لاہور(خصوصی رپورٹ)بلدیہ عظمی لاہور کی 274یونین کونسلوں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں کامیاب امیدواروں کی پارٹی پوزیشن کے حوالے سے نتائج مرتب کر لئے گئے ہیں۔لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی67نشستوں کے نتائج مرتب نہیں ہو سکے جن میں31نشستیں خالی رہ گئی ہیں جبکہ31پر مقابلہ ٹائی ہوا ہے ۔پانچ کے نتائج ریٹرننگ افسروں کی جانب سے فراہم نہیں کئے گئے ۔ایک یونین کونسل میں لیبر کی واحد نشست پر ریٹرننگ افسرنے جیتنے اور ہارنے والے دونوں امیدواروں کو کامیاب قرار دیدیا۔بلدیہ عظمی لاہور کی 274یونین کونسلوں کی1370مخصوص نشستوں میں سے 1303نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کی مرتب ہونیوالی پارٹی پوزیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کے کونسلرز کی تعداد1101ہے ۔ 149آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی 44 نشستیں حاصل کر سکی۔ پیپلز پارٹی کے حصہ میں صرف 5کونسلرز کی نشستیں آئیں۔ جماعت اسلامی کو بھی یونین کونسل کی سطح پر 4نشستیں مل گئیں باقی کسی پارٹی کا کونسلر کامیاب نہ ہو سکا۔قبل ازیں بلدیہ عظمی لاہور کی45مخصوص نشستوں کی پارٹی پوزیشن جاری کی گئی تھی۔