All posts by Khabrain News

بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والا نایاب نسل کا سامبر ہرن ریسکیو کر لیا گیا

وائلڈ لائف لاہور نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سرحدی علاقے جنڈیالہ سے سامبر ہرن برآمد کر لیا۔

مقامی لوگوں کی اطلاع پر سامبر ہرن کو ریسکیو کیا گیا، ہرن کو وائلڈ لائف پارک جلو منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہرن صحت مند اور جوان ہے۔

وائلڈ لائف کے مطابق ممکنہ طور پر سامبر ہرن بھارت سے اپنے مسکن سے بھٹک کر پاکستان میں داخل ہوا۔

سوات ، بونیر اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

سوات، بونیر اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات، بونیر، ملاکنڈ ڈویژن  اور گرد و نواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز سوات تھا۔

زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی جب کہ مرکز بٹ خیلہ سے 6.5 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اُدھر ضلع بونیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ تمام مقامات سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا، پنجاب میں موسم خشک

لاہور سمیت پنجاب کہ بیشتر اضلاع سے بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسانے والا سسٹم نکلنے کے بعد دوبارہ خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مختلف اضلاع میں میدانی علاقوں میں ہونے والی بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری کے اثرات موجود ہیں۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری کم ہو کر 10 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

سعودی عرب کے لیبر قوانین میں بڑی تبدیلیاں، اوورسیز پاکستانیوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

ریاض : سعودی عرب کے لیبر قانون میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں اور ان کا نفاذ شروع ہو گیا ہے۔

سعودی وزارت افرادی قوت نے اعلان کیا ہے کہ ترمیم شدہ لیبر قوانین کا اطلاق آج (19 فروری 2025) سے ہوگیا ہے جن کا مقصد مقامی مارکیٹ کو بہتر بنانا اور آجر و اجیر کے حقوق کا تحفظ ہے۔

ترمیم شدہ قانونِ محنت کی 38 شقوں میں تبدیلی، 7 شقوں کو خارج اور 2 نئی شقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ آجر اور اجیر کے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

نئی ترامیم کے مطابق بہن یا بھائی کے انتقال پر کارکن کو 3 دن کی چھٹی ملے گی۔ خواتین ملازمین کے لیے زچگی کی چھٹی 6 ہفتے لازمی ہوگی، جبکہ مزید 6 ہفتے کی اضافی چھٹی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

چھٹی والے دن کام کرنے پر آجر اضافی اجرت دینے کا پابند ہوگا۔ تجرباتی مدت بڑھا کر 180 دن کر دی گئی ہے، اور اس دوران معاہدہ ختم کرنے کا اختیار فریقین کو حاصل ہوگا۔

استعفے کی صورت میں کارکن کو 30 دن کا نوٹس دینا ہوگا، جبکہ نوکری سے برخاستگی پر آجر کو 60 دن کا نوٹس دینا ہوگا۔ آجر پر لازم ہوگا کہ وہ کارکن کو رہائش فراہم کرے یا پھر رہائش اور ٹرانسپورٹ الاؤنس دے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم کارکنوں کے حقوق کے تحفظ، کام کے بہتر ماحول اور اجرتی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں گی، جبکہ ان قوانین سے غیر ملکی ملازمین کو بھی فائدہ ہوگا۔

حرا سومرو رومینٹک سینز کرنے کی شوقین ؟

معروف اداکارہ حرا سومرو کا کہنا ہے کہ انہیں رومانوی کردار ادا کرنا بےحد پسند ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری اور دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا،گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی پسند اور فنی سفر کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں رومانوی کردار ادا کرنا بےحد پسند ہے کیونکہ وہ محبت کی خوبصورتی کو اسکرین پر اجاگر کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ اب تک جتنے بھی ڈراموں میں کام کیا، وہ کبھی فلاپ نہیں ہوئے، لوگ ان کی صلاحیتوں کی قدر کرتے ہیں۔ تاہم، وہ جس مخصوص کردار کو ادا کرنا چاہتی ہیں، وہ ابھی تک انہیں نہیں ملا۔

حرا سومرو نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی کرداروں کے حوالے سے سوال نہیں کیا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا۔

 میزبان نے ان کی شخصیت سے متعلق سوال کیا کہ جتنی وہ پراعتماد نظر آتی ہیں، کیا اتنی ہی شرمیلی بھی ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ پہلے وہ شرمیلی تھیں، مگر گزشتہ ڈیڑھ سال میں ان میں ایک واضح تبدیلی آئی ہے۔

 پہلے انہیں لگتا تھا کہ وہ جو کہنا چاہتی ہیں، وہ مکمل طور پر نہیں کہہ پاتیں، مگر اب ایسا محسوس نہیں ہوتا۔

زندگی کے نشیب و فراز پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ غم کو چھپانے کا فن بخوبی جانتی ہیں کیونکہ زندگی میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

