اسلام آباد(ویب ڈیسک)ذرائع کے مطابق پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آمی چیف تعیناتی کے بعد سینئر تین جنرلز لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم، لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ اور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے سے کہا گیا تھا کہ وہ نئی تقرریوں تک کام جاری رکھیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے 7 میجر جنرل کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کے بعد مذکورہ تینوں جنرل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔پاک فوج کو ممکنہ طور پر خیرباد کہنے والے لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم کور کمانڈر ملتان جب کہ لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے کور کمانڈر بہاولپور اور لیفٹیننٹ جنرل نجیب اللہ ڈی جی جوائنٹ اسٹاف سروسز ہیڈ کوارٹر کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سینیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر تھے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم دوسرے اور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے تیسرے سینئر ترین افسر تھے اور پاک فوج کی روایات کے مطابق اگر جونیئر افسر بڑے عہدے پر تعینات ہوتو سینئر سپرسیڈ ہوجاتا ہے تاہم یہ فوج کا قانون نہیں۔