All posts by Khabrain News

مصباح کے بیٹے فہام الحق کی پی ایس ایل میں بھی انٹری ہوگئی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سلیکشن کمیٹی کے رکن مصباح الحق کے بیٹے کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں مقامی کھلاڑیوں کی کیٹگری میں شامل کرلیا گیا۔


پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق کپتان مصباح الحق کے صاحبزادے اور انڈر 19 کرکٹر فہام الحق کو پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کیلئے مقامی کھلاڑیوں کی گولڈ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں مقامی کھلاڑیوں کی انتہائی متوقع فہرست کی نقاب کشائی کی، جس میں حنین شاہ، عبید شاہ، انڈر 19 کپتان سعد بیگ اور شمائل حسین کئی قابل ذکر نام شامل ہیں۔

فہرست میں شامل نسیم شاہ کے بھائیوں نے گزشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے تیسری بار ٹرافی جتوائی تھی۔

لوئر کرم میں دھرنا: ٹل تا پاڑاچنار شاہراہ ساتویں روز بھی بند، مظاہرین کا سڑک کھولنے سے انکار

کرم میں سرکاری قافلے پر فائرنگ اور دھرنے کے بعد ٹل سے پارا چنار تک شاہراہ آج بھی بند ہے اور لوگ قافلوں کی آمد کا انتظار کررہے ہیں۔

لوئر کرم مندوری میں دھرنے کے باعث ٹل تا پاڑاچنار مین شاہراہ آج بھی بند ہے، شاہراہ پر دھرنا دینے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک مین شاہراہ بند رہے گی۔

مین شاہراہ کی بندش کے باعث کرم اشیائے خوردنوش کے مزید قافلے ٹل میں کھڑے ہیں اور ڈرائیور سات دنوں سے پاڑاچنار جانے کے منتظر ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مندوری دھرنا مظاہرین کے ساتھ وقتاً فوقتاً مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات کامیاب ہوتے ہی کرم کیلئے اشیائے خورد نوش کا دوسرا قافلہ روانہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹل کینٹ میں مندوری دھرنا مظاہرین کے ساتھ آج مذاکرات متوقع ہیں۔

کوئٹہ؛ کوئلہ کان میں پھنسے 12 کانکن 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود امداد کے منتظر

کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی کے کوئلہ کان میں پھنسے 12 کان کنوں کو 14 گھنٹے گزرنے کے باوجود ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔

مائنز حکام کے مطابق گزشتہ روز کان میں گیس بھر جانے کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس کے باعث 12 کانکن اندر پھسن گئے تھے، ملبے تلے دبے کانکنوں کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے جس میں محکمہ مائنز، پی ڈی ایم اے اور ایف سی کے اہلکار شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کا کہنا ہے کہ رات بھر سے پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں کانکنوں کو بحفاظت نکالنے میں مصروف ہیں، کانکنوں کو ریسکیو کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑیں گے۔

پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ کان کے داخلی راستے سے ملبا ہٹانے کے بعد کافی حد تک گیس کا اخراج ہوگیا ہے، ٹیموں کو کان کے اندر بھیج دیا ہے انشاء اللہ جلد اندر پھنسے کانکنوں کو نکال لیا جائے گا۔

عمران خان خوش ہو گے”رانا ثنا اللہ کی جانب سے ایسا کیا ہوا؟

وزیراعظم شہباز شریف کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ  بانی پی ٹی آئی کی مسکراہٹ کا سبب بن گئے۔

اڈیالہ جیل میں قید تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان  کے چہرے پر رانا ثنا اللہ کی وجہ سے نہ صرف مسکراہٹ آئی بلکہ انہوں نے اس سے لطف بھی اٹھایا۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچاتے ہیں۔ کوشش ہے ان کی کوئی بات مِس نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزہ آیا۔ رانا ثنا اللہ کو بتائیں کہ پاکستان تحریک انصاف سونا نہیں ہیرا ہے۔ رانا ثنا کہتے ہیں کہ علیمہ خان پی ٹی آئی پر قبضہ کرنے لگی ہے۔ یہ اور اسٹیبلشمنٹ تو ماشا اللہ ایک پیج پر ہیں۔ پی ٹی آئی 8 فروری سے کسی کے قبضے میں نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی جیل سے اُسے چلا رہے ہیں ۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہم جلد ہی بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالیں گے۔ رانا ثنا اللہ کو کیوں فکر ہو رہی ہے ۔

کیا نوواک جوکووچ کو زہر دیا گیا تھا؟ حیران کُن انکشاف

عالمی شہرت یافتہ سربین ٹینس اسٹار اور 24 بار گرینڈ سلم چیمپیئن نوواک جوکووچ نے خود کو زہر دیے جانے سے متعلق بڑا دعویٰ کردیا۔


ایک انٹرویو میں سربیا سے تعلق رکھنے والے نواک جوکووچ نے بتایا کہ 2022 کے آسٹریلین اوپن ویزا کیس کے دوران حراست میں لیے جانے کے بعد انہیں ہوٹل میں زہر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے احساس ہوا کہ میلبرن کے اس ہوٹل میں مجھے زہریلی خوراک دی گئی اور سربیا واپسی پر مجھے صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ میں نے یہ بات کبھی کسی کو عوامی طور پر نہیں بتائی لیکن پتہ چلا میرے جسم میں کافی دھات اور مرکری پائی گئی تھی۔

جوکووچ نے رواں ہفتے میلبورن کے ہیرالڈ سن اخبار کو بتایا کہ وہ اب بھی 3 سال پہلے کے تجربات سے صدمے کا شکار ہیں اور شہر کے ائیرپورٹ پر پہنچ کر تناؤ محسوس کرتے ہیں۔

 

نواک جوکووچ نے کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ نے پرائیویسی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔

خیال رہے کہ 2022 میں نواک جوکووچ کو آسٹریلوی حکام نے آسٹریلین اوپن میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی، ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ کورونا ویکسین کے معاملے پر جوکووچ نے غلط دستاویزات پیش کی تھیں جس پر ویزا منسوخ کر کے انہیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا۔

اس دوران نواک جوکووچ کو تحویل کے دوران میلبرن کے ایک ہوٹل میں رکھا گیا تھا۔

توشہ خانہ 2 کیس، بشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر عدالت کا اظہار برہمی

توشہ خانہ 2 کیس میں بشریٰ بی بی کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کردیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ہوئی۔ اسپشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔

توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت میں بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران مزید ایک گواہ پر جرح مکمل کی گئی۔ جرح کیبنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوارڈینیشن محمد احد پر کی گئی۔ عمران خان کے وکیل نے جرح کی۔ دوران سماعت استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مجموعی طور پر مزید 5 گواہ طلب کر لیے۔ محمد شفقت،قیصر،عمر صدیق،محسن اور فہیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا گیا۔ کیس کی سماعت منگل 14 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

وزیراعظم کی عدالتوں میں رکے ٹیکس کیسز کو جلد از جلد نمٹانے ہدایت

وزیراعظم نے عدالتوں میں رکے ٹیکس مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا ان لینڈ ریونیو کے اپیلیٹ ٹربیونلز کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے عدالتوں میں رکے ہوئے محصولات کے قانونی مقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر محصولات کے مقدمات کے جلد سے جلد نمٹائے جانے کے لیے فوری  اقدامات کرے، اپیلیٹ ٹربیونلز ان لینڈ ریونیو میں بین الاقوامی معیار کی افرادی قوت کو مسابقتی تنخواہوں، مراعات  اور  پیشہ ورانہ ٹیلنٹ کی بنیاد تعینات کیا جائے، اپیلیٹ ٹربیونلز میں بہترین ٹیلینٹ کو تعینات کرکے محصولات کے کیسز فوری حل کیے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس کام میں تاخیر کسی صورت براشت نہیں کی جائے گی، اللہ کے فضل و کرم سے ایف بی آر اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے، حال ہی میں کراچی میں فیس لیس اسسمنٹ نظام کا اجراء کیا گیا، جدید خودکار نظام سے کرپشن کا خاتمہ اور کسٹمز کلیئرنس کیلئے درکار وقت میں خاطر خواہ کمی آئی، ملک و قوم کی ایک ایک پائی کا تحفظ کریں گے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ ٹیکس نادہندگان سے ٹیکس وصول کریں گے نہ کہ غریب عوام پر ٹیکس کا مزید بوجھ ڈالیں۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ان لینڈ رینیو اپیلیٹ ٹریبیونلز کی اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے اصلاحات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، اٹارنی جنرل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے، عمران خان

