تازہ تر ین

شاہد آفریدی نے عمران ریاض سے متعلق حیران کُن دعویٰ کردیا

پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ یوٹیوبر عمران ریاض اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ چِھڑ گئی۔

شاہد آفریدی کا نام گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک متنازع تصویر کے سبب ٹرینڈ کررہا ہے جس میں انہیں مبینہ طور پر ایک اسرائیلی تنظیم کے احتجاج میں شریک دیکھا گیا۔

اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین بالخصوص پی ٹی آئی کارکنان سیخ پا ہوگئے اور شاہد آفریدی سے فوری وضاحت طلب کی جو پہلے ہی اُن کی عمران خان پر تنقید اور مسلم لیگ (ن) کی تعریف سے شدید ناراض ہیں۔

عمران ریاض نے بھی شاہد آفریدی سے وضاحت جاری کرنے کا مطالبہ کیا جنہوں نے چند روز قبل شاہد آفریدی پر کرکٹ میں سیاست داخل کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور دونوں کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوگئی تھی۔

شاہد آفریدی نے اس متنازع تصویر پر وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فینز ہونے کے دعویدار چند لوگوں نے اُن کے ساتھ سیلفی لینے کی فرمائش کی تھی جو انہوں نے لاعلمی میں قبول کرلی تھی اور وہ ایسے کسی بھی مؤقف یا احتجاج کی حمایت نہیں کرتے۔

شاہد آفریدی کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد عمران ریاض خان نے ایکس پر ایک اور پوسٹ کی اور معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی۔

عمران ریاض نے لکھا کہ ‘شاہد آفریدی کے حوالے سے یہودیوں کی سپورٹ کا معاملہ میری نظر میں ایسا نہیں ہے، یہودیوں کا ایجنٹ قرار دے کر پہلے ہی اس ملک میں کافی نفرت پھیلائی جا چکی ہے، شاہد آفریدی نے خود تردید بھی کر دی ہے، ہم سب مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے’۔

(فائل فوٹو: ایکس)
(فائل فوٹو: ایکس)

تاہم اسی دوران شاہد آفریدی کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے یہ حیران کُن دعویٰ کیا کہ عمران ریاض ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہد آفریدی نجی ٹی وی چینل کے ایک اسپورٹس پروگرام میں شریک تھے۔

خاتون اینکر نے عمران ریاض کی جانب سے کھیل میں سیاست کے الزام سے متعلق شاہد آفریدی سے سوال کیا۔

جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘نہ میں سلیکٹر ہوں، نہ کوچ ہوں، نہ کوئی اور عہدہ میرے پاس ہے، میں تو اس سسٹم کا حصہ ہی نہیں ہوں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اتنی حیرت ہوتی ہے کہ لوگ کس طرح جھوٹ بیچتے ہیں، میں حیران ہوتا ہوں کہ یہ لوگ اپنی اولاد کو حلال رزق کھلاتے ہیں یا نہیں کھلاتے’۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ ‘کل رات کو ایک دوست سے میری بات ہوئی جو پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا حصہ ہیں، کافی سینیئر ہیں، وہ کہہ رہتے تھے کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہورہا ہے اس کے لیے معذرت، ہم بھی اس سب سے بہت تنگ ہیں، لیکن آپ کو ردعمل نہیں دینا چاہیے تھا، میں نے پوچھا کیوں نہیں دینا چاہیے تھا تو انہوں نے کہا کہ وہ (عمران ریاض) بیچارا جب سے (جیل سے) باہر آیا ہے وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میں نے انہیں کہا کہ مجھے اس چیز کا علم نہیں تھا، اگر وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہیں تو میں اس کے لیے دعاگو ہوں، اللہ اسے صحت دے، اس کے علاوہ اس کا کوئی اور جواب بنتا نہیں ہے’۔

شاہد آفریدی کے اس بیان پر عمران ریاض کی بھی ایک تازہ پوسٹ سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘شاہد آفریدی صاحب! آپ نے ذاتی حملے کی حد پار کر لی ہے، اب جواب کا انتظار فرمائیے’۔

(فائل فوٹو: ایکس)

اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain