لاہور(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی کئی
ملکوں سے زیادہ ہے تو کراچی الگ صوبہ کیوں نہیں بن سکتا؟۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے ہر صورت بننے چاہئیں۔سندھ میں بھی نئے صوبے بنانے میں کوئی ممانعت نہیں، کراچی بھی الگ صوبہ بننا چاہیے، جنوبی پنجاب اور شمالی پنجاب بھی الگ صوبے بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی نئے صوبوں کے حق میں ہیں، ان کا پیغام ہے کہ نئے صوبوں سے متعلق مسودہ سامنے آ جائے، پھر موقف دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے، فیصلے سیاسی مشاورت سے کرتی ہے، 28ویں ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد دیکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم عوامی رائے جاننے کا ایک طریقہ کار ہے، اس سے صوبے بنانے کے آئینی طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔علی ظفر نے کہا کہ صوبے بنانے کا قانونی طریقہ وہی ہے جو آئین میں درج ہے، ریفرنڈم سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔
کراچی کی آبادی کئی ملکوں سے زیادہ ہے تو الگ صوبہ کیوں نہیں بن سکتا؟ سینیٹر علی ظفر