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز عالمی سطح پر لے جائیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ گئے، کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے جائیں گے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج اندر جانے سے روکا گیا، ہم پیدل چل کر اندر والے گیٹ پر گئے۔ پہلے پوری فیملی کو اجازت ہوتی تھی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی تک رسائی محدود کررکھی ہے۔ یہ ٹارچر ہے، ذاتی معالج کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا ۔  بانی پی ٹی آئی چیزیں مانگتے ہیں تو  یہ لوگ تنگ کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ گئے، سپریم کورٹ بھی گئے،  کوئی ہماری بات سننے کو تیار نہیں ہے۔ اب ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، ہم اپنے کیسز کو بین الاقوامی سطح پر لے کر جائیں گے۔ پاکستان اقوام متحدہ کا سگنیٹری ہے، ہم تمام انٹرنیشنل اداروں کے پاس جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سن کر عمران خان مسکرائے، انہیں بڑا مزہ آیا۔ ہم بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام قوم تک پہنچا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے بانی پی ٹی آئی کی کوئی بات مِس نہ ہو۔   یہ بہت بڑی ذمے داری ہے، اسے  پورا کریں گے۔ اب یہ چیزیں ہم کو نہیں روک سکتیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ 2 ماہ پہلے پیغام آیا تھا کہ آپ کے اوپر ہم اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نکال دیں گے۔  بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ اکیلے ہیں، میں نے کہا ہمارے پاس پورا پاکستان، سارا سوشل میڈیا اور تمام پاکستانی بھائی سب موجود ہیں۔ اللہ تعالی ہمیں محفوظ رکھنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہم سیاست میں آ چکے ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کر دوں کہ ہم سیاست میں نہیں ہیں۔ ہم بانی پی ٹی آئی کی ان شا اللہ رہائی تک سب آپ کے سامنے ہیں۔  بانی پی ٹی آئی  کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی جیل سے چلا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی پاکستان کے لوگوں کی زبان ہیں۔  وہ پاکستان کے لوگوں کی سوچ ہے۔

کیا چہل دھناشری ورما کو دھوکا دے رہے ہیں؟ تصویر وائرل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے رکن اور اسپنر یوزویندر چہل اور انکی اہلیہ دھناشری ورما کے درمیان طلاق کی خبروں کے بیچ کرکٹر کی آر جے مہوش کیساتھ کرسمس منانے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔


فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کو آر جے مہوش سمیت دیگر دوستوں کے ہمراہ ساتھ کھانا کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ مہوش مداحوں کے کمنٹس سے بچنے کیلئے پوسٹ کے کمنٹ سیکشن کو بند کررکھا ہے۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹر چہل نے اپنی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بھارتی اسپنر یوزویندر چہل نے اپنے چاہنے والوں کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تحریر کردہ بیان میں لکھا کہ میرے اور اہلیہ کیخلاف بےبنیاد قیاس آرائیاں پھیلائی جارہی ہیں، جس سے میرے احباب اور خاندان والوں کو شدید تکلیف سے گزرنا پڑا۔

 

 انہوں نے بنا تصدیق خبر پھیلانے پر تنقید کرتے ہوئے خبررساں ایجسنی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے رشتے کی رازداری کا احترام کیا جانا چاہیے، ذاتی زندگی میں دخل اندازی نہایتی گری ہوئی حرکت تھی۔

