لاہور(ویب ڈیسک )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کسی معاہدہ یا بارگین کی بنیاد پر باہر نہیں گئے ہیں جو کسی شرط کے پابند ہوں،حکومت آصف زرداری کی وطن واپسی پرکوئی سیاسی غلطی نہ کرے، ایسی کوئی بھی گڑبڑ ناقابل معافی غلطی ثابت ہوگی۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ میری (ن) لیگ کی حکومت کو نصیحت ہے کہ 23دسمبر کو کوئی گڑبڑ یا سیاسی غلطی نہ کی جائے، ہم آصف علی زرداری کی پرسکون واپسی چاہتے ہیں جس سے کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے ، کسی قسم کی گڑبڑ ناقابل معافی غلطی ثابت ہوگی۔رحمان ملک کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری بیماری کی وجہ سے باہر تھے اب بہتر محسوس کیا تو گھر واپس آرہے ہیں، جبکہ وہ کسی معاہدہ یا بارگین کی بنیاد پر باہر نہیں گئے ہیں جو کسی شرط کے پابند ہوں۔ پاکستان اپنا ملک ہے جب کوئی چاہے واپس آئے۔انہوںنے کہا کہ کچھ وفاقی وزرا ءکو آصف علی زرداری کے واپسی سے تکلیف ہو رہی ہے،ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم نے نواز شریف کی وطن واپسی میں مدد کی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما پیپیرز میں میرا نہ ہی شہید بینظیر بھٹو کانام ہے،میرا نام ثابت ہوا تو سیاست کو خیرباد کہہ دوں گا۔