لاہور ( نیوزایجنسیاں) پی سی بی چیئرمین شہریار خان کہتے ہیں ہم بھارت کیساتھ کھیلنے کو تیار ہیں۔ بی سی سی آئی کے انکار پر آئی سی سی کی زنجیر عدل ہلائیں گے۔ مصباح الحق کو مزید ایک برس کپتانی کرنے کا مشورہ بھی دے دیا۔شہریار خان کی چار ماہ بعد قذافی سٹیڈیم میں دھواں دار پریس کانفرنس کرتے میں پاک بھارت سیریز میں مودی سرکار کو بڑی رکاوٹ قرار دے دیا۔ شہریار خان نے کہا کہ بھارت سے غیر جانبدار مقام پر کھیلنے کو تیار ہیں۔ سیریز نہ ہونے پر نقصان کا ازالہ ملنا چاہئے ۔ چیئرمین کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کم ازکم ایک سال مزید ٹیم کی کپتانی کریں۔ سلیکٹرز کے کام میں کبھی مداخلت نہیں کی۔ شہریار خان کو پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں بہتری کی امید دکھائی نہیں دیتی۔ کہتے ہیں بھارتی بورڈ پاکستان یا متحدہ عرب امارات میں اپنی ٹیم نہیں بھجوانا چاہتا۔ چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ہاکی ٹیم کو ویزے نہ ملنے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی، کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہئے ، مصباح الحق کو کم از کم ایک سال مزید کپتانی کیلئے کہا ہے۔ ڈھاکہ میں کسی پاکستانی کھلاڑی کے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بگ گھری پر اسی وعدے پر دستخط کئے تھے کہ بھارت 8 سال میں سیریز کھیلے گا لیکن 2 سال سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہو رہی، ہم یہ معاہدہ آئی سی سی میں لے کر جائیں گے کیونکہ بھارت کا اثر و رسوخ ہونے کے باوجود وہاں ہماری بھی تھوڑی بہت شنوائی ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی طرف سے بھارت کیساتھ کھیلنے کو تیار ہیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے اجازت نہیں مل رہی۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار خان نے کہا کہ مصباح الحق جب یہاں آئے تھے تو ان کے ساتھ بہت سے ایشوز پر بات ہوئی تھی اور انہیں کم از کم ایک سال کپتانی کا کہنا ہے کیونکہ ان کی موجودگی سے نئے لڑکوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جب بھارت کیساتھ خواتین کرکٹ ٹیموں کے میچوں کا معاملہ آئی سی سی میں اٹھایا تو بھی بھارتی بورڈ نے یہی موقف اپنایا کہ ان کی حکومت اجازت نہیں دے رہی جس پر آئی سی سی نے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا اور بھارتی عہدیداروں سے کہا کہ وہ حکومت سے اجازت کیلئے لکھا گیا خط اور بھارتی حکومت کا جوابی خط بھی دیں اور یہ بھی بتائیں کہ کن بنیادوں پر انکار کیا گیا ہے اور اس کیساتھ ہی ہمیں 6 پوائنٹس بھی دیدئیے گئے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ ڈھاکہ میں مداحوں کا کھلاڑیوں کے کمروں میں چلے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے البتہ پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ڈسپلن توڑنے کی اطلاع نہیں ملی۔ ابھی یہ معاملہ چل رہا ہے دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