کرکٹر نے اہلیہ سے علیحدگی کی خبروں پر کہا کہ میری اور دھناشری ورما کے درمیان محبت کی کہانی کئی افراد کیلئے متاثر کن تھی، کوویڈ کے دوران شروع ہونے والی اس کہانی کو ہم نے شادی کے ذریعے پایا تکمیل تک پہنچایا۔

 

دوسری جانب چہل اور دھناشری ورما نے تاحال افواہوں کی ترید پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم جوڑا اپنے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو مسترد کررہا ہے۔

ایک روز قبل انکی اہلیہ دھناشری ورما نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا تھا کہ گزشتہ چند دن میرے اور میرے خاندان کیلئے بے حد مشکل رہے، سب سے زیادہ پریشان کن وہ تحریریں ہیں جو حقائق کے منافی ہیں، اس ٹرولنگ سے پھیلائی جانے والی نفرت کے ذریعے میرے کردار کی توہین ہوئی ہے۔

 

انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنا نام اور ساکھ بنانے کیلئے سالوں محنت کی، میری خاموشی کمزوری کی علامت نہیں بلکہ طاقت کی نشانی ہے، آن لائن پلیٹ فارمز پر مجھ سے منسوب منفی چیزیں آسانی سے پھیلائی جاتی رہیں۔

دھناشری نے اپنے نوٹ کا اختتام کرتے ہوئے لکھا کہ سچ کو کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہوتی۔

 

خیال رے کہ دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبروں کو تقویت اس وقت ملی تھی جب یوزویندر چہل اور دھناشری نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کردیا اور ساتھ ہی کرکٹر نے دھنا شری کی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردیں ہیں جبکہ ان کی اہلیہ دھناشری ورما نے بھی کرکٹر کو ان فالو کیا ہے لیکن یوزویندر چہل کی تصاویر نہیں ہٹائیں۔

ایک دوسرے کو ان فالو کرنے کے بعد دونوں کی علیحدگی کی خبریں گرم ہیں تاہم دونوں کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

غزہ میں قتل عام پر اسرائیل کے حامی امریکی اداکار کا عالیشان گھر خاکستر؛ لائیو شو میں رو پڑے

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد شخصیات کے مہنگے اور پُرتعیش گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

نیوز چینل سی این این کے لائیو شو میں آسکر ایوارڈ کے لیے 2 بار نامزد ہونے والے اور 3 ایمی ایوارڈز کے فاتح جیمز ووڈ یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے کہ ان کا عالیشان گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔

جیمز ووڈ کا گھر بھی لاس اینجلس کے جنگلات سے گھرے پُرفضا مقام پیسیفک پیلیسیڈز پر واقع تھا جو دیگر متعدد شوبز ستاروں کا بھی مسکن ہے۔

جیمز ووڈ نے روہانسے ہوتے ہوئے انٹرویو میں کہا کہ کیسا المیہ ہے، ایک دن آپ گھر کے سوئمنگ پول میں نہا رہے ہوتے ہیں اور اگلے ہی روز پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن جاتا ہے۔

یاد رہے کہ یہ وہی امریکی اداکار ہیں جنھوں نے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی نسل کشی پر حوصلہ افزائی کی تھی۔

جیمز ووڈ نے اُس وقت اپنی ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ ان سب کو مار ڈالو، شاباش نیتن یاہو، آپ نے امریکی کٹھ پتلیوں کی ایک نہ سنی۔ حملے جاری رکھیں۔

سی این این انٹرویو میں جیمز ووڈ کی روتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے اداکار کو یاد دلایا کہ کس طرح وہ مجبور اور بے کس غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم پر خوش ہوا کرتے تھے۔

سوشل میڈیا صارفین نے پوچھا کہ ظلم کی حمایت کرنے پر پچھتاوا تو ہوتا ہوگا؟ بے گھر ہونے کی تکلیف اور اپنے گھر کو اپنے سامنے جلتا دیکھ کر فلسطینی یاد تو آتے ہوں گے۔