ممبئی (آئی این پی) مہندرا سنگھ دھونی کی بیگم ساکشی دھونی کےخلاف کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ایک بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ ایف آئی آر ڈینس اروڑا نامی شخص کی جانب سے ساکشی دھونی اور دیگر تین افراد کے خلاف درج کرائی ہے۔جس میں دعوی کیا گیاہے کہ ساکشی دھونی، ارون پانڈے، سبھا وتی پانڈے اور پریتیم پانڈے کی ایک مشترکہ کمپنی نے اس کے ایک جم اینڈ فٹنس سینٹر اسپورٹس فٹ ورلڈ کے حصص خریدے تھے ۔ان حصص کے گیارہ کروڑ روپے ساکشی دھونی اور دیگر تین افراد نے ڈینساروڑا کو ادا کرنے تھے تاہم انہوں نے صرف 2.25 کروڑ روپے ہی دیئے۔رقم کی ادائیگی نہ کرنے پر ڈینس اروڑا نے پولیس سے رجوع کرکے گرو گرام پولیس اسٹیشن میں ان چاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔دوسری جانب ساکشی دھونی گزشتہ سال اس کمپنی سے الگ ہوچکی ہیں۔اس لئے ان پرایف آئی آر کی وقعت کم دکھائی دیتی ہے لیکن بہرحال پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے، جبکہ ساکشی دھونی نے اس حوالے سے اپنا موقف اب تک بیان نہیں کیا ہے۔