راولپنڈی (سٹی رپورٹر) یونین کونسل نمبر 09 بنگش کالونی، یونین کونسل نمبر 13 کٹاریاں اور یونین کونسل نمبر 20 کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں اور گٹروں سے نکلنے والے گندے پانی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث تینوں یونین کونسلوں کے مختلف علاقوں میں صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہونے سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ گلیوں، سڑکوں اور آبادیوں کے قریب جمع کچرے کے ڈھیر تعفن اور بدبو پھیلانے لگے ہیں، جبکہ گٹروں کا گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بہنے سے نہ صرف آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختص اربوں روپے کے فنڈز کے باوجود پیدا ہونے والی اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔روزنامہ خبریں کے سروے کے دوران بنگش کالونی کے رہائشی زیشان خان، راشد علی، محمد عمران، عرفان بھٹی، مریم بی بی اور آپا ظہراں وغیرہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان علاقوں میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں، گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی کھڑا رہتا ہے، جبکہ کئی مقامات پر گٹروں کا پانی ابل کر سڑکوں پر پھیل جاتا ہے۔ شہریوں کے مطابق کچرے سے اٹھنے والی بدبو کے باعث گھروں میں رہنا اور بچوں کا باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے، مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس سے بچوں، بزرگوں اور دیگر شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے دعوے تو بہت کیے جاتے ہیں اور افسران مختلف علاقوں کے دورے بھی کرتے نظر آتے ہیں، تاہم عملی صورتحال اس کے برعکس ہے۔ متعلقہ افسران صرف فوٹو سیشن اور رسمی دوروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، انہیں ان علاقوں کی صورتحال کا علم ہی نہیں جہاں کئی کئی روز تک کچرا نہیں اٹھایا جاتا اور گٹروں کا گندا پانی گلیوں میں بہتا رہتا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد مرتبہ متعلقہ دفاتر میں جا کر تحریری درخواستیں اور شکایات جمع کروائی گئیں، لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور شہریوں کی شکایات کو مبینہ طور پر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اربوں روپے کے فنڈز فراہم کر رکھے ہیں، اس کے باوجود راولپنڈی کی اہم یونین کونسلوں میں صفائی کی یہ صورتحال متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں نے ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے بعض افسران کے حوالے سے مبینہ طور پر پٹرول، گاڑیوں کی مرمت اور دیگر اخراجات کے جعلی بلوں کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی عائد کیے اور ان الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔شہریوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اپیل کی ہے کہ یونین کونسل نمبر 09 بنگش کالونی، یونین کونسل نمبر 13 کٹاریاں اور یونین کونسل نمبر 20 کمرشل مارکیٹ میں صفائی کی صورتحال کا خود نوٹس لیا جائے، کچرے کے ڈھیروں کو فوری طور پر اٹھانے، گٹروں کی صفائی اور نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں اور صفائی کے نام پر سرکاری فنڈز کے استعمال کی شفاف جانچ پڑتال کر کے غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔
