واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک بچی دو بار ”پیدا“ ہوئی ہے۔ اسے ماں کے رحم سے 20 منٹ تک باہر نکال کر اس کا آپریشن کیا گیا تھا۔ جب اس بچی کی ماں مارگریٹ ہاکنز بیمر 16 ہفتے کے حمل سے تھیں تو انہیں پتہ چلا کہ ان کی بچی لینلی ہوپ کی ریڑھ کی ہڈی پر رسولی ہے۔ اس کی وجہ سے بچی کے دل کو خون مناسب طریقے سے نہیں پہنچ پا رہا تھا اور خطرہ تھا کہ اس کا دل کام کرنا چھوڑ دے گا۔ جب سرجنوں نے رحم سے باہر نکال کر بےبی لینلی کا آپریشن کیا تو اس کا وزن صرف 533 گرام تھا۔ مسز بیمر کے رحم میں جڑواں بچے تھے لیکن ان میں سے ایک بچہ دوسری سہ ماہی میں چل بسا تھا۔ ڈاکٹروں نے ابتداً کہا تھا کہ وہ دوسری بچی کو بھی ضائع کر دیں لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ جس کے بعد ڈاکٹروں نے بچی کا خطرناک آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے لینلی کو دوبارہ ماں کے رحم میں رکھ کر اسے سی دیا۔مسز بیمر نے اگلے 12ہفتے مکمل آرام کرتے ہوئے بستر پر گزارے، جس کے بعد لینلی کی پیدائش ہوئی۔ اس بار اس کا وزن تقریباً اڑھائی کلو گرام تھا۔ ایک بار پھر اس کی ولادت آپریشن کے ذریعے ہی ہوئی۔