ڈاکٹرنوشین عمران
میٹھے مشروب، کولڈ ڈرنک، ڈبہ بند جوسز وزن میں یقینی اضافہ کرتے ہیں لیکن کئی ایسے مشروب ”لیکویڈ“ ہیں جو وزن کم کرنے میں مددگار ہیں ان میں سرفہرست سادہ پانی ہے۔ سادہ پانی کے دس سے بارہ گلاس روزانہ لینے سے بھوک میں کمی ہوتی ہے۔ کھانے سے پہلے ایک گلاس پانی ضرور لیں۔ اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ پیاس لگنے پر ہی پانی پینا ضروری ہے لیکن اگر ہر ایک گھنٹے میں ایک گلاس پانی لیں تو دن میں کم از کم تیرہ چودہ گلاس پانی پیا جائے گا۔ دوسرے لیکویڈ اور مشروبات جو وزن کم کرنے میں مدد کرتے ہیں وہ یہ ہیں:
دن میں دو سے تین بار بغیر چینی سبز چائے یا قہوہ لیں، یہ جسم سے ا ضافی پانی کو خارج کرنے کے ساتھ کچھ عرصے میں 25 سے 35 فیصد تک جمع شدہ چربی پگھلاتی ہے۔
دن میں ایک بار کسی بھی سبزی کا تازہ جوس نکال کر پیئں۔ لیکن اس میں چینی یا نمک مت ڈالیں۔ ذائقے کے لئے دار چینی ڈال سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف غذایت ملے گی بلکہ چربی بھی پگھلے گی۔
بغیر ملائی یا کریم یعنی فیٹ فری دودھ لیں۔ دن میں دو بار دودھ لینے سے جسم کی توانائی کم نہیں ہوگی اور کیلشیم کی موجودگی سے بھوک میں کمی ہوتی ہے۔
دہی کا استعمال ضرور کریں، دہی کی لسی بنا کر لیں۔ یا دہی میں کسی پھل کو بلینڈ کر کے گاڑھا مشروب بنا کر لیں۔ دہی کے باقاعدہ استعمال سے دو سے تین ماہ میں 50 فیصد تک چربی استعمال ہو جائے گی اور نئی چربی بننے کی رفتار بھی کم ہو جائے گی۔
لیموں پانی خالی پیٹ بھی لیں اور دن میں دو سے تین بار کھانے سے پہلے لیں۔ ایک گلاس پانی، لیموں، شہد، پودینہ اور برف ڈال کر دن میں 3بار لیں۔
ایک گلاس پانی، آدھا لیموں یا ایک بڑا چمچ سیب کا سرکہ (دیسی آرگینک) ، پودینے کے پتے، دار چینی کا ٹکڑا یا پاﺅڈر، ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا ڈال کر رکھیں۔ اس میں سارا دن تین چار دفعہ پانی لیں۔ بہتر ہے رات کو تیار کرلیں صبح اٹھ کر کم از کم آدھا گلاس پانی لیں۔ پھر اس میں اور پانی ڈال دیں۔ یوں ہر بار پانی پیئں تو دوبارہ پانی سے بھر دیں۔ اگلے دن کے لئے نیا گلاس تیار کریں ایک سے دو ماہ میں وزن میں کم از کم چار پانچ پاﺅنڈ کمی ہو گی۔
کافی یا چائے بغیر چینی اور معمولی مقدار فیٹ فری دودھ کے ساتھ لیں۔ اگر بغیر دودھ چائے یا کافی لیں تو زیادہ بہتر ہے۔
٭٭٭