All posts by Khabrain News

کھاد نہ ملنے کے باعث گندم کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

گندم کی بوائی کے وقت کھاد نا ملنے کے باعث فصل کی پیداوار کم ہونے اور گندم کے بحران سمیت ملکی معیشت کو بھی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ فصل کو ہم آخری کھاد نہیں ڈالیں گے تو گندم کا سکا چھوٹا رہ جائے گا اور کمزور ہو جائے گا، اس کا دانہ بہت کم باریک بنے گا، اگر اس کو بروقت کھاد مل جاتی تو سکا بھی لمبا ہو جاتا اور 15 سے 20 ایکڑ کی اس ایوریج بڑھ جاتی۔
سکھر کے نواحی علاقے سلطان پور کے مقامی کاشتکار گندم کی بوائی کے وقت قلت اور بلیک میں فروخت کی وجہ سے کھاد کی عدم فراہمی کے باعث فصل کی کم پیدوار سے پریشان ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق گندم کی تیار فصل کو آخری کھاد کی ضرورت ہے لیکن مارکیٹ میں کھاد دستیاب ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کھاد بلیک میں مل رہی ہے، جو اس کا سرکاری ریٹ ہے وہ ہے تو 1800 روپے لیکن ہمیں 3000 روپے تک بلیک میں مل رہی ہے۔
مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ایگری کلچرل آفیسر، مختیار کار اور جو ہمارے بڑے ہیں ان کے پاس بھی گئے لیکن ہمیں جواب دیا گیا کہ ہمارے پاس کھاد نہیں ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ہزار ایکڑ والے کاشتکاروں کو تو کھاد مل جاتی ہے لیکن چھوٹے کسانوں کو نہیں مل رہی۔
ان کا کہنا ہے کہ کھاد نہ ملنے کی وجہ سے گندم کی پیداور کم ہو گی اور آنے والے دنوں میں خوراک کا بحران پیدا ہو گا۔
کھاد کے بحران سے ناصرف کاشتکار ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں بلکہ مستقبل قریب میں خوراک کی قلت کے ساتھ مہنگائی کا بھی امکان ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ حکام سنجیدگی سے نوٹس لے کر کھاد کی فراہمی یقینی بنا کر کمزور معیشت کو سنبھلنے کا موقع دیں۔

FBR، اسٹیک ہولڈرز سے انکم ٹیکس اور کسٹمز پربجٹ تجاویز طلب

ایف بی آرنے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس، تاجر تنظیموں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے انکم ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق بجٹ تجاویز مانگ لی ہیں۔
ایف بی آرنے آئندہ مالی سال 2022-23کے وفاقی بجٹ میں مقامی انڈسٹری کو تیار کردہ فائنل گڈز پر ٹیرف میں تحفظ دینے،خام مال پر ڈیوٹی ٹیکسوں میں رعایات، مرحلہ وار ٹیکس چھوٹ ختم کرنے، ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹیکس تفریق اور اناملیز دور کرنے کیلیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ اندسٹریز اور ملک بھر کے دیگر چیمبرز آف کامرس، تاجر تنظیموں سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے انکم ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق بجٹ تجاویز مانگ لی ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے تاجر تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس سے کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس،سیلز ٹیکس اور پاکستان کسٹمز سے متعلق تجاویز 31 مارچ تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوائی جائیں.
ایف بی آر حکام کے مطابق تمام فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو لیٹر ارسال کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر نے فنانس بل 2022-23 کیلئے بجٹ تجاویز پر کام شروع کردیا ہے جس کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تجاویز تیار کی جارہی ہیں۔

