لاہور(خبر نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ (ETPB) کا 359واں دو دوزہ اجلاس چیئرمین بورڈ قمرالزمان کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس کے پہلے روز بورڈ کے نو منتخب ممبران اور وفاقی و صوبائی حکومت کے متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے بریفنگ دی۔ چیئرمین بورڈ قمرالزمان نے تمام نو منتخب ممبران اور شرکا کو خوش آمدید کہا انہوں بورڈ کو بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ذمہ داریوں میں ٹرسٹ املاک کا تحفظ و انتظام، مذہبی اقلیتوں کے مقدس مقامات اور تاریخی ورثے کی حفاظت، عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممبران کی مشاورت، تجربات اور مثبت تجاویز سے ادارے کو مزید شفاف، مثر اور ترقی پسند بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران،سابق ایم پی اے اختیار ولی خان، ایڈووکیٹ علی رضا ایڈوکیٹ ، سردار تارا سنگھ ،ڈاکٹر سویرہ پرکاش، اجے کمار، سردار تارا سنگھ، اظہار الحسن، کرشن شرما، بریگیڈیئر خالد صدیق (ر)، ڈاکٹر ممپال سنگھ، سردار سرجیت سنگھ کنول، مس منمیت کور مشال، سردار اندر جیت سنگھ، میثاق عارف، مس لیلا کلپنا اور ستونت کور سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے پہلے روز سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے بورڈ ممبران کو تاریخی اقلیتی عبادت گاہوں کی بحالی و تزئین و آرائش ،سکھ اور ہندو یاتریوں کے لیے رہائش، خوراک، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور سکیورٹی کے انتظامات، متروکہ وقف املاک کی مینجمنٹ، لیز و کرایہ داری، مالی و انتظامی امور، آمدن میں اضافے، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، مختلف شعبہ جات میں اصلاحات متعارف کرانے اور اہم معاملات پر بورڈ ممبران پر مشتمل چھ اہم کمیٹیاں تشکیل کرنے کی تجاویز پیش گئیں ۔ ان میں آڈٹ اینڈ فائنانس کمیٹی ،انویسٹمنٹ ایڈوائزری کمیٹی، شرائنز کمیٹی، ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن کمیٹی، لینڈ، پراپرٹی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کمیٹی اور لٹیگیشن اینڈ کونسل پرفارمنس ریویو کمیٹی شامل ہیں۔ ممبران بورڈ ان کمیٹیوں کے ذریعے سے ادارے کے سرمایہ کاری سے متعلق معاملات، مذہبی مقامات کی دیکھ بھال و ترقی، انسانی وسائل اور انتظامی امور، ٹرسٹ املاک ،پراپرٹی کے بہتر استعمال اور کاروباری ترقی سمیت قانونی معاملات میں اپنی خدمات پیش کریں گے ۔ بورڈ ممبران کا کہنا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ذمہ داریاں قومی اور مذہبی اہمیت کی حامل ہیں، اس لیے ٹرسٹ املاک کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے، آمدن میں اضافے، مذہبی عبادت گاہوں کی بحالی و دیکھ بھال اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین بورڈ، سیکرٹری بورڈ، افسران اور دیگر عملے کے ساتھ مل کر ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے، مسائل کے حل اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ اجتماعی سوچ، باہمی اعتماد، شفافیت اور ٹیم ورک کے ذریعے متروکہ وقف املاک بورڈ کو مزید فعال، مثر اور مضبوط ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔
