دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز نے کمال کر دیا ،ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے سینچری جبکہ سمیع اسلم نے90رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں اظہر علی اور سمیع اسلم نے گلابی گیند کا بھرتا بنا دیا ،دونوں شاہینوں نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 215رنز کی تاریخی پارٹنر شپ کھیلی۔دبئی کے کرکٹ سٹیڈیم میں کسی بھی ٹیم کے اوپنرز کی جانب سے یہ تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے۔ اظہر علی نے اپنی بیٹنگ کا آغاز جارہانہ انداز میں کیا تھا ،انہوں نے 11چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی جبکہ ان کے ساتھی سمیع اسلم نے9چوکوں کی مدد سے90رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