گلگت (خصوصی رپورٹ)حساس اداروں نے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے خلاف سازشوں میں مصروف نیٹ ورک پکڑ لیا۔ شمالی علاقہ جات سے 18 بھارتی ایجنٹوں کو ان کے ہینڈلرز اور سہولت کاروں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کو پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو تباہ کرنے کا ٹاسک دیا گیا تھا مگر حساس اداروں نے بروقت کارروائی کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ گرفتار بھارتی ایجنٹوں کے قبضہ سے دھماکہ خیز مواد، حساس مقامات کی تصاویر اور نقشے بھی پکڑے گئے۔ دہشت گردوں سے بعض انتہائی حساس دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ وہ متعدد اہم مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق دشمن کے ایجنٹوں نے اپنے مقامی ایجنٹوں کے نام اگل دیئے ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی سفارتخانہ میں سفارتکاروں کے روپ میں را کے ایجنٹوں کی نشاندہی ہوئی تھی۔