ان کے مطابق، اگر غم نہ ہوں تو انسان وہ نہیں بن سکتا، جو وہ بننا چاہتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بعض اوقات ٹینشن چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی ہو جاتی ہے، اور غم اکثر وہاں سے ملتا ہے جہاں سے انسان توقع نہیں کر رہا ہوتا۔ مگر وہ غم کو پالنے کے بجائے اس سے محبت کر چکی ہیں۔

اداکاری کے علاوہ دیگر شعبوں میں اپنی دلچسپی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وی لاگنگ کا بھی تجربہ کیا تھا، لیکن یہ کام اداکاری سے زیادہ مشکل لگا۔ انہوں نے تین سے چار وی لاگز بنائے، مگر پھر اسے ترک کر دیا

فحش بیان اسکینڈل، اپوروا مکھیجا کا اہم اقدام مرکز نگاہ

دی ریبل کِڈ‘ کے نام سے مشہور بھارت کی معروف کانٹینٹ کری ایٹر اپوروا مکھیجا نے یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ کی جانب سے سمے رائنا کے شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ پر دیے جانے والے متنازعہ تبصروں کے بعد ایک بار پھر سرخیوں میں جگہ بنالی۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر اپوروا مکھیجا  نے حال ہی میں سمے رائنا اور رنویر الہ آبادیہ اسکینڈل کے بعد فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام سے اپنی تمام فالوونگ کو ان فالو کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

اسکینڈل پر اپنی عقبی نظریں رکھنے والے صارفین نے بحث و مباحثہ کی ایپ ریڈٹ پر جاری ایک پوسٹ میں انکشاف کیا کہ اپوروا جو پہلے انسٹاگرام پر تقریباً 1500 اکاؤنٹس کو فالو کرتی تھیں انہوں نے اب اس تعداد کو کم کر کے صفر کردیا ہے۔

ریڈٹ پر جاری ہونے والی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ‘قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسکینڈل کے تناظر میں اپوروا نے اپنے قریبی دوستوں ردا تھرانہ اور صوفی موتی والا کو بھی ان فالو کر دیا ہے جوکہ تشویش ناک ہے۔

پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید ٹرولنگ پر صارفین اپوروا مکھیجا کی ذہنی حالت اور اسکینڈل کے بعد انہیں ملنے والے ڈیٹ تھریسٹس پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمے رائنا کے شو انڈیاز گوٹ لیٹنٹ میں ہونے تنازعہ کے بعد انسٹگرام انفلوئنسر  اپوروا کو آن لائن ڈیتھ تھریٹس، جنسی زیادتی اور ہراساں کرنے کی دھمکیاں بھی مل رہی ہیں۔

اسکینڈل کیا ہے؟

غیر متزلزل افراد کیلئے،  تنازع اس وقت شروع ہوا جب اپوروا سے انڈیاز گوٹ لیٹنٹ کے ایک کنٹسٹنٹ نے خواتین کی اناٹومی سے متعلق  نامناسب تبصرے کیا۔

اگرچہ اس معاملے پت اپوروا کے ردعمل کو ابتدا میں حمایت حاصل ہوئی لیکن صورتحال اس وقت خراب ہوئی  جب یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ نے شو میں اپنے فحش ریمارکس دیے۔

ہوا کچھ یوں کہ شو کے ایک حالیہ ایپی سوڈ کے دوران رنویر الہ آبادیہ نے مبینہ طور پر ایک کنٹیسٹنٹ سے جسمانی اعضاء سے متعلق ایک نامناسب سوال پوچھا اور 2 کروڑ روپے کے عوض ایک غیراخلاقی حرکت کرنے کی تجویز بھی دی تھی۔

تاہم شو کے ایپی سوڈ کی کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اس وقت برہم ہوئے جب شو کے دوران رنویر نے ایک کنٹیسٹنٹ سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ اپنے والدین کو ساری زندگی سیکس کرتے دیکھنا پسند کریں گے یا ایک بار اس میں شامل ہوکر ہمیشہ کیلئے اسے روک دیں گے؟

شو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر آن ایئر ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اپوروا سمیت دیگر تمام پینیلسٹ کو غیر مہذب لطیفوں اور فحاشی کو فروغ دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ریمارکس کی مذمت کرنے کے بجائے ساتھی پینلسٹس، بشمول اپوروا اور سمے نے گفتگو کی حوصلہ افزائی کی جوکہ بہت غلط اقدام تھا۔

گوالمنڈی کے علاقہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، 3 افراد زخمی

گوالمنڈی کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق عظیم نامی نوجوان نے خضر نامی نوجوان پر فائرنگ کی، جس میں خضر، ہمایوں اور ایک راہگیر زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر میو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

چیف جسٹس آج اپوزیشن کے7 رکنی وفد سے ملیں گے

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات ،صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں رئوف عطا  کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے بتایا کہ وہ آج اپوزیشن کے 7رکنی وفد سے بھی چیف جسٹس ہائوس میں ملیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات ان کی وزیر اعظم سے ملاقات کے تناظر میں کی گئی ،چیف جسٹس انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر رہے ہیں۔

سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ،انصاف کی فراہمی میں تعاون کے لیے وزیر اعظم اور اپوزیشن رہنمائوں سے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

ادھر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ہزارہ ڈویژن کے سینئر وکلاء کی ملاقات ہوئی ۔ چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انصاف تک رسائی کو مضبوط بنانے کے اپنے ہزارہ ڈویژن کے دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا عدلیہ اور وکلاء کی اجتماعی دانش اور کردار ایک موثر عدالتی نظام کے لیے ناگزیر ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق اپوزیشن وفد کی قیادت عمر ایوب کریں گے۔

چیف جسٹس  انھیں نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے مرتب کردہ ایجنڈے سے ناصرف اگاہ کریں گے بلکہ ان سے  تجاویزحاصل کریں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس 24 فروری کو  ہو گا۔ اجلاس میڈیا انڈر اٹیک اور پیکا قانون کے بعد صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے عنوان سے ہو گا۔اجلاس میں صحافتی تنظیموں کے عہدیداران کو مدعو کیا جائے گا۔

ڈبے کے دودھ پر عائد 18 فیصد ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ

وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ڈبے کے دودھ پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کا جائزہ لے گی کیونکہ یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ڈبے کے دودھ پر سب سے زیادہ ٹیکس عائد ہے.

اس بات کی یقین دہانی وزیر خزانہ محمد اونگزیب نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے ایک وفدسے ملاقات کے دوران کی، وفد نے وزیر خزانہ سے درخواست کی کہ ڈبے کے دودھ پر عائد 18 فیصد سیلز ٹیکس کو کم کرتے ہوئے 5 فیصد پر لایا جائے جیسا کہ دنیا کے دیگر بہت سے ممالک میں عائد ہے.

اس حوالے سے وفد نے وزیر خزانہ کو مختلف آزاد سروے اور جائزہ رپورٹوں سے بھی آگاہ کیا جن سے اس خیال کی نفی ہوتی ہے کہ پاکستان میں عائد ٹیکس دنیا بھرکے دیگر ممالک کے مساوی ہے اور یہ بھی کہ ملک بھرمیں ڈبے کا دودھ استعمال کرنے والے صارفین کا تعلق امیر طبقے سے ہے.

رپورٹس اور سروے کے مطابق دو تہائی صارفین کا تعلق نچلے طبقے سے ہے جن کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار سے بھی کم ہے، واضح رہے کہ حکومت نے ڈبے کے دودھ اور اس سے متعلق دیگر اقسام کی مصنوعات پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا ہے جس کا مقصد 50 ارب روپے کے اضافی محصولات حاصل کرنا تھا اور سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد دودھ کے ڈبے کی قیمت میں 70 روپے فی کلو یا 28 فیصد فی کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت 350 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے.

ڈیری صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا تھا کہ جولائی میں ٹیکس کے نفاذ کے بعد سے ڈبے کے دودھ کی فروخت میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے اور مالی سال کی دوسری شش ماہی کے دوران اس فروخت میں مزید 14 فیصد کمی آنے کا امکان ہے۔

وفد نے وزیر خزانہ کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات میں دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات پر کوئی ٹیکس نہیں ہے اس کے علاوہ بھارت میں بھی ڈبے کا دودھ ٹیکس سے مستثنا ہے.

جبکہ سری لنکا میں 8 فیصد، برطانیہ میں 9 فیصد اور جرمنی میں 7 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے اسی لیے پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں 18 فیصد کا سب سے زیادہ سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیری صنعت کے مسائل سے آگاہ ہے اور جلد ہی اس حوالے سے ٹیکس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان پٹرولیم ڈیلرز کا ملک بھر میں پمپ بند کرنے کا عندیہ

پٹرول پمپ مالکان نے حکومت کی ڈی ریگولیشن پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے اس فارمولے کو نامنظور کردیا ہے، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز نے ملک بھر میں پٹرول پمپ بند کرنے کا بھی اشارہ دیدیا ہے۔

آل پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے ایکسپریس بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیشن فارمولے کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ ڈی ریگولیشن کے فارمولے پر عمل درآمد کی صورت میں پیٹرلیم اسمگلنگ اور ملاوٹ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے سے پیڑول پمپس اپنی قیمت کا تعین خود کرے گا۔

عبدالسمیع خان کے مطابق اس سلسلے میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی سینٹرل کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے اور آج سے ہی ملک بھر میں احتجاجی بینرز آویزاں کردیے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ وزارت پٹرولیم کو ہنگامی خط میں ڈی ریگولیٹ فارمولے کی مخالفت اور مارجن بڑھانے کا مطالبہ کیا جائیگا۔

عبدالسمیع خان نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 4فیصد اضافے سے 13روپے کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے ڈی ریگولیشن فارمولے پر اگرچہ پٹرولیم ڈیلرز کی حمایت کی مگر منسٹری کے سامنے اوگرا حکام کی بولنے کی ہمت نہ ہوسکی۔