ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ کی کوئین اداکارہ کنگنا رناوت اور ہریتک روشن کی محبت ناکام ہونے کے بعد کورٹ کچہری تک پہنچی، اور پھر ان کے درمیان شروع ہونے والی لفظی جنگ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ گزشتہ دنوں کنگنا نے ایک بیان دیا تھا کہ ”میں جاننا چاہتی ہوں کہ بھارتی مرد اپنے پیروں پر کیوں نہیں کھڑے ہوتے، وہ (ہریتک روشن) 43 سال کا ہو چکا ہے، اس کا دفاع کرنے کیلئے اس کا والد ہمیشہ کیوں سامنے آتا ہے؟۔کنگنا کے اس بیان پر پہلے تو روشن فیملی کی طرف سے مکمل خاموشی اختیار کی گئی مگر اب راکیش روشن نے اپنے ایک بیان میں کنگنا کو بھرپور جواب دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”مجھے فخر ہے کہ میں بطور باپ اپنا کردار آج بھی باخوبی نبھا رہا ہوں اور مجھے فخر ہے کہ میں اپنے بیٹے کی زندگی میں آج بھی اہم کردار ادا کر رہا ہوں، بچہ 43 سال کا ہو یا 83 سال کا، وہ اپنے والدین کیلئے بچہ ہی ہوتا ہے۔