ہرارے (سپورٹس ڈیسک) سابق زمبابوین کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر ہیتھ سٹریک ملکی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ مقرر ہو گئے، انہیں ڈیوواٹمور کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے، واٹمور کو رواں سال جون میں زمبابوین ٹیم کے ہیڈکوچ کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ سابق زمبابوین کرکٹر اینڈی بلگناٹ اور جنوبی افریقہ کے پیٹرکرسٹن بھی کوچ کے عہدے کے امیدوار تھے تاہم سٹریک کو دونوں پر ترجیح دی گئی۔ ہیتھ سٹریک کو 2019ءمیں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹیم کی رسائی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں آئی پی ایل میں گجرات لائنز کے ساتھ بطور باﺅلنگ کوچ کام جاری رکھنے کی بھی اجازت ہو گی۔ واضح رہے کہ سٹریک اس سے قبل 2009ءسے 2013ءکے دوران بطور باﺅلنگ کوچ زمبابوین ٹیم کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ سٹریک کا شمار مایہ ناز آل راﺅنڈرز میں کیا جاتا تھا، انہوں نے 65 ٹیسٹ میں 1990 رنز اور 216 وکٹیں لیں جبکہ 189 ون ڈے میچز میں 2943 رنز اور 239 وکٹیں لیں۔