راولپنڈی،کراچی (بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی شہر امن وامان کی بہتر صورتحال پر سیکیورٹی اداروں کی تعریف کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ کراچی میں امن کی بہتری کیلئے انٹیلی جنس آپریشنز جاری رکھنے اور ان میں مزید تیزی لائی جائے اور امن کیلئے سندھ حکومت اور دیگر اداروں سے تعاون جاری رکھا جائے اور کراچی میں امن کی مکمل بحالی کیلئے کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھی جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کورہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا اور پرعزم جواب ”ریزیلینٹ رسپانس“مشقوں کا معائنہ کیا ۔ مشقوں کا انعقاد سدرن کمانڈکے زیر اہتمام کیا گیا ۔ آرمی چیف کو دفاعی جارحانہ آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے فارمیشنزکی جنگی قابلیت میں اضافے اور آ پریشنل تیاریوں پر اظہاراطمینان کیا ۔ آرمی چیف نے کراچی کی سکیورٹی صورتحال پر سکیورٹی کانفرنس کی بھی صدارت کی جس میں ڈی جی ایم او، ڈی جی رینجرز، ڈی جی ایم آئی اور ڈی جی آئی ایس آئی شریک ہوئے اور اور قیامِ امن اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی سے آرمی چیف کو آگاہ کیا آرمی چیف نے کراچی کی لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر کرنے کیلئے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف نے قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر مبارک باد دی اور ہدایت کی کہ جرائم کی بیخ کنی کے لیے اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھایا جائے اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔انہوں نے اس امر بھی ذور دیا کہ کراچی میں قائم امن کو برقرار رکھنے کے لیے ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ دہشت گرد مجتمع ہو کردوبارہ سر نہ اٹھا سکیں اور شہر میں پھر سے دہشت گردانہ کارروائیاں نہ کر پائیں۔