اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے طالب علم کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے خلاف مثر کارروائی نہ ہونے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔ عدالت نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد کو آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرکے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والے طالب علم کی موت کے بعد طلبہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت سفیان کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا اور وہ یونیورسٹی میں بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کا طالب علم تھا۔ ساتھی طلبہ کے مطابق سفیان کو گزشتہ ماہ ہاسٹل نمبر پانچ کے باہر ایک کتے نے کاٹ لیا تھا، جس کے بعد اسے ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے ریبیز سے بچا کی ویکسین بھی لگائی گئی۔ تاہم اتوار کی رات اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور اسے دوبارہ اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔طالب علم کی ہلاکت پر یونیورسٹی کے طلبہ نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا اعلان بھی کیا ہے۔ طلبہ کی جانب سے بدھ کی صبح دس بجے احتجاج کی کال دی گئی ہے، جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور آوارہ کتوں کی موجودگی کے باوجود حفاظتی اقدامات نہ کیے جانے پر جواب طلب کیا جائے گا۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ایاز شوکت نے آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست وکیل سجاد بلوچ نے ذاتی حیثیت میں دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے مقف اختیار کیا کہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے ایک طالب علم کی موت واقع ہو چکی ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے اور شہریوں بالخصوص تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان نے عالمی ادارہ برائے صحت حیوانات کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں اور یہ ادارہ آوارہ کتوں کی روک تھام اور ان کے مثر انتظام کے حوالے سے معاونت فراہم کرسکتا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ اس عالمی ادارے سے بھی مدد حاصل کرسکتی ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کیا جاسکے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ اسلام آباد میں آوارہ کتوں کے خلاف مثر کارروائی کا حکم دیا جائے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جاسکے۔ اس موقع پر جسٹس ایاز شوکت نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے پر ہدایات جاری کردیتی ہے تاکہ اس مسئلے کا جلد سدباب ہوسکے۔عدالت نے درخواست چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ درخواست پر غور کرکے قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔طالب علم کی ہلاکت اور معاملے کے عدالت تک پہنچنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں آوارہ کتوں کی روک تھام، تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں میں شہریوں کے تحفظ اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک بار پھر اہم سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
