All posts by Khabrain News

عمران خان نے کہا ہے مذاکرات ان سے ہونے چاہئیں جن کے پاس اصل طاقت ہے، شعیب شاہین

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا ہے کہ عمران خان کا کہنا ہے مذاکرات ان سے ہونے چاہئیں جن کے پاس اصل طاقت ہے، میں بھی یہی کہتا ہوں جب حکومت کے پاس اختیار نہیں تو مذاکرات میں کیوں بیٹھے ہیں؟

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے بات چیت میں انہوں ںے کہا کہ حکومت کہہ رہی معیشت بہتر ہوگئی جبکہ ایک کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، بانی نے کہا حکومت نے معیشت کو تباہ کیا ہے بانی نے کہا معیشت کی بہتری کیلئے قانون کی حکمرانی ضروری ہے بانی نے کہا معیشت کیلئے سرمایہ کاری ضروری ہے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے کیا ایک سال چاہیے، جوڈیشل کمیشن میں 26 نومبر کی پوری تحقیقات ہونی چاہیے، جوڈیشل کمیشن فوری طور پر بننا چاہیے، 26 نومبر سے قبل مذاکرات ایک ٹریپ تھا مذاکراتی کمیٹی کو آج تک ملنے نہیں دیا گیا تو حکومت کی سنجیدگی واضح ہے آج علیمہ خان کو بھی جیل کے اندر جانے سے روکا گیا کیونکہ وہ بولتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم الزام تراشی نہیں کررہے ہم سچ بولتے ہیں بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے مذاکرات ان سے ہونے چاہئیں جن کے پاس اصل طاقت ہے، ہمارے دو معصومانہ مطالبات ہیں ایک جوڈیشل کمیشن اور قیدیوں کی رہائی، ہم نے کہا ہے سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے اور ہم یہ بھی کہہ رہے ہیں مقدمات بازی بھی ختم ہونی چاہیے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ عرفان صدیقی نے کہا ہے ہم سے وہ مطالبہ کرو جس کا ہمارے پاس اختیار ہے، جب حکومت کے پاس اختیار نہیں تو مذاکرات میں کیوں بیٹھے ہیں؟ ہمارے  مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا ہیں مذاکرات کے حوالے سے جو بات کرنی ہوگی صاحبزادہ حامد رضا کریں گے۔

اسلام آباد؛ غیر ملکی جوڑے سے موبائل چھیننے والا ملزم پولیس حراست سے فرار

وفاقی دارالحکومت میں ٹریل 5 پر غیر ملکی جوڑے سے موبائل چھیننے والا ملزم تھانہ سیکرٹریٹ پولیس سے فرار ہوگیا۔

فرار ملزم کا تعاقب کرتے ہوئے سری نگر ہائی وے پر گاڑی کی ٹکر لگنے سے اے ایس آئی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کی جانب سے فرار ملزم کا تعاقب جاری ہے۔

ملزم کا آج عدالت پیشی کے بعد جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا تھا، کچہری سے نکلتے ہی ملزم ہتھکڑیوں سمیت فرار ہوگیا۔

سندھ میں فصلوں کا بیمہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے نقصان کے ازالہ کیلئے فصلوں کا بیمہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت اجلاس میں سیکریٹری زراعت اور دیگر نے فصلوں کی انشورنس منصوبے سے آگاہ کیا۔ وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں ممکنہ سیلاب، بارشوں، بیماری، گرمی، کیڑہ لگنے اور موسمیاتی تبدیلی سے فصلوں کو ہونے والے  نقصان کی کراپ انشورنس ہونا ضروری ہے۔حکومت سندھ نے کسانوں کی مدد کے لیے بینظیر ہاری کارڈ متعارف کروایا  ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ بینظیر ہاری کارڈ کی مد میں کسانوں کو کراپ انشورنس کی سہولت بھی فراہم کریں۔ انشورنس کے ماڈل کو چلانے کے لیے پولا ایڈوائزرز سندھ کے کسانوں کو سپورٹ کرے گا۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ پولارڈ ایڈوائزرز چاول، کپاس اور گندم کی فصلوں کو انشورڈ کرے۔

صوبائی وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ زراعت سندھ نے کراپ انشورنس کے ایک سال کے لئے پائلٹ پروجیکٹ منظوری دے دی جو کہ رواں سال خریف 2025 سے شروع ہوگا۔ انشورنس کے ماڈل کو چلانے کے لئے پولار ایڈوائزرز سندھ کے کسانوں کو ایریا ییلڈ انڈیکس انشورنس کے تحت سپورٹ کرے گا۔ اگر کراپ انشورنس کا پائلٹ پروجیکٹ کامیاب ہوا تو مزید دیگر 27 اضلاع میں بھی شروع کرائیں گے۔  پائلٹ پروجیکٹ کامیاب ہونے کے بعد گنے اور دیگر فصلوں کو بھی کراپ انشورنس پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں دو اضلاع لاڑکانہ اور گھوٹکی میں ٹرائل کی بنیاد پر بیمہ پروگرام شروع کرایا جا رہا ہے۔

بھارت؛ ایک دن میں بھارتی فورسز کے 3 اہلکاروں کی خودکشی

بھارتی ریاست اترپردیش میں 24 گھنٹوں کے دوران بھارت کے نیم فوجی دستے کے 3 اہلکاروں نے یکے بعد دیگرے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خودکشی کا پہلا واقعہ اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں پیش آیا جہاں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 36 سالہ اوپیندرا کمار سنگھ نے خودکشی کی۔

اسی طرح انڈو تبت بارڈر پولیس فورس کے بھی ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا جس کی شناخت سجن سنگھ کے نام سے ہوئی اور جو اگلے برس ریٹائرڈ ہونے والا تھا۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں انڈین سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے کانسٹیبل ابھینندن نے ٹوائلٹ میں خود کو گولی مارلی۔

ابھینندن کی عمر 23 سال تھی اور وہ ریاست کیرالہ کا رہائشی تھا۔

تاحال خودکشی کے ان واقعات کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

تینوں اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔

لاس اینجلس آگ، 100 فیصد اخراجات برداشت کریں گے، بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے لاس اینجلس میں آگ لگنے سے ہونے والی تباہی پر اگلے چھ ماہ تک 100 فیصد اخراجات اٹھانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے آتشزدگی کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ قرار دیا ہے۔

آتشزدگی پر بریفنگ کے دوران صدر جو بائیڈن نے کہا کہ فنڈنگ کی رقم سے متاثرہ علاقوں سے ​​ملبہ ہٹایا جائے گا اور عارضی پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ورکرز کی تنخواہوں سمیت جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات پورے کیے جائیں گے۔

صدر جو بائیڈن نے مزید کہا کہ تعمیراتی کام کے لیے اضافی فنڈز پاس کرنے کی ضرورت پڑسکتی ہے جس کے لیے وہ کانگریس سے اپیل کریں گے۔

دوسری جانب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گورنر کیلیفورنیا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے خوبصورت ترین علاقوں میں سے ایک جل کر راکھ ہوگیا جس کے زمہ دار ڈیموکریٹ گورنر نیوسم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاس اینجلس پورا مٹ گیا، تین دن میں آگ پر زرہ برابر بھی قابو نہیں پایا گیا، گورنر اور میئر دونوں نااہل ہیں۔

خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کل ہوگی

خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز کل سے اسلام آباد میں ہوگا۔

2 روزہ عالمی کانفرنس میں کئی ممالک کے مندوبین،ماہرین تعلیم اور وزراء شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں تعلیم کے شعبے میں خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر بات کی جائے گی۔ عالمی کانفرنس میں ملالہ یوسفزئی بھی شرکت کریں گی۔

پاکستان کی میزابنی میں منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں 44 مسلمان اور اتحادی ممالک کے 150 مندوبین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا اہتمام وزارت تعلیم نے کیا ہے۔ کانفرنس کا عنوان مسلم کمیونیٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم۔ چینلنجز اور مواقع ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد لڑکیوں کے تعلیم سے متعلق حاصل کی گئی کامیابیوں کو شئیر کرنا، معلومات کا تبادلہ اور تعلیم کے میدان میں درپیش مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے قابل عمل اقدامات پر بات کرنا ہے۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد تیزی؛ انڈیکس ایک لاکھ 13 ہزر پوائنٹس پر آگیا

اسٹاک ایکسچینج میں آج مندی کے بعد تیزی کا رجحان ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری دن بازارِ حصص میں خرید و فروخت کا آغاز 271 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ ہوا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 112366 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں مارکیٹ میں اتار چرھاؤ کا رجحان جاری رہا اور 434 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ اسٹاک مارکیٹ کا جمعہ کے روز پہلا سیشن ختم ہوا، جس کے ساتھ ہی 100 انڈیکس بڑھ کر 113072 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پی ایس ایکس میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے اثرات آج بھی مارکیٹ کے آغاز پر دکھائی دیے۔

صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت پر سوالات اُٹھے لگے

قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت پر سوالات اُٹھے لگے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، اس دوران باؤنڈری لائن کے قریب قومی ٹیم کے اوپنر صائم کا دائیں ٹخنہ مڑ جانے سبب انجری کا شکار ہوئے تھے۔

جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے اختتام کے بعد صائم ایوب علاج کیلئے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ لندن روانہ ہوگئے تھے، جہاں چیئرمین کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے ماہر اسپورٹس آرتھو ڈاکٹرز انکا چیک اَپ کررہے ہیں۔

گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ ڈاکٹرز نے ڈاکٹر لکی جیاسیلان نے صائم ایوب کے ٹیسٹ اور رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ انہیں ٹخنے کی انجری کیوجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔

صائم ایوب نے ملاقات کے بعد بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق انجری کی وجہ سے میرے ٹخنے کو نقصان نہیں پہنچا اور اب صورت حال نارمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر نے مجھے سیدھے پیر (جس پر چوٹ لگی) پر وزن ڈالنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔

تاہم ڈاکٹر نے صائم ایوب کو 6 ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ بھی دیا جبکہ مزید ڈاکٹرز کا ایک پینل رپورٹس، ایکسرے سمیت دیگرصورت حال دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔

اس صورت میں صائم ایوب کے چیمپئینز ٹرافی میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ انکی عدم موجودگی میں جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی واپسی اور امام الحق کیلئے راہ ہموار ہوگئی ہے

دوسری جانب چیمپئینز ٹرافی کیلئے حتمی اسکواڈز کا اعلان 12 جنوری کو کیا جانا ہے تاہم ابھی تک بورڈ حکام صائم ایوب کی رپورٹس کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد فیصلہ چیئرمین پی سی بی کریں گے۔

لاہور ہائیکورٹ؛ پی پی 51 سیالکوٹ سے کامیاب ن لیگی امیدوار کے خلاف درخواست خارج

لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پی پی 51 سیالکوٹ سے کامیاب ن لیگی امیدوار کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

جسٹس سلطان تنویر احمد نے بطور الیکشن ٹربیونل ن لیگی امیدوار کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ کامیاب ن لیگی امیدوار میاں ذیشان رفیق کی جانب سے عمران چدھڑ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

الیکشن ٹربیونل نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

درخواست گزار کا موقف تھا کہ کامیاب قرار دیے گئے امیدوار نے 35000 ووٹ حاصل کیے جبکہ درخواست گزار نے 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، ریٹرننگ آفیسر نے ملی بھگت سے نتائج کو تبدیل کیا لہٰذا ٹربیونل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کامیابی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے۔

وکیل لیگی امیدوار عمران چدھڑ نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزار کے پاس جیت کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے، بغیر ثبوتوں کے درخواست پر سماعت کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ استدعا ہے کہ ٹربیونل درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے۔

عظمیٰ بخاری نے اتحادی پیپلز پارٹی پر تنقید کے نشتر برسادیے

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مسلم لیگ ن کی اتحادی پیپلزپارٹی پر بھی تنقید کے نشتر برسادیے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے، مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے جو کئی برس سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں، ایک جماعت ایک صوبے میں 16 سال سے دوسری 12 سال سے اقتدار میں ہے، ان دونوں سے کارکردگی پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔

 عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو کارکردگی سے مقابلہ نہیں کرسکتے وہ زبان درازی میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں،  نواز شریف کے وژن اور انکی لیڈرشپ میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، شہبازشریف اور مریم نواز کی انتھک محنت سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئی ہیں، مشکل وقت گزر چکا اب ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہورہا ہے۔

بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ  مریم نواز پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے  نہیں بلکہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہے، اب جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دیں گے۔  مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کریں گی۔

وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ  مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی باقی صوبوں کے لیے مثال ہے، پنجاب گڈ گورننس، میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے، مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو اسکالرشپ، گرین ٹریکٹر، لائیو اسٹاک کارڈ دے رہی ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا بیان

قبل ازیں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے گزشتہ روز پاک پتن میں لائیو اسٹاک کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب پر اپنے ردعمل میں مریم نواز کو “Nepo Baby” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان بننے کی ناکام کوشش کررہی ہیں، مریم نواز کو عمران خان بننے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے، عمران خان شریف خاندان کے اعصاب پر سوار ہیں اور شریف خاندان کو خواب میں بھی عمران خان نظر آتے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کا پیسہ عوام پر خرچ ہونے کے بجائے لندن منتقل ہو رہا ہے،  جو لیڈر سردرد کے علاج کے لیے بھی لندن جاتا ہو، وہ عوام کے لیے کیا کرے گا؟، چچا اور بھتیجی دونوں وفاقی اور صوبائی خزانے کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ شریف خاندان کے منی لانڈرنگ قصے زبان زدعام ہے، جعلی حکومت نے اس بار کرپشن کے ساتھ لاقانونیت کو بھی فروغ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا پہلا قرض اتارنے والا صوبہ بن گیا ہے، خیبر پختونخوا میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہو رہا ہے۔