Tag Archives: plane-2-1481176963

طیارہ حادثہ….میتوں کی اسلام آباد منتقلی کاعمل جاری

اسلام آباد(ویب ڈیسک) طیارہ حادثے کے شہداءکی میتیں ایبٹ آباد سے اسلام آباد منتقل کی جارہی ہیں۔پہلے مرحلے میں تین آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے تئیس میتیں اسلام آباد پہنچیں۔ہیلی کاپٹرز مزید جسد خاکی لانے کیلئے دوبارہ ایبٹ آباد سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ تمام میتوں کو شناخت کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائیگا۔طیارہ حادثے کے شہدا کے جسد خاکی ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں رکھے گئے۔صبح سویرے ان کو اسلام آباد منتقلی کا عمل شروع ہونا تھا جوموسم کی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوا۔موسم بہتر ہوتے ہی تین ہیلی کاپٹرز سے مرحلہ واراسلام آباد منتقلی شروع ہوئی۔ اب تک چھ میتوں کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ دیگر شہداءکے ڈی این سیمپلز اور ذاتی اشیا بھی جمع کی جاچکیں ہیں۔اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس پر ہیلی کاپٹرز پہنچے تو وزیر مملکت طارق فضل نے ابتدائی طورپرپہنچنے والی میتوں کواپنی نگرانی میں پمز اسپتال منتقل کروایا۔اس حادثے میں ناقابل شناخت میتوں کی شناخت کا تکلیف دہ اور طویل مرحلہ ابھی باقی ہے،جس کیلئے لواحقین اسلام آباد کے پمز اورسی ایم ایچ اسپتال میں اپنے ڈی این اے سیمپلز جمع کروارہے ہیں۔