کراچی (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی بھی طرح کی اسلحے کی دوڑ کے خلاف ہے‘ ہمارے آلات حرب صرف دفاع کے لئے ہیں‘ ہمارے دفاعی ہتھیار ہر طرح کی آزمائش پر پورے اترے ہیں‘ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے پرعزم ہے‘ عالمی مالیاتی اداروں میں پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوئی ہے‘ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فضا ساز گار ہے‘ ملک میں شرح سود ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے‘ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے‘ ملک میں توانائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ وہ منگل کو کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افراد زر میں تاریخی کمی اور شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے‘ مجموعی ملکی پیداوار 4.71 فیصد ہے جو گزشتہ دس سال میں سب سے زیادہ ہے۔ 2016-17 میں مجموعی ملکی پیدوار کو پانچ فیصد تک لے جائیں گے۔ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کے معترف ہیں۔ موڈیز اور سٹینڈرڈ اینڈ پورز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پایا جارہا ہے۔ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تیزی سے کام جاری ہے ہم ملک میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی چاہتے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سوفیصد ملکیتی حقوق حاصل ہیں۔ آئیڈیاز نے عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کیا ہے۔ حکومت سماجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دفاعی صنعت کی ترقی کے لئے بھی سرمایہ کاری کررہا ہے۔ دفاعی صنعت ی استعداد کار اور معیار میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دفاعی صنعت کو بین الاقوامی برادری کا قریبی تعاون حاصل ہے۔ دفاعی صنعت کے فروغ کے لئے وزارت تجارت کا تعاون قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پاکستانی دفاعی ہتھیاروں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہتھیاروں کی تیاری میں بہتری کے لئے دوسرے ملکوں سے ٹیکنالوجی کا تبادلہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016کا افتتاح کیا اور نمائش میں لگائے گئے دفاعی سامان کے سٹالز کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے سٹالز پر ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔ کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیراعظم کو دفاعی مصنوعات کے بارے میں آگاہ کیا۔ 9ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش22سے 25نومبر تک جاری رہے گی۔ دفاعی نمائش میں 43 ممالک سے 90وفود شرکت کررہے ہیں۔ اعلیٰ سطحی وفود میں وزارت دفاع‘ ڈیفنس سیکرٹریز اور سروسز چیفس شامل ہیں۔ 34ممالک کی 418کمپنیوں نے اپنے آلات حرب نمائش میں رکھے ہیں۔ نمائش میں ٹینکوں‘ جنگی طیاروں اور مختلف ہتھیاروں کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں 261 غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ 157 پاکستانی کمپنیاں بھی شرکت کررہی ہیں۔ 2014 کے مقابلے میں رواں سال مزید 9ممالک نمائش میں حصہ لے رہے ہیں۔ کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 میں 34 ممالک کی مجموعی طور پر 418 کمپنیاں نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔نمائش میں پاکستان کے الخالد ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق، کے 8 ائیر کرافٹ، فاسٹ اٹیک ائیر کرافٹ میزائل بوٹس، آرمرڈ پرسنل کیریئر اور ملٹری ہارڈویئرز بھی خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔25 نومبر تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 9 ممالک لکسمبرگ، ڈنمارک، بیلاروس، پولینڈ، چیک ری پبلک، سوئٹزر لینڈ، بیلجئیم، نائجیریا اور رومانیہ پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔غیر ملکی کمپنیوں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ایکسپو سینٹر کے 8 ہال پہلی بار استعمال ہوں گے۔آئیڈیاز میں مجموعی طور پر 14 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے، جن میں پہلے دن چار، دوسرے روز تین، تیسرے روز چار جبکہ نمائش کے آخری دن تین مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے۔
