راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) سیاسی جنگ نے معصوم کی جان لے لی، والدہ غم سے نڈھال ہے، والد نے شیخ رشید، عمران خان، نواز شریف اور شہباز شریف کو ذمہ دار قرار دے دیا۔ راولپنڈی میں آج پورا دن سیاسی کارکنوں اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی چلتی رہی، سیاست کی جنگ نے ایک معصوم کی جان لے لی، لیاقت باغ کا 3 دن کا شیرخوار آنسو گیس شیلنگ کے باعث دم گھٹنے سے چل بسا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ مغرب کے وقت شدید شیلنگ ہوئی، بڑوں کیلئے بھی سانس لینا دشوار ہورہا تھا، میرا بچہ چھوٹا تھا برداشت نہ کرسکا ہسپتال پہنچا تو بتایا گیا کہ راستے میں ہی جان جاچکی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچے کی موت کے ذمہ دار شیخ رشید، عمران خان، وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ہیں، قوم کو کہنا چاہتا ہوں آج میں ہوں کل آپ ہوں گے، نہ میں پہلا ہوں نہ آخری، یہ مشکل وقت آپ پر بھی آسکتا ہے۔ تین دن کے شیر خوار کی ماں صدمے سے دوچار ہے، میں 9 مہینے اسپتال میں رہی، آپریشن سے بچہ پیدا ہوا، مجھے میرا بچہ واپس دلادیں۔ بچے کی نانی نے دلگرفتہ ہو کر سمائ کو بتایا کہ شدید گیس کے باعث سانس لینا دشوار تھا، بچے نے دو تین ہچکیاں لیں اور ختم ہوگیا، میں کیسے اس کی ماں کو بتاتی کہ تمہارا بچہ مر گیا۔