کولکتہ ( نیو ز ا یجنسیا ں ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پروفیشنل مصروفیات کے باعث آئندہ سال ہونے والی انڈین پریمئیرلیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی کوچنگ سے معذرت کرلی۔ای ایس پی این کی رپورٹ کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ وسیم اکرم نے مصروفیات اور وقت کی کمی کے پیش نظر کوچنگ سے معذرت کی۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے سی ای او اور مینیجنگ ڈائریکٹر وینکے میسوری کا کہنا تھا، ‘ہم وسیم بھائی کو بہت مِس کریں گے، جو کے کے آر سے گزشتہ کئی سالوں سے منسلک رہے اور ان کے دور میں ٹیم نے 2012 اور 2014 کا ٹائٹل جیتا’۔وینکے نے وسیم اکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔جس کے جواب میں وسیم اکرم نے ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کے کھلاڑیوں سے محبت ہے اور میں نے اس کی کوچنگ کے دوران ہر موقع کو انجوائے کیا۔، میں بھی ٹیم کو مِس کروں گا لیکن میری خواہش ہے کہ وہ اپنی کامیابیاں جاری رکھے’۔وسیم اکرم نے 2010 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچنگ اسٹاف میں شمولیت اختیار کی تھی، تاہم انھوں نے 2013 میں خاندانی مصروفیات کی بناءپر آئی پی ایل سے وقفہ لیا تھا۔اس سے قبل سری لنکا کے کرکٹ چیف تھیلانا سوماتھی پالا کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان کے سوئنگ سلطان کو اگلے 2 سال کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے دعوت دی ہے۔سوماتھی پالا کا کہنا تھا، ‘ہم نے وسیم اکرم کو اگلے 2 برس کے لیے باو¿لنگ کنسلٹنٹ کے طور پر مدعو کیا ہے’۔وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کے مینٹر کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، آئی پی ایل کا اگلا سیزن فوری 2017 سے شروع ہوگا۔