ اڑان پاکستان کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پیسہ کہاں ہے۔ ملک میں امن و امان، رول آف لا اور سیاسی استحکام نہ ہو تو کون پاکستان کے اندر انویسٹمنٹ کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 2 برس میں حکومت نے 27 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔ کیا اُڑان پاکستان قرضوں سے چلے گا۔ حکومت بتائے وہ 27 ہزار ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟ قوم کو حساب دے کیونکہ ایک روپے کا ریلیف بھی عوام کو نہیں مل سکا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات سے خوفزدہ لگ رہی ہے۔ اگر اختیار ہے تو عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقی کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے سے دل نہیں جیتے جاتے۔ بہت سارے نوجوان دیکھے ہیں جنہوں نے لیپ ٹاپ تو مریم نواز سے لیے ہیں لیکن اس پر تصویر عمران خان کی لگائی ہے۔

نیلم منیر کے ولیمے کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر، اپنی خوبصورتی اور شاندار اداکاری کے باعث شائقین کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔

حال ہی میں نیلم منیر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں اور ان کی مہندی، نکاح اور برات کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔ اب اداکارہ نے اپنے ولیمے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں ہیں جنہیں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے۔

دولہا محمد راشد نے ولیمے کے دن کالی شیرانی زیب تن کر رکھی ہے جبکہ نیلم چمکدار سلور گرے لباس میں نہایت حسین لگ رہی ہیں۔ یہ جوڑا اپنی خوبصورت تصاویر میں بے حد پُرکشش نظر آرہا ہے اور ان کی تصویریں سوشل میڈیا پر شائقین کی توجہ کا مرکز بن بنی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ قیاس آرئیاں کی جارہی تھیں کہ نیلم منیر نے کسی اماراتی سے شادی کی ہے تاہم اب یہ معلوم ہوا ہے کہ ان کے شوہر کا تعلق پاکستان سے ہی ہے۔

نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کیوں کیے؟ امریکی کانگریس کا عالمی عدالت پرپابندی کے حق میں ووٹ

امریکی ایوان نمائندگان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیردفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندی کے حق میں ووٹ دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیل حملوں پراسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اورسابق وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر امریکی کانگریس میں بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندی عائد کرنے کے لیے ووٹنگ ہوئی۔

ایوان نمائندگان کے 243 ارکان نے عالمی فوجداری عدالت پر پابندی کے حق میں ووٹ دیا۔ 140 اراکین نے کانگریس نے پابندی کے خلاف ووٹ دیا۔ امریکی غیرقانونی کورٹ کاؤنٹر ایکشن ایکٹ امریکی شہریوں اوراسرائیل سمیت اتحادی ملک کے شہریوں سے تحقیقات ، گرفتاری یا حراست میں لینے یا ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتا ہے جو عدالت کے رکن نہیں ہیں۔

45 ڈیموکریٹس نے بھی بل کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 198 ری پبلکنز نے حمایت میں ووٹ دیا۔

ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین برائن ماسٹ نے ووٹنگ سے قبل تقریرمیں کہا کہ امریکا یہ قانون اس لیے منظور کر رہا ہے، کیوں کہ کینگرو کورٹ ہمارے عظیم اتحادی اسرائیل کے وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ نئی کانگریس کے اجلاس کے بعد ایوان نمائندگان میں ہونے والی پہلی ووٹنگ میں تھی۔

کراچی کی کون سی اہم سڑک آج دن 12 تا شام 6 بند رہے گی؟

شہر قائد میں آج دن 12 بجے سے شام 6 بجے تک سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ایوان صدر روڈ بند رہے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق فوارہ چوک سے کھجور چوک تک دونوں اطراف کے روڈ عارضی طور پر بند رہیں گے، ٹریفک کو متبادل راستہ فراہم کیا جائے گا۔

شارع فیصل سے آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب جانے والے فوارہ چوک سے دین محمد وفائی روڈ جا سکتے ہیں جبکہ وہ مسافر حضرات ایم آر کیانی چوک سے شاہین کمپلیکس کی جانب بھی جا سکتے ہیں۔

آئی آئی چندریگر روڈ سے شارع فیصل اور صدر جانے والے شاہین چوک سے ایم آر کیانی چوک اور فوارہ چوک سے سرور شہید روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔

ایم آرکیانی چوک سے ایوان صدر روڈ پر کسی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