جوہانسبرگ (اے پی پی) جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کے کپتان اور عالمی ریکارڈیافتہ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں برس آسٹریلیا کےخلاف شیڈول تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں کم بیک کر لیں گے۔ ڈی ویلیئرز کہنی کی سرجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز اور دورہ آسٹریلیا سے باہر ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود سٹار بلے باز کینگروز کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں واپسی کیلئے پر امید ہیں۔ ڈی ویلیئرز نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹرز اور سرجنز کے مطابق دورہ آسٹریلیا کیلئے میری ٹیم میں واپسی کا کوئی امکان موجود نہیں لیکن میرا دل کہتا ہے کہ میں کینگروز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ کیلئے فٹ ہو جاﺅں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر میں چھ ہفتوں میں سفر کیلئے فٹ ہو گیا تو میں ضرور آسٹریلیا جاﺅں گا اور پھر کینگروز کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ میں شرکت کا میرا دیرینہ خواب بھی پورا ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ ٹیسٹ 24 نومبر کو شیڈول ہے۔