نیویارک (خصوصی رپورٹ) اگر آپ ایک ایسی نوکری کی تلاش میں ہیں جس میں آپ کو دنیا گھومنے کا موقع ملے‘ کوئی کام نہ کرنا ہو اور تنخواہ لاکھوں میں ہو تو جلدی سے درخواست دے ڈالئے‘ یہ نوکری آپ کیلئے ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی رائل کیریبین انٹرنیشنل کوایک ”پروفیشنل چھٹیاں منانے والا شخص“ چاہئے جس کیلئے انہوں نے لوگوں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ منتخب ہونے والے شخص کو کمپنی گرمیوں میں انٹرن شپ پر تین ہفتے کیلئے مختلف بحری جہازوں پر مختلف ممالک کے سفر پر بھیجے گی۔ اس دوران روزانہ مختلف مناظر کی تین تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرنی ہوں گی۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی اس نوکری کیلئے منتخب ہونے والے شخص کو سالانہ 52ہزار پاﺅنڈ کے تناسب سے تنخواہ دے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران جب بھی جہاز کسی ساحل سمندر پر رکے گا اس شخص کو وہاں مختلف مناظر کی تصاویر بنا کر روزانہ 3تصویریں انسٹاگرام پر پوسٹ کرنی ہوں گی۔ ہمیں کسی ایشے شخص کی تلاش ہے جو اس سفر کی یادیں بہترین انداز میں محفوظ کرسکے۔