شمالی کوریا کا ایک اورمیزائل تجربہ،2میزائل فائرکئے

شمالی کوریا نے ایک اورمیزائل تجربے میں 2 میزائل فائرکئے۔ شمالی کوریا ایک مہینے میں 4میزائل تجربے کرچکا ہے۔
جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق شمالی کوریا نے پیرکی صبح کم فاصلے تک مارکرنے والے2 بیلسٹک میزائل فائرکئے۔
جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق میزائل پیونگ یونگ کے ائیرپورٹ کے مشرقی علاقے سے فائرکئے گئے۔ شمالی کوریا 5،11 اور14 جنوری کوبھی میزائل تجربہ کرچکا ہے۔
امریکا نے نئے میزائل تجربات کے بعد گزشتہ ہفتے شمالی کوریا پرمزید پابندیاں عائد کردی تھیں۔
جاپان کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے میزائل تجربے کا بغورجائزہ لیا جارہا ہے۔

سیکیورٹی کیوں نہیں دی، شہزادہ ہیری عدالت پہنچ گئے

شہزادہ ہیری نے برطانوی حکومت کی جانب سے سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پرعدالت سے رجوع کرلیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری برطانوی حکومت کی طرف سے سیکورٹی فراہم نہ کرنے کے خلاف عدالت پہنچ گئے۔
شہزادہ ہیری نے سیکورٹی کے اخراجات خود ادا کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن اس کے باوجود برطانوی حکومت نے سیکورٹی فراہم کرنے سے انکارکردیا۔
شہزادہ ہیری کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ امریکا سے اپنے آبائی ملک انگلینڈ جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
شہزادہ ہیری کے نمائندے کا کہنا ہے کہ ہیری اپنے سکیورٹی انتظامات کے اخراجات خود اٹھا نا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی حکومت کا موقف ہے کہ شہزادہ ہیری کی سکیورٹی سخت اور مناسب ہے تاہم شہزادہ ہیری کی سیکورٹی کی تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔
شہزادہ ہیری شاہی خاندان چھوڑکرامریکا منتقل ہوگئے ہیں۔ شہزادہ ہیری 2020 میں شاہی فرائض سے دستبردار ہوگئے تھے اوراس کے بعد سے انہیں پولیس سیکورٹی نہیں دی گئی ہے۔

نون لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کر لے تو یہ مثبت پیشرفت ہو گی: فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اخلاقی اور مالی کرپشن کی شکار قیادت کو بدلنے کی ضرورت ہے،‏ اگر نون لیگ شریف فیملی سے خود کو علیحدہ کرتی ہے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‏حکومت سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں انتخابی اصلاحات، عدالت اور احتساب کے نظام میں اصلاحات آئیں، یہ اپوزیشن کے بغیر ممکن نہیں۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ قیادت اپنے مقدمات میں ریلیف کے علاوہ کسی اور موضوع پر گفتگو نہیں کرنا چاہتی، نوازشریف ہر مشکل وقت میں کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر لندن پناہ گیر ہو گئے، ایسے لیڈر کی عزت نہیں رہتی۔
دریں اثنا گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے ن کو نکالیں تو یہ اچھا ہو گا، جن کو صرف اپنی چوری کی دولت سے پیار ہو جائے اور ورکروں کو چھوڑ کر ملک سے فرار ہو جائے وہ لیڈر نہیں ہو سکتا۔

ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہوں گے یا نہیں، وزرائے تعلیم کانفرنس آج شیڈول

کورونا کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند کرنے یا کھلے رکھنے سے متعلق فیصلہ آج ہوگا، وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس آج شیڈول ہے۔
بتایا گیا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے کیسز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز کے سبب 2 کالجز پہلے ہی بند کئے جا چکے ہیں۔ محکمہ صحت کی سفارش کے بعد گرلز ماڈل کالج ایف 6 ٹو اور جی 6 ون کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

امریکا میں برفانی طوفان، متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ

امریکا میں برفانی طوفان کے باعث متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں شدید برفانی طوفان کی وجہ سے متعدد ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی گئی۔دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بھی لوگوں کوگھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہوگئیں اورہزاروں صارفین کوبجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
امریکا کے جنوب مشرقی علاقوں میں 9 انچ سے زائد برف پڑی۔ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 10ڈگری تک پہنچ گیا۔
جن ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ان میں ورجینیا، جارجیا اور شمالی اور جنوبی کیرولائنا شامل ہیں۔
سڑکوں اورریل کی پٹڑیوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔

سینئر اداکار رشید ناز انتقال کر گئے

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار رشید ناز  انتقال کرگئے۔

رشید ناز کے انتقال کی اطلاع ان کی بہو اور اداکارہ مدیحہ رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے دی، انہوں نے بتایا کہ  رشید ناز اب ہم میں نہیں رہے۔

مدیحہ رضوی نے لکھا کہ ’ہمارے پیارے بابا رشید ناز آج صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ ضرور پڑھیں۔‘ ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر اداکار حسن نعمان کو بھی ٹیگ کیا۔

رشید ناز 9 ستمبر 1948 کو پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے بےشمار فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

رشید ناز  نے اپنے ٹیلی ویژن کیرئیر کا آغاز 1971 میں پشتو ڈرامے سے کیا۔ انہوں نے  متعدد پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔

 ان کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’دشت‘ میں بھی کام کیا۔

رشید ناز نے 1988 میں اپنی پہلی پشتو فلم ’زما جنگ ‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

کراچی، شارع فیصل پر بلدیاتی قانون کیخلاف جماعت اسلامی کا مارچ اوردھرنا

جماعت اسلامی کی جانب سے شارع فیصل پر سندھ کے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف  احتجاجی مارچ اور میٹروپول سگنل پر دھرنا دیا گیا۔

حق دو کراچی کے تحت شارع فیصل عوامی مرکز سے مارچ کا آغاز کیا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کی۔

مارچ میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی جبکہ شرکا نے نرسری کے مقام پر علامتی دھرنا بھی دیا جس سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی شارع پر ہم موجود ہیں، سب کہہ رہے ہیں سندھ کا کالا قانون نامنظور ہے۔

اس دوران شرکا شارع فیصل سے ہوتے ہوئے میٹروپول کے مقام پر پہنچے جہاں نماز مغرب ادا کی اور علامتی دھرنا دیا۔

بعد ازاں شرکا پرامن طور پر منتشر ہوکر سندھ اسمبلی کے باہر گزشتہ 17 روز سے جاری دھرنے میں شریک ہوگئے۔

پی آئی اے پائلٹ کا ڈیوٹی ختم ہونے پر پرواز اڑانے سے انکار

پی آئی اے کے پائلٹ نے ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے پر پرواز اڑانے سے انکار کردیا اور پرواز کو اسلام آباد کے بجائے دمام ایئرپورٹ پر اتار دیا۔ پی آئی اے پرواز 9754 ریاض سے اسلام آباد میں کئی گھنٹوں تاخیر ۔مسافروں کا عملہ سے تکرار جہاز خالی کرنے سے بھی انکار۔۔۔صورتحال کشیدہ ہونے پر ائیرپورٹ سیکورٹی طلب کر لی گئی۔۔ سعودی عرب سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 9754 گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئی، پریشان حال مسافروں نے جہاز کے اندر ہی پی آئی اے کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث ریاض سے اڑنے والی پرواز سعودی عرب کے شہر دمام میں اتاری گئی تھی، کپتان نے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پر جہاز کو اسلام آباد لے جانے سے انکار کردیا اور طیارے کا رخ اسلام آباد کے بجائے دمام کی طرف موڑدیا، جہاں مسافروں نے جہاز کے اندر شورشرابہ کرتے ہوئے جہاز سے اترنے سے انکار کردیا، اور صورتحال کشیدہ ہونے پر ریاض ایئرپورٹ پر سیکیورٹی عملے کو طلب کرکے حالات کو قابو کیا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی سیفٹی کے لیے کپتان کا مکمل پرسکون اور آرادہ ہونا ضروری ہے، کپتان اور عملے کے آرام کے لیے بندوبست کردیا گیا تھا، اور پی کے 9754 کے مسافروں کو 24 گھنٹے تاخیر کے ساتھ گزشتہ رات 11 بجےاسلام آباد پہنچا دیا گیا۔