تازہ تر ین

چوہدری نثار کی ذات کی بجائے کام پر بات کریں۔۔۔

کراچی(اے این این)اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیرداخلہ پر پیپلزپارٹی کی تنقیدکومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ چوہدری نثار وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام کررہے ہیں ان کی ذات پربات کرنے کے بجائے ان کے کام پربات کی جائے،کراچی آپریشن سندھ حکومت کی ایما ءپرشروع کیا گیا اور اسے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے ، تمام صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں ،مردم شماری موجودہ دور حکومت میں ہی ہوگی،براڈ کاسٹ انڈسڑی کو ترقی دینے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ، سنسر شپ پالیسی میں درپیش مسائل کے حوالے سے انڈسٹر ی کی سفارشات پر اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔وہ ہفتہ کویہاں ایک مقامی ہوٹل میں انٹر ٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن کانفرنس فوکس پی کے 2016 کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی تھیں۔انٹر ٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن کانفرنس سے خطاب میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ اس کانفرنس کے ذریعے حکومت اور انٹر ٹینمنٹ کے درمیان موجود خلا دور کرنے میں مدد ملے گی ، حکومت ملک میں فلمی صنعت کی بحالی کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی ،سنسر شپ پالیسی میں درپیش مسائل کے حوالے سے انڈسٹر ی کی سفارشات پر اٹھارویں ترمیم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان کو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس ضمن میں شوبز کی تجربہ کار شخصیات سے تجاویز مانگ لیں۔انہوں نے فن کاروں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزارت اطلاعات حکومت اور تفریح کی صنعت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن منعقد کیا جارہا ہے جس میں آرٹسٹ فنڈز کا اعلان کیا جائے گا ۔ بعدازاں مریم اورنگ زیب نے مزار قائد پر حاضری دی ،مزارپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مردم شماری کی ضرورت ہے اوراسی دور حکومت میں مردم شماری ہوگی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے چوہدری نثارکے خلاف بیانات پر کہا کہ بلاول نے ابھی سیاست میں قدم رکھا ہے، چودھری نثار نے غیر سیاسی ہوکر سیکورٹی کےلئے کام کیا اوروہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق کام کررہے ہیں ، وزیرداخلہ کی ذات پربات کرنے کے بجائے ان کے کام پربات کریں، انہوں نے ملک کو پہلی بار نیشنل سیکیورٹی پالیسی دی، وزیرداخلہ چوہدری نثارکے اقدامات کی ہرسطح پر حمایت ہونی چاہیے کیونکہ تمام صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔ کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے کہا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کی ایما پرشروع کیا گیا اور اسے تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن پرعمل درآمد ہورہا ہے، اس میں تمام صوبوں کو برابر نمائندگی پر اختیارات دیے جارہے ہیں، بہترہوگا کہ آئینی اداروں پر سوال نہ اٹھائے جائیں۔ وزیرمملکت نے دسمبرکا ایک ہفتہ قائد اعظم کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کے دوران تعلیمی اداروں اور پبلک سیکٹر میں قائداعظم کی شخصیت سے متعلق پروگرام منعقد کئے جائیں گے، پاکستانی قوم کواتحاد کی ضرورت ہے، اگرہم قائد کے نصب العین پرعمل کریں توجو حاصل کرنا چاہتے ہیں کر سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے چین کی جانب سے مزار قائد کے لیے فانوس کا تحفے کو پاک چین دوستی کاسنگ میل قرار دیا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain